وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے درمیان مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی میں مزید کمی، شرح سود گھٹانے اور سرکاری عہدیداروں کے لیے 1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی سمیت اہم معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے ہیں اور عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی 80 روپے سے کم ہو کر 63 روپے پر آگئی ہے، تاہم جماعت اسلامی نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ یہ کمی کافی نہیں اور عوام کو مزید ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ طے پایا ہے کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرولیم لیوی میں مزید کمی کے لیے عملی منصوبہ بندی مکمل کرلی جائے گی۔ حکومت شرح سود میں بھی کمی کرے گی اور مذاکرات میں طے پانے والے معاملات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے یہ بھی طے ہوا ہے کہ حکومتی عہدیدار 1600 سی سی سے زیادہ کی گاڑیاں استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران طبقے کو مفت بجلی اور مفت پیٹرول کی سہولتیں دینے کے معاملے پر بھی نظرثانی کی جائے۔
عوامی ریلیف کے دائرہ کار میں توسیع کا مطالبہ
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت کے مسلسل احتجاج اور مذاکرات کے نتیجے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج میں اب تک 2 کروڑ افراد شامل ہوچکے ہیں اور انہیں ریلیف ملنا شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ ریلیف پیکیج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفید ہوسکیں۔ جماعت اسلامی اپنے بنیادی مؤقف اور عوامی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی، ہماری جدوجہد کا اصول ہے کہ عوام کے لیے ایک ریلیف حاصل کرنے کے بعد مزید ریلیف کے لیے کوشش جاری رکھی جائے۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق جماعت اسلامی کے وفد نے وزیراعظم کے سامنے گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس سنگین مسئلے کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔
29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرے گی، جس میں جماعت کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جلسے کے ذریعے پنجاب کی سیاست میں تبدیلی لانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی عوامی حقوق کی جدوجہد میں ساتھ دینے کی دعوت دی۔
ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ صوبے میں آئینی اور جمہوری عمل کی بحالی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی گزشتہ کئی ماہ سے مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے متعدد دور ہوچکے ہیں، جن میں عوام کو ریلیف دینے کے مختلف معاملات زیر بحث آئے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے حالیہ ملاقات بھی اسی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے۔









