ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے لوگ

2020 میں پانچ قسم کے لوگوں کو آپ کے ساتھ ضرور ہونا چاہئے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

جویریہ ریاض :

آپ ایک ایسا لکھاری بننا چاہتے ہوں جس کی تحریروں کو ایک دنیا پڑھے یا ایک ایسا کاروبار کرنے کے خواہاں ہوں جو بہت منافع بخش ثابت ہو اور بہت پھلے پھولے، کامیابی کی راہ آسان اور ہموار نہیں ہوتی، اس میں ہمیں مختلف نشیب و فراز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس راستے کے چنائو کے بعد ہمیں اس کی دشواری کا علم ہوتا ہے۔ یہ راستہ کٹھن اور طویل ہوتا ہے جبکہ ہمارے پاس وقت مختصر ہوتا ہے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کو یہ بات ایک فرسودہ حقیقت لگے لیکن ہے تو حقیقت ! اس تناظر میں اہم بات یہ ہے کہ ایسے حالات سے نپٹنے کےلئے کیا بروقت فیصلہ لیا جائے ؟

تو ایسی صورت حال میں ایسے لوگوں کی صحبت اختیار کرنی چاہئیے جو مشکل وقت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے آپ کی مدد کےلئے میسر ہوں ، جو آپ کو آپ کے مقصد کے حصول کےلئےمتحرک رکھیں۔

چونکہ آپ کے ماحول اور اردگرد کے لوگوں کا آپ کی شخصیت پر گہرا اثر پڑتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ آپ ان لوگوں کی طرح سوچنے اور راہ عمل اختیار کرنے پہ مجبور ہوتے ہیں جن کے ساتھ اپنا زیادہ تر وقت گزارتے ہیں
لہذا ضروری ہے کہ ایسے لوگوں کا چنائو کیا جائے جو آپ کو کامیابی کی طرف لے جانے میں مدد دے سکیں۔

ذیل میں ایسے پانچ قسم کے لوگوں کا تذکرہ کیا گیا ہے جن کا آپ کے اردگرد ہونا بہت ضروری ہے۔

اول : متاثر کن:
آپ کو ان لوگوں کی صحبت میں رہنا چاہیے جو آپ میں کچھ کر دکھانے کے جذبے کو ابھارتے ہیں ، جو آپ کے اندر زندگی میں کچھ کرگزرنے کی خواہش پیدا کرتے ہیں، ایسے لوگ آپ کے ذہن میں منزل کے حصول کی طلب پیدا کرتے ہیں، آپ کے دل ودماغ میں ایسا تجسس پیدا ہوتا ہے جو اعلیٰ معیار زندگی کی طرف آپ کی راہنمائی کرتا ہے۔

دوم :متحرک:
بعض اوقات لوگ اپنا مقصد حاصل تو کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کےلئے وہ متحرک نہیں ہوتے، ان کے پاس ایکٹیویشن انرجی نہیں ہوتی، اس کےلئے ضروری ہے کہ وہ ایسے لوگوں کی صحبت میں رہیں جو متحرک ہوں، موٹیویٹد ہوں ، ایسے لوگ آپ کو اپنا نقطہ نظر مضبوط کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور آپ کو بھی متحرک رکھتے ہیں، ایسے لوگوں سے اپ یہ سیکھتے ہیں کہ کس طرح اپنے اندر حوصلہ افزائی پیدا کی جا سکتی ہے۔

سوم: شکرگزار:
بہت سے لوگ اپنے پاس موجود نعمتوں سے بے خبر ہوتے ہیں ، شکر گزار لوگوں کے ساتھ رہنے سے آپ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہیں، اپنے موجودہ لمحوں میں جینا سیکھتے ہیں، ایسے لوگوں کی موجودگی آپ کو پر سکون بناتی ہے، اور آپ کو منفی چیزوں کے بھی مثبت پہلو دیکھنے کے قابل بناتی ہے۔

چہارم :روشن خیال:
کوشش کریں کہ روشن خیال لوگوں کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں، یہ لوگ آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں اور آپ کو اپنے کمفرٹ زون سے نکلنے میں مدد دیتے ہیں اور ایسی چیزوں کو آپ کےلئے آسان بناتے ہیں جو پہلے آپ کےلئے ناممکن تھیں، آپ کو نئے آئیڈیاز اور تبدیلیوں کو قبول کرنا سکھاتے ہیں جبکہ اس کے برعکس تنگ نظر لوگ آپکو آگے بڑھنے سے روکتے ہیں ۔

پنجم :پرجوش:
ایسے لوگوں کی صحبت بھی کامیابی کےلئے بہت ضروری ہے جو اپنے مقاصد کو پورا کرنا چاہتے ہیں، اپنے بیرونی حالات سے قطع نظر، وہ سبقت لے جانے والے مواقع کو ضائع نہیں کرتے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی فیلڈ یا شعبہ زندگی سے کیوں نہ ہو۔ ایسے لوگوں کا ساتھ آپ کو پرجوش بناتا ہے اورکامیاب منزل کی طرف آپکے سفر کو یقینی بناتا ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں