رضوان رانا، اردوکالم نگار

ثواب سے علم و ہدایت کا سفر

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

رضوان رانا:

قرآن حکیم میں سب سے زیادہ تاکید اور حکم نماز کے متعلق ہوا۔ اور ہمارے پیارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی سب سے زیادہ نماز کی اہمیت اور قائم کرنے پر زور دیا. خطبہ حج الودع ہو یا آپ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دنیا سے پردہ فرمانے کا وقت ، سب سے زیادہ تاکید امت کو نماز کے متعلق ہی فرمائی۔
ایک حدیث میں تو نماز کو مومن اور کافر میں فرق تک قرار دے دیا۔

ہم پاکستان کے رہنے والے مسلمان ماشاءاللہ نماز کا اہتمام تو کرتے ہیں مگر کیونکہ عربی ہماری زبان نہیں جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ نماز پڑھتے ہوئے رٹی رٹائی عربی تو دن میں پانچ وقت دہراتے ہیں لیکن اصل میں اس بات سے ناواقف ہیں کہ وہ ہر نماز میں جو عربی پڑھتے ہیں اس کا مطلب کیا ہے۔
اکثریت نے نہ ہی تو کبھی یہ جاننے کی کوشش کی اور نہ ہی انہیں کبھی یہ خیال آیا۔

کیونکہ ہمارا ماحول اور معاشرہ ہمیں روزانہ قرآن پاک کی تلاوت اور نماز کی ادائیگی کی جانب مائل تو کرتا ہے مگر گھر کے ماحول سے لے کر مسجد کے مولانا صاحب تک نے کبھی قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے پر زور نہیں دیا۔

یہی ایک بڑی وجہ ہے کہ ہمارے بہت سے بھائی بہن پوری عمر بغیر سمجھے اور جانے قرآن پڑھتے اور نماز کو خشوع و خضوع سے ادا تو کرتے رہتے ہیں مگر اس کی ہدایت اور حکم ربی سے ناواقف ہی رہتے ہیں۔

اللہ تعالی کا بے پناہ شکر اور کرم ہے جس نے ہمیں زندگی میں ایک بار پھر رمضان جیسا عظیم مہینہ عطا کیا اور ایک بہترین موقع بھی کہ ہم اس مہینے کے اندر اپنی عبادات کو خالص کریں اور عربی ترجمے کو پڑھیں جانیں اور سمجھیں۔ اس سے یقینًا ہماری عبادات میں نکھار پیدا ہو گا اور ہم اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہو کر جو عربی پڑھیں گے اس کا مطلب ہمارے ذہن میں ہو گا جو ہمارے دل کو بھی منور کرے گا جس سے بندگی اور عبادت کی لذت دوبالا ہو جائے گی انشاءاللہ۔

اسی سلسلے میں آپ کی خدمت میں نماز کا ترجمہ پیش کر رہا ہوں جسے آپ خود بھی پڑھیں، سیکھیں اور دوسروں کے ساتھ بھی زیادہ سے زیادہ شئیر کریں۔

ثناء
سُبْحَانَکَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِکَ، وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ، وَلَا اِلٰهَ غَيْرُکَ.
اے ﷲ! ہم تیری پاکی بیان کرتے ہیں، تیری تعریف کرتے ہیں، تیرا نام بہت برکت والا ہے، تیری شان بہت بلند ہے اور تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔

تعوذ
أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ.
میں شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگتا / مانگتی ہوں۔

تسمیہ
بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.
ﷲ کے نام سے جو نہایت مہربان ہمیشہ رحم فرمانے والا ہے
سورۃ الفاتحہ
الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَO الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِO مَالِكِ يَوْمِ الدِّينِO إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُO اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَO صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْO غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلا الضَّالِّينَO
(الفاتحة، 1 : 1. 7)

تمام خوبیاں تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کی پرورش فرمانے والا ہےo نہایت مہربان بہت رحم فرمانے والا ہےo روزِ جزا کا مالک ہےo ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور ہم تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیںo ہمیں سیدھا راستہ دکھاo ان لوگوں کا راستہ جن پر تو نے انعام فرمایاo ان لوگوں کا نہیں جن پر غضب کیا گیا ہے اور نہ (ہی) گمراہوں کاo

سورۃ الاخلاص
قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌO اللَّهُ الصَّمَدُO لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْO وَلَمْ يَكُن لَّهُ كُفُوًا أَحَدٌO
(الاخلاص، 112 : 1۔ 4)

آپ فرما دیجئے : وہ اﷲ ہے جو یکتا ہےo اﷲ سب سے بے نیاز، سب کی پناہ اور سب پر فائق ہےo نہ اس سے کوئی پیدا ہوا ہے اور نہ ہی وہ پیدا کیا گیا ہےo اور نہ ہی اس کا کوئی ہمسر ہےo

رکوع
سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِيْمِ.
(ترمذی، الجامع الصحيح، ابواب الصلاة، باب ماجاء فی التسبيح فی الرکوع والسجود، 1 : 300، رقم : 261)
پاک ہے میرا پروردگار عظمت والا.

قیام
سَمِعَ اﷲُ لِمَنْ حَمِدَهُ
ﷲ تعالیٰ نے اس بندے کی بات سن لی جس نے اس کی تعریف کی
رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ.
(مسلم، الصحيح، کتاب الصلاة، باب إثبات التکبير فی کل خفض ورفع فی الصلاة، 1 : 293، 294، رقم : 392)
اے ہمارے رب ! تمام تعریفیں تیرے لیے ہیں

سجدہ
سُبْحَانَ رَبِّیَ الْأَعْلَی.
پاک ہے میرا پروردگار جو بلند ترہے

جلسہ
حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دونوں سجدوں کے درمیان درج ذیل دعا مانگتے :
اَللَّهُمَّ اغْفِرْلِيْ وَارْحَمْنِي وَعَافِنِي وَاهْدِنِيْ وَارْزُقْنِيْ.
(ابو داؤد، السنن، کتاب الصلاة، باب الدعا بين السجدتين، 1 : 322، رقم : 850)
اے ﷲ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے عافیت دے، مجھے ہدایت پر قائم رکھ اور مجھے روزی عطا فرما.

تشہد
التَّحِيَّاتُ ِﷲِ وَالصَّلَوٰتُ وَالطَّيِّبَاتُ، اَلسَّلَامُ عَلَيْکَ أَيُّهَا النَّبِیُّ وَرَحْمَةُ ﷲِ وَبَرَکَاتُهُ، اَلسَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَی عِبَادِ ﷲِ الصّٰلِحِيْنَ. أَشْهَدُ أَنْ لَّا اِلٰهَ إِلَّا ﷲُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُوْلُهُ.
تمام قولی، فعلی اور مالی عبادتیں ﷲ ہی کے لیے ہیں، اے نبی! آپ پر سلام ہو اور ﷲ کی رحمت اور برکتیں ہوں، ہم پر اور ﷲ کے تمام نیک بندوں پر بھی سلام ہو، میں گواہی دیتا ہوں کہ ﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں.

درودِ اِبراہیمی
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ، کَمَا صَلَّيْتَ عَلَی إِبْرَاهِيْمَ وَعَلَی آلِ إِبْرَاهِيْمَ، إِنَّکَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ.
اَللّٰهُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ، کَمَا بَارَکْتَ عَلَی إِبْرَاهِيْمَ وَعَلَی آلِ إِبْرَاهِيْمَ، إِنَّکَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ.
اے ﷲ! رحمتیں نازل فرما حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اور ان کی آل پر، جس طرح تونے رحمتیں نازل کیں حضرت ابراہیم علیہ السلام پر اور ان کی آل پر، بے شک تو تعریف کا مستحق بڑی بزرگی والا ہے.
اے ﷲ! تو برکتیں نازل فرما حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اور ان کی آل پر، جس طرح تونے برکتیں نازل فرمائیں حضرت ابراہیم علیہ السلام پر اور ان کی آل پر، بے شک تو تعریف کا مستحق بڑی بزرگی والا ہے.

درود شریف کے بعد یہ دعا پڑھیں :
رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِيْمَ الصَّلٰوةِ وَمِنْ ذُرِّيَّتِیْ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَآءِo رَبَّنَا اغْفِرْ لِیْ وَلِوَالِدَءَّ وَلِلْمُؤْمِنِيْنَ يَوْمَ يَقُوْمُ الْحِسَابُo
(ابراهيم، 14 : 40، 41)
اے میرے رب! مجھے اور میری اولاد کو نماز قائم رکھنے والا بنا دے، اے ہمارے رب! اور تو میری دعا قبول فرما لےo اے ہمارے رب! مجھے بخش دے اور میرے والدین کو (بخش دے) اور دیگر سب مومنوں کو بھی، جس دن حساب قائم ہوگا.

اسی طرح عشاء کی نماز میں وتر پڑھتے ہوئے آخری رکعت میں ایک خوبصورت دعاء جسے دعائے قنوت کہتے ہیں پڑھی جاتی ہے جو ایک بہترین دعاء کے ساتھ اللہ تعالی سے بندے کا ایک شاندار عہد بھی ہے جس کا اقرار ہم ہر روز کرتے ہیں مگر علم نہ ہونے کی وجہ سے اسے روٹین کی کاروائی سمجھا جاتا ہے.

حاضر ہے دعاۓ قنوت کا ترجمہ جو بہت سارے لوگ زندگی میں پہلی دفعہ پڑھ اور جان رہے ہوں گے۔

الّٰلھُمَّ اِنَّا نَسْتَعِیْنُکَ: اے الله! ہم صرف تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں.
وَنَسْتَغْفِرُکَ : اور تیری مغفرت طلب کرتے ہیں.
وَنُؤْمِنُ بِکَ : اور تجھ پر ایمان لاتے ہیں.
وَنَتَوَکَّلُ عَلَیْکَ : اور تجھ پر ہی توکل کرتے ہیں.
وَنُثْنِیْ اِلَیْکَ الْخَیْر : اور تیری اچھی تعریف کرتے ہیں.
وَنَشْکُرُکَ : اور ہم تیرا شکر ادا کرتے ہیں.
ولا نَکْفُرُکَ : اور ہم تیرا انکار نہیں کرتے.
وَنَخْلَعُ : اور ہم الگ کرتے ہیں.
وَنَتْرُکَ مَنْ یّفْجُرُکَ : اور ہم چھوڑ دیتے ہیں اس کو جو تیری نا فرمانی کرے.
اللھُمَّ ایّاکَ نَعْبُدُ : اے الله! ہم خاص تیری ہی عبادت کرتے ہیں.
وَلَکَ نُصَلّیْ : اور تیرے لئے نماز پڑھتے ہیں.
وَنَسْجُدُ : اور ہم تجھے سجدہ کرتے ہیں.
وَاِلَیْکَ نَسْعٰی : اور ہم تیری طرف دوڑ کر آتے ہیں.
وَنَحْفِدُ : اور ہم تیری خدمت میں حاضر ہوتے ہیں.
وَ نَرْجُوا رَحْمَتَکَ : اور ہم تیری رحمت کی امید رکھتے ہیں.
وَنَخْشٰی عَذَابَکَ : اور ہم تیرے عذاب سے ڈرتے ہیں.
انّ عَذَابَک بِالْکُفّارِ مُلْحِقْ : بے شک تیرا عذاب کافروں کو پہنچنے والا ہے.

کبھی کبھی کچھ باتیں بہت دیر سے پتہ چلتی ہیں یا شاید پتہ تو ہوتی ہیں لیکن ان کی اصل سے ان کے راز سے واقف ہونے کا بھی کوئی وقت کوئی لمحہ ہوتا ہے۔ سارا علم کتابوں میں تو نہیں ہوتا اور نا ہی کوئی سکھانے والا بتاتا ہے . جس طرح زیادہ تر مدرسوں میں قرآن پڑھنا اور حفظ کرنا تو سکھایا جاتا ہے مگر قرآن کو ترجمے اور سمجھ کر پڑھنے پر زیادہ زور نہیں دیا جاتا.

میری آپ سے گزارش ہے کہ یا تو عربی سیکھیں اور اپنے بچوں کو سکھائیں یا خود اور بچوں کو ہمیشہ ترجمے کے ساتھ سمجھ کر اللہ کی کتاب قرآن حکیم پڑھنے کا درس دیں تاکہ ہم اپنے رب کے حکم اور ہدایت کو صیح طریقے سے جان اور سمجھ سکیں .

یاد رکھیں! ہمارے لیے خاص طور پر عربی تلاوت کار ثواب تو ہو سکتی ہے مگر کار ہدایت بالکل نہیں جو عربی زبان نہیں جانتے.

اس لیئے ضروری ہے کہ ہم جتنی جلدی ممکن ہو ہم خود اور اپنی نسل کو ثواب سے علم و ہدایت کا سفر شروع کروائیں تاکہ وہ حقیقی طور پر دین اسلام کے جانشین بن سکیں کیونکہ قرآن تو خود گواہی دیتا ہے کہ جاننے والے اور نہ جاننے والے کبھی برابر نہیں ہو سکتے …!!!


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں