جرمن نیوز ایجنسی کے این اے نے ہفتہ یکم دسمبر کے روز موقر جریدے اشپیگل کی ایک رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ اسلام آباد حکومت جرمنی میں ہنر مند افراد کی ضرورت پوری کرنے کے لیے نوجوان پاکستانی شہریوں کو قانونی طور پر جرمنی بھیجنے کی خواہش کا اظہار کر چکی ہے۔
جریدے کے مطابق جرمنی کی وزارت خارجہ کے ’شعبہ یورپ‘ نے اسلام آباد کی متعلقہ وزارت کے نام لکھے گئے ایک خط میں پاکستانی وزارت سے کہا ہے کہ وہ جرمنی میں ہنر مند افراد کی ضرورت پوری کرنے کے حوالے سے ایک منصوبہ تیار کریں۔
رواں برس چھبیس اکتوبر کے روز پاکستانی وزارت کے نام لکھے گئے اس خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ہنر مندوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جرمنی بھیجنے کے لیے متعلقہ وزارت یہ بات یقینی بنائے کہ ایسے افراد درکار قابلیت سے مطابقت رکھتے ہوں۔ کے این اے کی رپورٹ کے مطابق اس خط میں مثال کے طور پر انجینیئرز، آئی ٹی ماہرین اور فولاد کی صنعت کے لیے (میٹل ورکرز) جیسے شعبوں میں ہنر مند افراد کی ضرورت کا تذکرہ کیا گیا ہے۔