Everyone Needs to Have groceries

30 بنیادی صلاحیتیں‌ جن سے ہرفرد کو ہرصورت مالامال ہوناچاہئے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

مدیحہ مدثر۔۔۔۔۔۔۔
یقیناً ہرانسان تمام صلاحیتوں سے مالامال نہیں ہوتا، وہ اپنا گھراکیلے ہی تعمیر کرلے، پلمبر بھی خود ہی بن جائے، ریفریجریٹر اور واشنگ مشین خراب ہوجائے تو خود ہی ٹھیک کرلے، اسی طرح دیگرمسائل زندگی سے تن تنہا نمٹ لے، ایسا ممکن نہیں ہوتا۔ اسے بہرحال بہت سے مسائل حل کرانے کے لئے دیگرہنرمندوں کی خدمات لینا پڑتی ہیں۔ تاہم بعض صلاحیتیں ایسی ہیں جو ہرفرد کے اندر ہونی چاہئیں۔ وہ کون سی ہیں؟ آئیے! ذیل میں ان کا مطالعہ کرتے ہیں:

1۔متوازن بجٹ بنانا
گھریلو سطح پر بجٹ بنانے کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،آپ جب خود حساب کتاب لکھتے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آمدن کتنی آرہی ہے اور خرچ کا تناسب کیا ہے۔یہ حساب کتاب رکھنے کے لئے آپ بیلنس شیٹ خود بھی بناسکتے ہیں یاپھر کوئی ایپلیکیشن اس غرض سے استعمال کرسکتے ہیں۔ بہرحال جو بھی کریں،آپ نے بجٹ بنا کر آمد و رسد کا حساب ضرور رکھنا ہے۔

2۔انکار کیجیے
ایک چھوٹی سی”ناں“ کہنے کا معاملہ بعض اوقات ہمارے لیے بہت مشکل بن جاتا ہے۔ جھوٹ کی آمیزش اور بہانوں کے بغیر، وقار اور مضبوط لہجے سے انکار کرنا ایک نازک مہارت ہے۔ اگر آپ مقابل کو کسی بات پر فوراً انکار نہیں کرسکتے اور بے ساختہ مثبت عندیہ دے دیتے ہیں تو پہلے مرحلے پر فوراً ہامی بھرنے کے بجائے کم از کم یہ کہنا سیکھ لیں:”اچھا میں آپ کو سوچ کر بتائوں گی“۔ ایسا کرنے سے آپ کو اپنی مصروفیات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا، آپ تسلی سے سوچ سکیں گے کہ آپ مقابل کا کام اس کی ملتجی نگاہوں کے دبائو کے بغیر آسانی سے کر سکتے ہیں یا نہیں۔ یاد رہے کہ جب آپ ہر بات پہ ”ہاں“ کہنا شروع کردیں گے تو آپ کے بہت سے دیگر کام رہ جائیں گے۔

3۔انڈہ ابالنا بھی سیکھ لیں
بہترین پروٹین کے حصول کے لیے انڈہ سب سے سستا ذریعہ ہے،جب آپ اسے ابال لیتے ہیں تو بہ آسانی اسے کہیں بھی لے جاسکتے ہیں لیکن عمدہ اندازمیں انڈہ ابالنا بھی ایک ہنر ہے۔ بہت کم وقت کے لیے ابالیں گے تو زردی اور سفیدی کا عجب ملغوبہ آپ کو کھانا پڑے گا، زیادہ دیر ابالیں گے تو ایک سخت سی گیند آپ کے ہاتھ میں آئے گی جسے دانت گاڑتے وقت آپ کو مزہ نہیں آئے گا۔

4۔تنقید قبول کیجیے
آپ نے کچھ غلط کیا؟مبارکباد قبول کیجیے کہ آپ انسان ہیں۔ غلطیاں انسانوں ہی سے ہوتی ہیں۔ تاہم بد قسمتی سے ہم اپنی غلطیوں کو اپنی ناکامی پر محمول کرتے ہیں اور پھر ان کا ذکر ہمیں تکلیف دیتا ہے۔ جب دوسروں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ہمارے اندر کے منفی جذبات باہر نکلتے ہیں لیکن آپ تنقید کو مثبت نظر سے دیکھیں تو آپ کی اصلاح کے بہت سے پہلو آپ کو نظر آئیں گے، یوں ضروری تنقید کو سہنا آسان ہو جائے گا۔

5۔بٹن ٹانکیے
کئی برسوںسے کپڑوں کے معیار میں نمایاں کمی آرہی ہے، نتیجتاًسلائی کا ہنر بھی پیچھے جارہاہے۔ ایک ٹوٹا ہوا بٹن،ایک لٹکتی ہوئی پھٹی ہوئی قمیض،یا سویٹر میں ایک سوراخ یہ سب اب ناگزیر ہیں۔ آپ سے یہ چیز برداشت نہیں ہوتی، یوں آپ کے سر پرنئی چیز خریدنے کا بھوت مسلسل سوار رہتا ہے یا پھر آپ ان خامیوں کو چھپانے کے لیے سیفٹی پنز کا استعمال کرتے ہیں، ظاہر ہے کہ وہ بھی خوش نما نہیں لگتیں لہذا آپ سلائی کا ہنر ضرور سیکھیے، ٹوٹے ہوئے بٹن خود لگائیے۔ یقین کیجیے کہ ایسا کرنے سے آپ الجھنوں سے بچ جائیں گے۔

6۔نتائج کو سمجھیے
آپ صبح سویرے نہیں اٹھ پاتے کہ پارٹی کا بروقت انتظام کرسکیں؟ ضرورت سے زائد کھاتے ہیں لیکن موٹے نہیں ہوتے؟ہر جمعہ چھٹی کرتے ہیں لیکن پھر بھی سوموار کو نوکری کرنا پڑتی ہے؟ تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہیں لیکن چالان نہیں ہوتا؟
جناب! نظام زندگی اس طرح نہیں چلتا۔حقیقت تو یہ ہے کہ ہم جب کوئی کام کرنے کا ارادہ کرتے ہیں تو اس کے نتائج سے بھی آگاہ ہوتے ہیں۔ ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ متوقع نتائج کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

7۔ٹائر بدلیے
انشورنس کمپنیاں یا سڑک کنارے موجود مدد کو آنے والی ٹیمیں بلاشبہ خدائی انعام ہوتی ہیں لیکن سوچئے کہ پہاڑی رستے پر کسی بھی قصبے سے دو گھنٹے کی مسافت پر آپ کی گاڑی کا ٹائر ناکارہ ہو جائے تو پھرکیاہوگا؟ ایسے ایک تجربہ سے سبق سیکھئے کہ آپ کو ٹائر بدلنے کا طریقہ آنا چاہیے لہذا ٹائر بدلنا سیکھیے کیونکہ پہاڑی راستوں یا طویل مسافت پر آپ کو اس کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

8۔روبرو گفتگو
کسی شخص سے بات کرتے ہوئے مقابل کی آنکھوں میں دیکھنا بہت پرانا انسانی رویہ ہے لیکن اب فیس ٹائم،پیغامات،اور ای میلز کی بدولت یہ مضبوط ذریعہ گفتگو معدوم ہوتا جا رہا ہے۔گفتگو میں آپ کی دلچسپی اور پختگی اس وقت تک احسن طریقے سے ظاہر نہیں ہوسکتی جب تک آپ مقابل سے براہ راست گفتگو نہیں کرتے۔ یاد رکھیں! دوران گفتگو آپ کا سننے کا تناسب بولنے کی نسبت زیادہ ہونا چاہیے۔

9۔ڈائپر بدلنا
بہت سے لوگ چھوٹے بچوں کو اکیلے نہیں سنبھال سکتے، شاید وہ بچوں کو بہت نازک سمجھتے ہیں، تاہم نوزائیدہ بچے اتنے نازک بھی نہیں ہوتے جیسے وہ دکھائی دیتے ہیں۔ بس! آپ کو کچھ بنیادی باتیں سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے بشمول ڈائپر تبدیل کرنا۔ یہ کام آپ کو بچوں کا بہتریں نگران بنا سکتا ہے۔ بھلے! آپ کے بچے نہ ہوں تاہم ڈائپر تبدیل کرنے کا فن آپ کوفائدہ دے گا۔

10۔اپنا اوون استعمال کیجیے
جدید سہولتوں میں اوون سب سے بہترین سہولت ہے جو ہمیں میسر ہے لیکن ہم میں سے بہت سے لوگ اس کے بغیر ہی گزارہ کرتے ہیں۔ کھانا آپ کےانتظار میں پڑے ہوئے ٹھنڈا ہوجاتا ہے تو اس کا بہترین حل ہے کہ آپ اوون استعمال کریں۔ بظاہر اوون اپنے تمام بٹنز ،نابز اور ٹائمر کے سبب کافی خوفناک چیز لگتا ہے، جب آپ ایک بار اس کا استعمال سیکھ لیں گے تو وہ آپ کو بہت آسان چیز لگے گی۔

11۔آن لائن بل ادا کیجیے
اپنے بل خود ادا کرنا ظاہر کرتا ہے کہ آپ بڑے ہوچکے ہیں، تاہم یہ اتنا آسان نہیں، جیسے کسی کو ہاتھ میں رقم تھما دینا۔آپ کو بل پڑھ کر تصدیق کرنا ہوتی ہے کہ بل ٹھیک ہے یا نہیں،پھر آپ کو اپنے بنک میں موجود رقم کا جائزہ لینا ہوتا ہے کہ بل کی ادائیگی کے لیے رقم پوری ہے یا نہیں، یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ بل وقت پہ ادا ہو رہا ہے یا نہیں،ادائیگی کا صحیح طریقہ استعمال کیا ہے اور پھر یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ بل ادا ہو چکا اور متعلقہ اکاﺅنٹ میں پہنچ گیا ہے۔

12۔کپڑے دھوئیے
تازہ دھلے ہوئے کپڑوں کی خوشبو یا پھر دھلا ہوا زیر جامہ یاپھر صاف ستھری جرابیں کسے بُری لگ سکتی ہیں؟یہ سیکھنا ازحد ضروری ہے کہ آپ واشنگ مشین کو بہترین طریقے سے استعمال کرتے ہیں ، یہ سیکھنا بھی ضروری ہے کہ روزمرہ دھلائی میں مستعمل ڈٹرجنٹ کو کیسے کم مقدار میں ڈال کر زیادہ دھلائی کی جاسکتی ہے۔

13۔ ذمہ داریوں کا احساس
ہر فرد کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آتا ہے، جب کوئی ایسا فرد میسر نہیں ہوتا جو اسے بتائے کہ اس وقت تمہیں کب اور کہاں ہونا چاہیے۔یہ لمحات فرد کی زندگی میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، اس وقت اُسے اندازہ ہوتا ہے کہ اب سب کام اس کی اپنی ذمہ داری بن گئے ہیں،اسے خود نوکری پر جانا ہے اور خود ہی محنت کرنی ہے،اور ضرورت سے زیادہ محنت پر خود کو روکنا بھی خود ہی ہے،اور پھر کام مکمل بھی کرنا ہے۔

14۔کرائے کے معاہدوں کو سمجھنا
آپ کے والدین آپ سے کرایہ نہیں لیتے تھے لیکن ان کے بعد آپ جب کسی کے ساتھ رہیں گے تو آپ کو کاغذی کارروائی کی ضرورت پیش آئے گی لہذا کرائے کے اصول و قوانین کو سمجھیے، کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کی لاعلمی آپ کو کسی قانونی مشکل میں گرفتار کرا دے لہذا کسی بھی معاہدے پہ دستخط کرنے سے پہلے اس کی تمام شرائط پڑھ لیجیے اور سوچ سمجھ کر دستخط کیجیے۔

15۔ہمدردی ظاہر کیجیے
پرانی کہاوت ہے کہ کسی کو جاننا چاہتے ہو تو اس کے جوتے پہن کر ایک میل چلو یعنیاس کے حالات و واقعات اور اسے زندگی میں در پیش چیلنجزکوجاننا۔ حقیقی زندگی میں ہم مقابل کے جوتے پہن کر ہمدردی نہیں دکھا سکتے بلکہ ہمیں ہمدردی ظاہر کرنے کے لیے ہمیں بہترین سامع بننا ہوتا ہے جو سامنے والے کا دکھ سن کر اسے بغیرکسی تحقیر اور تکبر کے پھر سے ہمت دلا سکے۔

16۔ایک منصوبہ کی تکمیل
نیا منصوبہ شروع کرنا دلچسپ اور پُر لطف عمل ہے لیکن اسے تکمیل تک پہنچانا مشکل عمل ۔آغاز سے انجام تک کسی کام کو مستقل مزاجی سے لے کر چلنا، چاہے وہ کام سکول کا ہو یاکالج یا پھر آفس کا۔ مستقل مزاجی ہی اسے کامیابی سے ہم کنار کرتی ہے۔

17۔تعلیمی کوائف کا جائزہ لیجیے
آپ کی نوکری کی نوعیت سب ظاہرکردیتی ہے کہ آپ کہاں رہتے ہیں،کیا کھاتے ہیں اور کس حد تک خوش ہیں لہذا اچھی نوکری تلاش کیجیے۔ من پسند نوکری حاصل کرتے ہوئے اپنی تعلیمی اسناد یا دیگر کوائف کو بہترین طریقے سے تیار کریں اور ان میں موجود سقم شروع ہی میں دور کردیں تاکہ آپ کو اچھی نوکری مل سکے۔

18۔غذائی اشیاءکی خریداری
کسی سٹور میں بغیر فہرست بنائے داخل ہونے کا مطلب ہے کہ آپ تیزی سے اپنے بجٹ کا کباڑا کرنے لگے ہیں اور ساتھ میں اپنی صحت کا بھی کیونکہ آپ ڈھیرساری مزیدار اور غیر صحت مند چیزیں خرید لیں گے لیکن دودھ خریدنے کے لئے پیسے نہیں بچیں گے۔

چنانچہ ضروری ہے کہ آپ خریداری سے پہلے منظم اندازمیں ایک فہرست بنائیے، یوں آپ بہتر طریقے سے خریداری کرسکیں گے، وقت اور پیسے کی بچت آپ کو ذہنی کوفتوں سے نجات دلائے گی۔اس عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے آپ فہرست اس اندازمیں بنائیں کہ روزانہ اس میں ضرورت کی کوئی چیز شامل کرتے جائیں اور پھر ہفتے کے آخر میں سہولت سے خریداری کیجیے۔

کچھ خریدار فہرست بناتے وقت اس چیز کو مدنظر رکھتے ہیں کہ تمام اشیاء کو ان کی اقسام کے حساب سے لکھا جائے مثلًا تمام دودھ سے متعلقہ اشیاءایک خانے میں،فروزن اشیاءالگ خانے میں،مصالحہ جات کے لیے الگ خانہ۔ایسا کرنے سے آپ کو پورے سٹور میں بے ترتیب گھومنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی بلکہ آپ اپنی فہرست میں ترتیب وار درج اشیاءکو بہ آسانی خرید لیں گے۔

19۔کھانا پکائیے
اسپیگیٹی،چکن اور چاول۔آہا !مزیدار کھانا،فروزن پیزا،ارے نہیں بھئی معذرت،کھانے کی کوئی ترکیب منتخب کرنا پھر اس ڈِش کے اجزاء خرید کر، انھیں حفظان صحت کے اصولوں کے تحت مہارت اور عمدگی سے پکاناایک بہترین ہنر ہے۔ کھانے سے محبت تو ہر کسی کو ہوتی ہے،ہاں! اس کے لیے آپ کو باورچی بننے کی ضرورت نہیں، نہ ہی بہت زیادہ اجزاءپر مشتمل کچھ بنانے کی ضرورت ہے لیکن اگر آپ کھانا بنانے کے فن سے آشنا ہو جائیں تو آپ کواندازہ ہوگا کہ یہ کتنا پُر لطف اور دلچسپ کام ہے۔

20۔کھانے کے آداب اپنائیے
کھانا منہ بند کر کے، چبا چبا کر کھائیے۔آپ کو علم ہونا چاہیے کہ کون سا چمچ کس ڈِش کے لیے ہے،ایک رومال اپنی گود میں رکھیے،اپنے ہاتھوں سے کھانا مت اٹھا ئیے،سُڑ سُڑ کر کے سوپ مت پیجیے،کھانے کی مختلف چیزیں اپنی پلیٹ میں رکھیں نہ کہ اٹھا اٹھا کر منہ میں ڈالیں۔

کھانے کے بہترین آداب اپناتے ہوئے اپنی والدین کو فخر کا موقع دیجیے، چاہے آپ گھر میں ہوں یا پڑوسیوں کے ٹیرس پر یا کسی دعوت میں،یا کسی فور سٹار ہوٹل میں ،کھانے کے ان آداب کو ہمیشہ مد نظر رکھیں ، جن کا بہت سے لوگ خیال نہیں رکھتے۔

21۔سوراخ کیجیے
گھر کی بنیادی مرمت جیسے ایک سوراخ کرنا،ایک تصویر کو برابر کرنا،بیت الخلا کی نالی میں پھنسی کسی رکاوٹ کو دور کرنا،بہتی ہوئی ٹونٹی کو ٹھیک کرنا،دیوار میں موجود چھوٹے گڑھوں کی مرمت کرنا، اسی طرح کے دیگر چھوٹے موٹے گھریلو کام خود کرنے سے آپ کی زندگی نہ صرف سہل ہو جائے گی بلکہ آپ کی محنت کی کمائی بھی بچے گی۔

22۔عمدہ کافی تیار کیجیے
آپ کو کافی کا ایک بہترین کپ بنانا سیکھ لینا چاہئے،چاہے آپ بہت زیادہ کافی پینے والے نہ ہوں لیکن اگر آپ یہ جانتے ہیں کہ دنیا کا مرغوب مشروب کس طرح تیار ہوتا ہے تو یہ عمل آپ کیلیے بہت مفید ثابت ہوگا۔ جب آپ آفس میں یا دوستوں یا خاندان کے افراد کے ساتھ ہوں گے تو آپ کو بہت مہنگے اور خوشنما کافی بلینڈر لینے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ آپ آسان اور کم خرچ طریقوں سے بھی بہترین کافی بنا سکتے ہیں۔

23۔گھریلو اور کاروباری زندگی میں خوشحالی کا راز
یقینًا آپ ہر کام خود سر انجام دے سکتے ہیں لیکن کیا آپ کو اتنا بوجھ خود پر لینا چاہیے؟یہ جاننا کہ آپ کے وقت کا بہترین مصرف کہاں ہوسکتا ہے اور کب آپ کو تفریح کے لیے باہر جانا چاہیے۔ یہی گھریلو اور کاروباری زندگی میں خوشحالی کا راز ہے۔

24۔غسل خانے کی بہترین صفائی
دانتوں کے وہ برش جو ناکارہ ہوچکے ہیں، ان کی مدد سے غسل خانے کے کونے کھدرے کی صفائی کر کے اسے چمکا دینا صفائی کا پہلا مرحلہ ہے۔اس کے بعد کائونٹرز پر گیلا کپڑا پھیر کر صاف کیجیے،فرش پر پوچا لگائیے،شیشہ صاف کرنے کے محلول سے شیشہ چمکائیے،پانی کے ٹب کو کھنگال کے رکھیے،تمام بے ترتیب برش اور ٹوتھ پیسٹ رکھنے کی جگہ صاف کیجیے۔ درحقیقت یہ جان لینا کہ صفائی کس طرح سے کرنی ہے آدھی کامیابی ہے،اور یہ جان لینا کہ غسل خانے کی صفائی کیوں اہمیت کی حامل ہے اور پھر روزانہ صفائی کرنا مکمل کامیابی ہے۔

25۔اپنی صحت کی انشورنس پالیسی کو سمجھیے
انشورنس کمپنیوں کے دعوے اور میڈیکل کے بل بہت پریشان کن ہوتے ہیں، جی چاہتاہے کہ قسم کھالی جائے کہ اب کبھی بیمار نہیں ہونا۔بہرحال آپ کو صحت کی حفاظت کی ضرورت پڑتی ہے، اپنی پالیسی کی طرف توجہ دینے اور اس کے مطابق چلنے سے آپ سینکڑوں، ہزاروں روپے کی بچت کرسکتے ہیں۔

26۔تبدیلی سے نمٹیے
تبدیلی ایک مستقل عمل ہےلیکن بہت سے لوگوں کی زندگی میں جب بڑی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں تو وہ زندگی کی بنیادیں ہلا دیتی ہیں۔ آپ کو تبدیلی سے گھبرانے کی نہیں بلکہ اس کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے،غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے مضبوط منصوبہ بندی آپ کو پریشانی سے بچا سکتی ہے۔

27۔بچت اکائونٹ کھولیے
رقم کی بچت کرنا ہی اصل فن ہے، یہ مقصد حاصل کرنے کیلیے آپ اپنا بچت اکاﺅنٹ کھول سکتے ہیں۔ مختلف اقسام کے بچت اکائونٹس دیکھیے، جو آپ کو اپنے لیے مناسب لگیں، انھیں منتخب کریں، ماہانہ کچھ رقم پس اندازکرکے وہاں جمع کرتے جائیں۔

28۔ہنگامی طبی امداد
کوئی گرجائے، آپ کے بچے کو کھانے کے دوران اچھو لگ جائے، پیدل چلتے ہوئے آپ کے ٹخنے میں موچ آ جائے تو فوری طور پرکیا کرناچاہئے؟ مصنوعی طریقے سے منہ سے منہ لگا کر سانس دینا اور بنیادی طبی امداد سیکھنا ایسی مہارتیں ہیں جنھیں شاید آپ ضروری نہیں سمجھتے ہیں۔اچانک حادثے کی صورت میں یہ طبی امداد کام آتی ہے۔آپ نہ صرف خود محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ کسی کی زندگی بھی بچا سکتے ہیں لہذا اپنی ان مہارتوں کو تازہ کیجیے یا انھیںکہیں سے سیکھیے۔

29۔اپنی خوشی کا انتخاب خود کیجئے
سیاستدانوں کی باتوں پہ رنجیدہ ہونا فطری امر ہے لیکن خود کو پُرسکون رکھنا اصل مہارت ہے۔دوسروں کو شک کا فائدہ دیجیے، چاہے وہ اس کے اہل ہوں یا نہ ہوں،ہر چیز کو اپنی ذات سے مت جوڑئیے،معاف کرنے والے بن جائیے،بحث سے گریز کیجیے،ایسا کرنے سے آپ کو اپنی خوشیوں پہ مکمل کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔ یہ اہم نہیں کہ آپ کیسے حالات کا سامنا کرتے ہیں بلکہ اہم یہ ہے کہ آپ کا رد عمل کیا ہوتا ہے۔

30۔شکرگزار بنیے
خلوص بھرے شکریہ سے زیادہ قابل تعریف کوئی عمل نہیں۔ لہذا ابھی سے اپنی فہرست بنائیے اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیجیے جو کسی بھی حوالے سے آپ کی زندگی میں مثبت تبدیلی یا ایک خوبصورت مسکراہٹ کا باعث بنے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں