مصباح علی سید کی دوکتابیں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ڈائجسٹوں کی دنیا کی معروف نام ’مصباح علی سید‘ کی کہانیوں کو پڑھا جائے تو ان کے لکھے لفظ بولتے محسوس ہوتے ہیں، وہ خوشی سے کلکاریاں بھی مارتے ہیں، ناچتے ہیں، گاتے ہیں اور کدکڑے بھی بھرتے ہیں۔ اچھے لکھاری کے لفظوں کی یہی تاثیر ہوتی ہے کہ وہ اس کہانی میں اس طرح گم ہوتاہے کہ اسے زمان ومکان کی خبر نہیں رہتی۔ آپ ’مہجورنشیمن‘ ناول ہی کو پڑھ لیں جس کی کہانی کے کردار ’ازمیر‘ اور ’مریم‘ آسٹریلیا کے شہر وکٹوریہ میں رہتے ہیں جبکہ ان کی اکلوتی بیٹی روائیبہ شادی کی گیارہ سال بعد پیدا ہوئی، وہ غیرمعمولی طور پر خوبصورت ہوتی ہے، اسی کہانی کا ایک کردار جندب بھی ہوتاہے جو ازمیر کے پرانے دوست رضاحیات کا بیٹا ہے، آسٹریلیا میں پڑھ رہاہوتاہے۔ کہانی میں فیصل آباد کے ایک نواحی گائوں کے زمیندار اور اہم سیاسی شخصیت میرذکا بھی ہوتے ہیں، جن کی بیوی آئمہ روایتی زمیندارنی اور حویلی پر حکمرانی کرنے والی خاتون ہے، اس کی ساس فالج کی مریضہ ہوتی ہے۔ زینب اسی حویلی کے جدی پشتی خدمت گزاروں کی بیٹی ہوتی ہے،وہ اپنی مالکن کے بیٹے حنبل کی پُرکشش شخصیت کے سحر میں بُری طرح جکڑی جاتی ہے۔ ایک بڑی کہانی میں شامل یہ سب کہانیاں کیسے پروان چڑھتی ہیں، پھر کیا گل کھلاتی ہیں، یہ سب کچھ آپ پرساڑھے چارسو صفحات پڑھنے کے بعد ہی کھلے گا۔ مصنفہ کو یقین ہے کہ اعتماد، خلوص اور محبتوں میں بسے رشتوں کی تکونی بھول بھلیوں جیسی اس کہانی کے ہر پیرائے میں قاری اس قدر گم ہوجائے گا کہ راستے کی تلاش کا تجسس اسے یہ کتاب میز پر واپس رکھنے نہیں دے گا حتی کہ چہرے پر پھسلتے آنسو مسکان میں تبدیل ہوں گے اور ناول ختم ہوگا لیکن قاری اس کے سحر میں کئی دنوں تک گرفتار رہے گا۔ اس ناول کی قیمت 900روپے ہے۔

’’وصل جاناں‘‘ مصباح علی سید کی پندرہ کہانیوں کا مجموعہ ہے،’ وصل جاناں‘،’ اسے جنون قلب‘،’ سیماب تھے لفظ‘،’ میں بنت جنوں‘،’ رشتہ تانے بانے کا‘،’ کونپلیں یہیں سے پھوٹیں گی‘،’ میرے لفظ کو زبان ملے‘،’اجنبی کے نام‘،’ زندگی کنارے‘،’ دل تو بچہ ہے جی‘،’ رشک چمن‘،’ آنکھوں کا پانی‘،’ اک رات کا رنگ‘،’ لہنگا ہوا مہنگا‘ اور’ تبدیلی‘۔ یہ سب کہانیاں ثابت کرتی ہیں کہ مصباح علی سید کو ایسی خداد داد صلاحیت حاصل ہے جس سے ان کے قلم سے دلوں کو چھونے والی کہانیاں نکلتی ہیں۔ زیرنظرمجموعے کی قیمت 400روپے ہے، دونوں کتابیں ’القریش پبلی کیشنز، سرکلر روڈ چوک اردوبازار، لاہور‘ سے منگوائی جاسکتی ہیں.
آپ اس نمبر پرفون یا ایس ایم ایس کرکے بھی آرڈر بک کروا سکتے ہیں
03454552065


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں