غریب لڑکی

ہم سے مختلف قسم کے انسان

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نگہت حسین :

کیا ہماری آنکھیں دنیا کی خوب صورتی کے ان رنگوں کو دیکھنے کے قابل ہیں جو بظاہر ہمیں پھیکے نظر آتے ہیں؟
ذرا مختلف ، کبھی نگاہوں کو نہ بھانے والے۔

کیا آپ نے کبھی اپنے بچوں سے ان باتوں پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ ہماری دنیا میں کچھ بچے یا انسان ہماری طرح زندگی نہیں گزار سکتے ؟ ہم سے مختلف ہوتے ہیں؟
ان کے ساتھ کیسا سلوک رکھنا چاہیے ؟
وہ ہم سے کیسے جذبات چاہتے ہیں؟ان کی ماؤں اور گھر والوں سے کس قسم کا رویہ اور بات چیت رکھنی چاہیے ؟
کسی عوامی مقام پر ایسے بچے اور ان کے گھر والے دیکھ لیے جائیں تو ہمارا رویہ ان کے ساتھ کیسا ہونا چاہیے ؟

کیا کبھی آپ نے سوچا کہ
اللہ تعالی نے اپنے بہت ہی کمزور ، نازک اور بے بس بندوں کو ان صحت مند تندرست اور طاقت ور لوگوں کی دنیا میں بھیجا تو یہ کس کی آزمائش ہے۔
آپ کیا سوچتے ہیں ؟ اپنے بچوں کو کیا بتاتے ہیں ؟
ایسا کچھ جو ان بچوں کی نڈھال ہوتی تھکن سے چور مائوں کو حوصلہ دے جائے؟
ایسا کچھ جو ان کو یہ بتا جائے کہ دنیا کی خوب صورتی میں تمھارا ہی حصہ ہے۔
ایسا کچھ جس میں ترحم نہ ہو
ایسا کچھ جس میں کرید نہ ہو
ایسا کچھ جس میں برابری ہو
لیکن احساس ہو
محبت کا ،سہارے کا ، تھام لینے کا

ایسا کچھ جس میں حقارت نہ ہو
ایسا کچھ جس میں زعم پارسائی و تقویٰ کا تکبر نہ ہو
ایسا کچھ کہ جس میں ان کے اور گھر والوں کے لیے آسانیاں ہوں
ایسا کچھ کہ جس میں ان کو انسان مانا جاتا ہو
ایسا کچھ جس میں ان کے خاص نام نہ ہوں
کیا ہے آپ کے پاس ان بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے؟


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں