فاطمہ پے مین

آسٹریلوی پارلیمنٹ میں دلچسپ منظر، 6 ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھائے سینیٹر کی تقریر، ویڈیو وائرل

·

آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں ایک منفرد اور خوشگوار منظر دیکھنے میں آیا جہاں سینیٹر فاطمہ پے مین اپنی 6 ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھائے ایوان میں تقریر کرتی رہیں۔ اس غیر معمولی منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

25 نومبر کو آسٹریلوی سینیٹ کے اجلاس کے دوران فاطمہ پے مین اپنی بیٹی عالیہ کو ساتھ لے کر ایوان میں پہنچیں۔ ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر سے متعلق قانون سازی پر بحث کے دوران انہوں نے بیٹی کو گود میں اٹھائے رکھا اور اپنی تقریر بھی جاری رکھی۔

اس دوران ایوان کا ماحول بھی خوشگوار ہوگیا۔ دیگر سینیٹرز ننھی عالیہ کو دیکھ کر مسکراتے رہے جبکہ فاطمہ پے مین کے پیچھے بیٹھی آزاد سینیٹر لیڈیا تھورپ نے بھی بچی کے ساتھ کھیلنا شروع کردیا۔ دلچسپ منظر یہ تھا کہ فاطمہ پے مین ان سرگرمیوں کے باوجود اپنا خطاب جاری رکھے ہوئے تھیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب فاطمہ پے مین اپنی بیٹی کو پارلیمنٹ لے کر آئی ہوں۔ اس سے قبل 8 ستمبر 2026 کو بھی وہ سینیٹ کے اجلاس میں اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے شریک ہوئی تھیں۔

فاطمہ پے مین نے آسٹریلوی پارلیمانی تاریخ میں بھی ایک منفرد اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ وہ مغربی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی پہلی سینیٹر ہیں جنہوں نے اپنے عہدے پر فائز رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔ اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا کی پہلی حجاب پہننے والی وفاقی رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔

فاطمہ پے مین مختلف مواقع پر پارلیمنٹ میں زچگی، بچے کی پیدائش کے بعد صحت یابی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی جانب واپسی جیسے موضوعات پر بھی اظہار خیال کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماں بننے کا تجربہ خوشی کے ساتھ کئی مشکلات بھی لے کر آتا ہے اور خواتین کو گھریلو و پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں