اللہ کی مدد بے یارومددگار مسلمانوں کیلئے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عبیداللہ عابد۔۔۔۔۔۔
دنیابھر کے مسلمان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور وہاں کے ان سب لوگوں کے شکر گزار ہیں جنھوں نے دکھ کی گھڑی میں مسلمانوں کی دل جوئی کے لئے ، ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے ہر ممکن تدبیر کی۔

ممتازکالم نگار اور دانشور سلیم صافی نے درست کہا:
"ان کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ نائن الیون کے آگے پیچھے سیموئل ہٹنگٹن، القاعدہ، داعش، صدر بش اور ڈونلڈ ٹرمپ جیسے لوگوں نے مذہبی اور نسلی بنیادوں پر نفرت، تشدد اور تقسیم کے جس بیانیے کو رائج کیا تھا، اس کے جواب میں عمل کی صورت میں یہ خاتون پہلی مرتبہ ایک جوابی بیانیہ لے آئی ہیں”۔

"ایک ایسا بیانیہ جو محبت، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کی سوچ پر مبنی ہے۔ گویا ان لوگوں نے اگر منفی انداز میں تاریخ کے دھارے کو بدلا تو اس چھوٹے سے ملک کی نوجوان اور خاتون وزیراعظم نے اسے مثبت جانب بدلنے کی بنیاد رکھ دی۔”

اس بیانیے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کو دنیا بھر کے ان غیرمسلموں کے ہاتھوں میں ہاتھ مستقل ڈالے رکھنے چاہئیں جنھوں نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے موقع پر مسلمانوں کے دکھ میں آنسو بہائے، ان کی دل جوئی کے لئے سامان کیا، ان کے لئے اپنا طرزلباس تبدیل کیا، ان کے لئے انسانی زنجیریں بنائیں، ان کی حفاظت کے لئے کھڑے ہوئے، ان کے لئے اخبارات کے پہلے صفحات پورے کے پورے خالی چھوڑ دیے، ان سب کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرلینا چاہئے۔ یہ اللہ کی مدد ہے ان مسلمانوں کے لئے جو گزشتہ ایک صدی سے بے یارومددگار زندگی بسر کررہے ہیں۔

اس مرحلے کے بعد ان غیرمسلموں کو قرآن مجید کے تراجم اور دیگر اسلامی لٹریچر تحفےمیں دیاجائے، ان سے کہا جائے کہ ان کا مطالعہ کرکے بتائیں بھلا کیا اسلام دہشت گردی کی تعلیم دیتا ہے، ان پر مسلمانوں کی مظلومیت ثابت کی جائے۔ اس انداز میں دنیا بھر کے مسلمان ایک بڑی کامیابی حاصل کریں گے۔ انشااللہ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں