لڑکی نے ایک گوبھی سے 275 افراد کی بھوک مٹائی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سمرولا کی دس سالہ بچی کیٹی سٹیگلیانو کا خواب اس امر کو یقینی بناناہے کہ بچے بھوکے نہ سوئیں۔سن2008ء میں نو سالہ کیٹی سٹیگلیانو جب سکول سے واپس آئی تو اس کے پاس بند گوبھی کا بیج تھا۔ یہ Bonnie Plants Third Grade Cabbage Program کے تحت اسے ملے تھے۔ اس نے یہ بیج اپنے گھریلو باغیچہ میں بودیا۔ جب اس کے پودے نے زمین سے پہلی بار سر نکالا تو کیٹی مارے خوشی کے چیخ رہی تھی۔پودا بڑا ہوا، اس پر لگنے والی گوبھی 40پونڈ تک وزنی ہوگئی۔
کیٹی کو معلوم تھا کہ اس گوبھی سے کچھ انسانوں کی بھوک مٹائی جاسکتی ہے۔ چنانچہ اس نے اور اس کی امی نے رشتہ داروں اور دوستوں سے استفسار کیاکہ اسے کن لوگوں کو مہیا کرناچاہئے۔ پھر کیٹی نے یہ بند گوبھی ایک ’’سوپ کچن‘‘ کو دے دی۔ یادرہے کہ ’سوپ کچن‘ سوپ کی ایسی دکان کو کہتے ہیں کہ جہاں غریب اور مستحق افراد کو مفت یا پھر نہایت کم قیمت پر سوپ فراہم کیاجاتاہے۔ جس سوپ میں کیٹی کی فراہم کردہ بندگوبھی شامل ہوئی، اسے275افراد نے پیا تھا۔ جب اسے یہ بات چلی کہ اس کی بند گوبھی اس قدر زیادہ لوگوں کے حصے میں آئی تو اس آئیڈیا نے اسے پرجوش کردیا۔ اس نے یہ بھی دیکھا کہ بہت سے لوگ ’’سوپ کچنز‘‘کو عطیات بھی فراہم کرتے ہیں اور خوراک کاسامان بھی ۔ ایسے میں کیٹی کو ایک نیا خیال سوجھاکہ وہ سبزیوں کے ایسے کھیت تیار کرے گی جہاں اگنے والی سبزیاں مستحق لوگوں کو دی جائیں گی۔ آج کیٹی کے بے شمار کھیت ہیں جنھیںKatie`s Kropsکا نام دیاگیاہے اور یہاں اگنے والی ہزاروں پونڈ تازہ سبزیاں ضرورت مند لوگوں کو فراہم کی جاتی ہیں۔
کیٹی اب 12سال کی ہے اور ایک سکول میں پڑھ رہی ہے۔ اس کے اس پراجیکٹ میں بہت سے دیگرلوگ بھی تعاون کر رہے ہیں۔ اسے بخوبی ادراک ہے کہ چندبیج بونے، انھیں پانی دینے اور ان کی معمولی سی نگہداشت کرنے سے معاشرے میں ایک بڑی تبدیلی پیداکی جاسکتی ہے۔ کیٹی نے اپنے پراجیکٹ کو آگے بڑھانے کے لئے ٹی شرٹ کی ڈیزائننگ کے ایک مقابلے میں حصہ لیا۔یہ مقابلہ بچوں کے درمیان ہی تھا اور انھیں بچوں کی ٹی شرٹس کے ڈیزائن ہی تیارکرناتھے۔اس مقابلے کا اہتمام ایک غیرمنافع بخش تنظیم نے کرایاتھا جو بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرناچاہتی تھی۔ جب کیتھی نے ایک بڑا خواب آنکھوں میں سجائے ٹی شرٹ ڈیزائن کی تو اس کا ڈیزائن بہترین قرارپایا یوں وہ یہ مقابلہ جیت گئی۔اسے یہاں سے جو انعامی رقم وصول ہوئی، وہ بھی خواب پورا کرنے کے لئے استعمال کی گئی۔ اس کے بعد اس نے اس ڈیزائن والی ٹی شرٹس فروخت کرنے کا منصوبہ بھی بنایا۔اب یہ ایک ایسا کاروبار بن گیا ہے جس کی آمدن کا دس فیصد ’’ نوہنگری چلڈرن‘‘(کیٹی کا ایک پراجیکٹ) کو جاتاہے۔ کیٹی کا کہناہے کہ ایک چھوٹے سے بیج میں بھی اس قدر طاقت ہوتی ہے کہ وہ ایک بڑا مقصد پورا کرسکتاہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں