ویسٹ انڈیز کے معاون کوچ مشتاق احمد اور کرس گیل خوشگوار موڈ میں

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 : ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کی شکست،مشتاق احمد وجہ بنے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ و سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کی حکمت عملی کامیاب رہی اور پاکستان کو ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد اس وقت ویسٹ انڈیز کے معاون کوچ ہیں۔

مشتاق احمد نے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولروں سے کہا تھا کہ وہ پاکستانی بیٹسمینوں پر شارٹ پچ گیندوں سے حملہ آور ہوں، یہی وجہ ہے کہ 140 اور 150کلو میٹر کی رفتار سے بولنگ کرنے والے فاسٹ بولروں نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کو بے بس کردیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد کو نوکری سے نکال دیا تھا لیکن اب انہی کے مشوروں سے ویسٹ انڈین بولروں نے پاکستانی بیٹنگ کی خامیوں کا پردہ چاک کیا۔

مشتاق احمد نے اعتراف کیا ہے کہ میری حکمت عملی کامیاب رہی ہے اور پاکستان ٹیم 105رنز پر آؤٹ ہوکر میچ سات وکٹ سے ہارگئی۔

ٹرینٹ برج میں میچ کے لیے نئی اور باؤنسی پچ استعمال کی گئی تھی۔

دوسری جانب شرم ناک شکست کے بعد جب پاکستان ٹیم ڈریسنگ روم میں آرہی تھی تو مشتعل تماشائی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تماشائی ذلت آمیز شکست کا اظہار کھلاڑیوں کو برا بھلا کہہ کر رہے ہیں جب کہ کھلاڑی شرمندگی اور ندامت میں ڈریسنگ روم میں داخل ہورہے ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان نے مایوس کن آغاز کیا اور اپنے پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شرمناک شکست کھائی۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم بدترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔

گرین شرٹس کی جانب سے دیا گیا 106 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں پورا کیا۔

کرس گیل نے 50 جب کہ نکولس پورن نے 34 رنز کی اننگز کھیلیں، پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں