ارطغرل

ارطغرل : اب بچوں کے نام کیسے ہوں گے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

مدثر محمود سالار:

دنیا کرونا سے ہوتی ہوئی ارطغرل پر آن رکی ہے۔ گو کہ ارطغرل پرانا ڈرامہ ہے مگر پاکستان میں اردو ڈبنگ کے ساتھ پیش کیے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی اہلِ پاکستان میں جہادی روح بیدار ہوگئی ہے۔ اب تو پانچ، چھ اقساط پی ٹی وی پر نشر ہوچکی ہیں اور لوگ ارطغرل ڈرامہ کے پہلے سیزن کے کرداروں کے ناموں سے واقف ہوچکے ہیں۔

ہم چونکہ اسلام اور نفاذ اسلام کے لیے کچھ زیادہ جذباتی واقع ہوئے ہیں تو عین ممکن ہے اگلے چند سالوں میں بچوں کے نام رکھنے کے لیے ارطغرل ڈرامے سے وافر ذخیرہ مل جائے ۔ بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے ہیں تو آئیں چند مجوزہ نام پیش خدمت ہیں ، اپنی آنے والی دو چار نسلوں کے لیے نام یہاں سے منتخب کریں اور راقم کی اگلی ایک یا دو نسلوں کو دعا دیتے جائیں۔

ناموں اور ان کے لہجہ کو اچھی طرح سمجھنے کے لیے ڈرامہ دیکھنا پڑے گا مگر ہم آپ کو چند نام تجویز کیے دیتے ہیں۔

سب سے پہلے تو ارطغرل نام دیکھیں اور اس کو حسبِ حسب و نسل کانٹ چھانٹ کرکے استعمال کریں جیسا کہ
چوہدری ارطغرل، رانا ارطغرل، محمد ارطغرل بٹ، ملک ارطغرل اعوان، ارطغرل شیخ، ارطغرل گجر، میاں ارطغرل، مہر ارطغرل، خان ارطغرل خان نیازی، ارطغرل بلوچ، ارطغرل جمالی ، ارطغرل کھوسو، ارطغرل درانی، ارطغرل پوپلزئی، ارطغرل جوکھیو، ارطغرل تالپور، ارطغرل بھٹو، وغیرہ وغیرہ۔

ارطغرل کے قریبی تین ساتھیوں کے نام بھی منتخب کرسکتے ہیں جیسا کہ ترگت گبول، ترگت ماچھی، ترگت سومرو، ترگت نیازی، ترگت یوسفزئی، ملک ترگت، سید ترگت شاہ گیلانی اور شیخ دوگن، رانا دوگن، دوگن بٹ ، دوگن جتوئی، دوگن لغاری اور چوہدری بامسی، راجہ بامسی ، میر بامسی، بامسی سیال، بامسی رانجھا وغیرہ۔ اسی طرح لڑکیوں کے نام بھی کچھ یوں رکھے جاسکتے ہیں۔

حلیمے بی بی، حلیمے خاتون، حلیمے بیگم، حلیمے بٹ، حلیمے خان، گوکچے شاہ، گوکچے مائی، گوکچے بانو، گوکچے پروین، شازیہ گوکچے ، سلجان خاتون، سلجان تالپور، سلجان بلوچ، سلجان لہری، سلجان لغاری، سلجان بگٹی، سلجان رند۔

یہ دو چار نام اپنے خاندانی نام کی مناسبت سے استعمال کریں اور دل گرفتہ نہ ہوں کہ صرف چند نام کیوں بلکہ ڈرامہ دیکھیں اور سینکڑوں نام وہاں سے اخذ کرلیں، مثلا کردگلو، ٹیٹو، ییت، افشین، دندر، گوندگو وغیرہ وغیرہ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں