باحجاب مسلمان خاتون گھر میں لیپ ٹاپ پر کام کرتے ہوئے

فری لانس مارکیٹیں ، آپ کے لئے بہتر کون سی ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عبید اعوان :

یقینا آپ یہ جان چکے ہوں گے کہ فری لانسنگ کیا ہوتی ہے، اور فری لانسر کون ہوتا ہے؟ فری لانس مارکیٹیں کتنی قسم کی ہوتی ہیں، اگر ابھی تک یہ نہیں جان پائے تو پہلے درج ذیل مضامین پڑھ لیجئے۔

یہ بھی پڑھیے :

فری لانسنگ کیا ہے اور فری لانسر کون ہوتا ہے؟

فری لانسنگ : کامیابی کے پانچ کلیدی فیکٹرز

فری لانس مارکیٹیں، کتنی قسم کی ہوتی ہیں؟ کام کیسے کرتی ہیں؟

” اپ ورک “ ( https://www.upwork.com/ ) سب سے بڑی فری لانس مارکیٹ ہے، یہاں کام کرنے والے ماہرین ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ یہاں کام کرنے کے خواہش مند نئے افراد میں سے کس کو اکائونٹ بنانے کی اجازت دی جائے۔ وہ رجسٹریشن کی کوشش کرنے والے افراد کی صلاحیت اور اہلیت کو چیک کرتے ہیں اور پھر ان کی رجسٹریشن قبول کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

تاہم اس مرحلے پرنئے فری لانسرز کو مایوس ہونے اور ڈرنے کی قطعا کوئی ضرورت نہیں۔ ” اپ ورک “ پر بہ آسانی رجسٹریشن کروانے کا طریقیہ ہے کہ آپ انتہائی آسان skill کی بنیاد پر اپنے آپ کو رجسٹر کروائیے اور اس کے بعد کام کرتے کرتے دوسری سکلز کی طرف چلے جائیے اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑتے چلے جائیے۔

اپ ورک ( https://www.upwork.com/ ) ، گرو ڈاٹ کام ( https://www.guru.com/ ) ، فری لانسر ڈاٹ کام (https://www.freelancer.com/ )، یہ سب ایک ہی طریقے سے کام کرتی ہیں۔ گرو ڈاٹ کام اور فری لانسر ڈاٹ کام پر رجسٹریشن نسبتا آسانی سے ہوجاتی ہے۔ یہ آپ کی درخواست کو مسترد نہیں کرتے۔

غیر روایتی فری لانس مارکیٹ ” فائیور ڈاٹ کام “ ( https://www.fiverr.com/ ) پر دو طریقوں سے کام ہوتا ہے، آپ اپنے خدمات یا سروسز پیش کرتے ہیں۔ اس کا اندازہ آپ کو فائیور ڈاٹ کام پر جانے اور دیکھنے سے ہوجائے گا کہ یہاں کام کرنے والے فری لانسرز جہاں ڈسکرپشن میں اپنی صلاحیت اور اہمیت کا تعارف تحریری طور پر کرواتے ہیں ، وہاں ویڈیوز بھی لگاتے ہیں۔

دراصل ویڈیو ، لکھے ہوئے تعارف سے زیادہ بہتر انداز میں فری لانسر کا تعارف کرواتی ہیں۔ جب آپ ایک منٹ کی تعارفی ویڈیو میں اپنے بارے میں بتاتے ہیں تو پراجیکٹ کروانے کے خواہش مند لوگوں کو یہ فیصلہ کرنے میں زیادہ آسانی ہوجاتی ہے کہ کیا آپ ان کا کام بہترین طریقے سے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟

عام فری لانس مارکیٹوں میں آپ اپنی خدمات کا ایک ریٹ رکھتے ہیں اور اسی ریٹ کی بنیاد پر پراجیکٹ کروانے کا خواہش مند پراجیکٹ دینے کا فیصلہ کرتا ہے لیکن فائیور کی خوبی یہ ہے کہ یہاں آپ اپنے پروفائل میں یہ بھی آپشنز دے سکتے ہیں کہ اگر کوئی کام جلدی کروانا چاہے تو اس کا ریٹ کیا ہوگا۔ مثلاً اگر آپ تین دن میں کام کرنے کا ریٹ ایک سو روپیہ لیتے ہیں تو وہی کام دو دن میں کرنے کا کیا لیں گے اور ایک دن میں کرنے کا ریٹ کیا ہوگا؟

فائیور میں آپ کو بڈنگ ہی نہیں کرنا پڑتی، کام کی بولی ہی نہیں لگانا پڑتی۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ایسا وہاں کوئی آپشن نہیں بلکہ میں یہ سمجھانا چاہتا ہوں کہ آپ بڈنگ میں پڑنے کے بجائے لوگوں کے سامنے اپنی صلاحیت تحریری طور پر یا ویڈیو کے ذریعے پیش کرکے کام کرنا چاہیں تو ایسا بھی کرسکتے ہیں۔ بہت سے لوگ اس طریقہ کو پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ بڈنگ یا بولی کے جھنجٹ میں نہیں پڑنا چاہتے۔

جیسا کہ آپ کو معلوم ہی ہے کہ بولی میں ایک بندہ اپنا پراجیکٹ پیش کرتا ہے، پھر بہت سے فری لانسرز وہ پراجیکٹ حاصل کرنے کے لئے دوڑ پڑتے ہیں۔ پراجیکٹ پیش کرنے والا فرد ان سب فری لانسرز میں سے کسی ایک کو منتخب کرتا ہے اور بس!

بعض لوگ اس دوڑ کو پسند نہیں کرتے ، وہ اپنی بہترین صلاحیت کو پیش کرتے ہیں کہ جسے کام کروانا ہے، وہ ان کی صلاحیت کو دیکھ کر ان کی خدمات لے سکتا ہے۔ اس طرز پر کام کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

اس کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ 2018 میں فائیور پر فری لانسنگ کرنے والوں میں اضافہ کی شرح 13 فیصد تھی، 2019 میں 16 فیصد ہوگئی، پھر 2020 کے پہلی سہ ماہی میں 32 فیصد ہوگئی۔ بعدازاں اس میں مزید اضافہ ہوا کیونکہ کورونا وائرس کے لاک ڈائون کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد گھروں میں بیٹھ کر کام کرنے پر مجبور ہوگئی ۔ نتیجتاً فائیور استعمال کرنے والوں میں اضافہ کی شرح 37 فیصد ہوگئی۔

امید ہے کہ ان حقائق کی روشنی میں آپ فیصلہ کرنے میں آسانی محسوس کریں گے کہ فائیور ڈاٹ کام ( https://www.fiverr.com/ ) آپ کے لئے بہتر ہے یا کوئی دوسری فری لانس مارکیٹ ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں