خواتین ڈائجسٹ کا ٹائٹل ، آصفہ عنبرین قاضی کی کہانی

خواتین ڈائجسٹ کی مشہور لکھاری بننے کے 6 آسان طریقے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

آصفہ عنبرین قاضی :

پہلا:
تین لفظی بھاری بھرکم مردوں اور عورتوں کے ایسے کچھ نام چنیں جو پہلے کبھی سنے نہ گئے ہوں مثلا باریا اکبر قزلباش، شہروز حسن آفندی، عارق عثمان صدیقی، سلونہ احمد مختار وغیرہ۔

دوسرا:
تین چار پودوں اور درختوں کے انگریزی اور اردو مشکل سے نام چنیں مثلا یوکلپٹس، امر بیل، اگر تھوڑا پینڈو ٹچ دینا ہو تو ” پیپل کی ٹاہلی “ یا ” ناریل کی بیل “ چل جائیں گے۔

تیسرا:
چند مناظر جن میں زیادہ سے زیادہ گہرائی ہو مثلا اندھیری رات میں سورج کی کرنیں ۔۔۔۔۔۔ صحرا میں حد نگاہ تک برف ۔۔۔۔۔۔، ڈوبتے سورج کی پہلی کرنیں۔۔۔۔۔۔۔، اماوس کی رات میں خوبصورت چودھویں کا چاند ۔۔۔۔۔۔، سردیوں کی بارشوں میں لُو کا عالم۔۔۔۔۔۔ اور جون کے مہینے میں دوپہر دو بجے ” دھوپ میں “ کینڈل لائٹ ڈنر۔۔۔۔۔

چوتھا:
چند ملبوسات کے نام چن لیں۔ پشواز کی قمیض، جارجٹ کی آتشی گلابی رنگ کی ساڑھی، اگر ہیروئن بہت غریب ہے تو لان کا سوٹ ٹھیک رہے گا، شیروانی، نیوی بلیو جینز، سیاہ چشمے ہیرو پر ضروری ہیں ، چاہے اس کی انٹری رات کو بارہ بجے ہی کیوں نا ہو۔

پانچواں:
کچھ حلیہ بیان کرتے ہوئے ایسے الفاظ۔ الوہی مسکراہٹ، گھنی مونچھوں تلے گلابی ہونٹوں کی دبی ہوئی مسکراہٹ، چوڑے شانے، سروقد۔

چھٹا:
ایک مزاحیہ کزن لڑکی کی اور مزاحیہ کزن لڑکے کا۔ لڑکا تھوڑا بے پرواہ اور لڑکی انتہائی مظلوم، اس کے جتنے رشتہ دار مار سکتے ہیں مار دیں۔ بس خیال رہے کہ اس کے دونوں والدین کو اس کی پیدائش سے پہلے ہی نہ مار دیجئے گا تھوڑا زیادہ ہو جائے گا۔ کسی شادی کی تقریب میں لڑکی سب کو اکیلا چھوڑ کر لان میں چلی جائے تاکہ لڑکا اسے رات کی رانی کی ملکہ بنے ہوئے دیکھ لے۔

بس اب یہی سب بدل بدل کے مختلف چکر چُکر ڈال کے ہر بار لڑکے اور لڑکی کی آخر میں شادی کروا کے ” اس کے ہونٹوں پہ آنے والی مسکان آنے والے خوبصورت دنوں کا پتا دے رہی تھی“ جیسے کسی جملے پر کہانی کا اینڈ کر دیں۔ اللہ اللہ خیر صلا
یہ لیں جی اب آپ ایک سکہ بند خاتون رائٹر ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں