مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے مسافر یطا میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گھروں کے بار بار مسمار ہونے کے بعد درجنوں فلسطینی خاندان صدیوں پرانی ایسی غاروں میں رہنے لگے جہاں نہ بجلی ہے، نہ مناسب ہوا اور نہ ہی پانی کی سہولت۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے مسافر یطا میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں اور پناہ گاہوں کی مسلسل مسماری نے مقامی آبادی کو صدیوں پرانی زیرِ زمین غاروں میں پناہ لینے پر مجبور کر دیا ہے۔ شدید نمی، پانی کے رساؤ، بجلی کی عدم دستیابی اور ہوا کی ناکافی گزرگاہوں کے باوجود یہ غار اب بے گھر فلسطینی خاندانوں کی آخری پناہ گاہ بن چکے ہیں۔
60 سالہ محمد دبابسہ بھی اپنے 12 افراد پر مشتمل خاندان کے ساتھ ایسی ہی ایک غار میں زندگی گزار رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان کے بعد انہوں نے کئی روز غار سے پانی نکالنے میں گزارے۔ بارش کا پانی اس غار میں اس وقت داخل ہوا جب اسرائیلی فوج نے اسے غیر قانونی رہائش قرار دے کر اس کا ایک حصہ مسمار کر دیا، جس سے چھت اور دیواروں سے پانی رسنے لگا۔
محمد کا گھر چھٹی مرتبہ مسمار کیا گیا تو ان کے خاندان کو خیموں میں رہنا پڑا، لیکن اس بار ان کے پاس دوبارہ گھر تعمیر کرنے کے وسائل بھی نہیں تھے۔ اسرائیلی فوج نے ان کے خیمے بھی اکھاڑ کر ضبط کر لیے، جس کے بعد پورے موسمِ گرما 2025ء میں خاندان کو درختوں کے نیچے راتیں گزارنا پڑیں۔
مسافر یطا کے قدیم زیرِ زمین غار، جو کبھی علاقے کی روایتی طرزِ زندگی کا حصہ ہوا کرتے تھے، اب ان فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہ بن گئے ہیں جن کے گھر مسمار کر دیے گئے ہیں۔ تاہم یہ غار انسانی رہائش کے لیے موزوں نہیں۔ ان کے اندر شدید نمی ہے، ہوا کی آمدورفت کا مناسب انتظام نہیں اور بارش کے موسم میں پانی جمع ہونے سے رہنے والوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔ اس کے باوجود اسرائیلی فوج نے اب ان غاروں کے مختلف حصوں کو بھی مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔
محمد دبابسہ نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غار میں شدید نمی کے باعث وہ اور ان کی اہلیہ سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ سردیوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے کیونکہ پانی اندر رس کر فرش کو ڈبو دیتا ہے اور ان کا گھریلو سامان بھی خراب ہو جاتا ہے۔
قدیم غاروں میں واپسی
الخلیل کے جنوب میں واقع مسافر یطا کے گاؤں خلت الضبع کے بیشتر مکینوں کے لیے غاروں میں رہائش اختیار کرنا اپنی مرضی کا فیصلہ نہیں بلکہ مجبوری ہے۔ اسرائیلی فوج ان کے گھروں اور دیگر پناہ گاہوں کو چھ مرتبہ سے زیادہ مسمار کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں پورا گاؤں کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا اور لوگوں کو قریبی غاروں میں پناہ لینا پڑی۔
تقریباً 2 ہزار فلسطینیوں کا مسکن مسافر یطا کئی دہائیوں سے اسرائیلی قبضے اور زمینوں سے بے دخلی کی منظم مہم کا سامنا کر رہا ہے۔ اس مہم کے دوران نہ صرف 70 سال سے زیادہ پرانے مکانات مسمار کیے گئے بلکہ مویشی بھی ضبط کیے گئے، جو مقامی آبادی کے لیے آمدنی کا واحد ذریعہ ہیں۔
اس علاقے میں اسرائیلی کارروائیوں میں 1980ء کے بعد شدت آئی، جب اسرائیل نے یہاں 12 فلسطینی بستیوں کی موجودگی کے باوجود مسافر یطا کے 35 ہزار دونم سے زیادہ رقبے، یعنی تقریباً 35 مربع کلومیٹر، کو بند فوجی علاقہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں اس زمین پر غیر قانونی یہودی بستیاں قائم کی جانے لگیں، جس سے فلسطینی آبادی کے لیے اپنے آبائی علاقوں میں رہنا مزید مشکل ہو گیا۔
فلسطینیوں کے خلاف یہ مہم آج بھی جاری ہے۔ 20 اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے اس غار کا ایک حصہ بھی مسمار کر دیا جہاں محمد دبابسہ کا خاندان رہائش پذیر ہے۔ فوج نے مؤقف اختیار کیا کہ غار کو رہائش کے قابل بنانے کے لیے اس میں غیر قانونی مرمت اور تعمیراتی کام کیا گیا تھا۔
مویشیوں اور آمدنی کے دیگر ذرائع سے محروم ہونے کے بعد محمد کے لیے غار کی مرمت کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔ گاؤں کے دوسرے مکینوں نے کچھ تعمیراتی سامان فراہم کرکے ان کی مدد کی ہے۔
محمد دبابسہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب بھی ان کا گھر مسمار کیا جاتا، وہ دوبارہ تعمیر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنے مویشی فروخت کر دیتے تھے، لیکن بار بار کی مسماری نے ان کے وسائل ختم کر دیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب ان کے پاس فروخت کرنے کے لیے کوئی جانور باقی نہیں بچا اور وہ اپنے خاندان کے ساتھ ایک غار میں رہنے پر مجبور ہیں۔ غار کا ایک حصہ مسمار ہونے کے بعد اس کی مرمت کے وسائل بھی ان کے پاس نہیں ہیں۔
خلت الضبع کے مکینوں کے ترجمان جابر دبابسہ کے مطابق گاؤں کے 120 میں سے تقریباً 100 افراد غاروں میں منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ صرف دو خاندان اپنے گھروں میں رہ رہے ہیں۔ ان گھروں کو بھی کسی وقت مسمار کیے جانے کا خطرہ لاحق ہے۔
جابر دبابسہ کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین غار بچوں کی تعلیم اور نشوونما کے لیے کسی طور موزوں نہیں۔ وہاں نہ روشنی کا مناسب انتظام ہے اور نہ تازہ ہوا کی آمدورفت ممکن ہے۔ جگہ کی تنگی کے باعث بچے کھیلنے اور آزادانہ نقل و حرکت جیسے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔ تاہم گھروں کی بار بار مسماری کے باعث اب بچے بھی ان مشکل حالات کے عادی ہوتے جا رہے ہیں۔
ان کے بقول مقامی آبادی ان حالات کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اسے اپنا آبائی علاقہ چھوڑنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔ یہ اپنے گھروں اور زمینوں پر قائم رہنے کی جدوجہد کی ایک اور شکل ہے۔
غاروں تک پانی کی پائپ لائن پہنچانا تقریباً ناممکن ہے، اس لیے مکین پانی ذخیرہ کرنے والی ٹینکیوں پر انحصار کرتے ہیں۔ تاہم اسرائیلی فوج اور آباد کار اکثر ان ٹینکیوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
34 سالہ فلسطینی خاتون، جس کے ایک ہی جنگ میں دو شوہر اور دو بچے شہید ہوئے
فلسطینیوں کی غزہ سے بے دخلی، ٹرمپ کا منصوبہ سنگین جرم ہوگا، احمد الشرع، شامی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ کو فلسطینیوں سے خالی کرانے کا منصوبہ
بجلی کی عدم دستیابی کے باعث لوگ شمسی توانائی سے چلنے والے چھوٹے چراغ استعمال کرتے ہیں۔ جابر دبابسہ کے تینوں بچے، جن کی عمریں 3 سے 15 سال کے درمیان ہیں، بھی اسی مشکل ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
جابر کے مطابق غاروں کی مرمت یا انہیں مضبوط کرنے کا کام بھی چھپ کر کرنا پڑتا ہے۔ مکین رات کی تاریکی میں یہ کام کرتے ہیں تاکہ اسرائیلی فوج کی نظروں سے بچ سکیں۔ فوجی اہلکار بعض اوقات غاروں کا معائنہ کرنے پہنچ جاتے ہیں اور مرمت یا تعمیر کے آثار نظر آنے پر وہاں موجود ڈھانچوں کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کر دیتے ہیں۔
زندگی کے بنیادی وسائل بھی چھین لیے گئے
اکتوبر 2023ء میں غزہ پر اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد مسافر یطا میں یہودی آباد کاروں کے حملوں میں بھی اضافہ ہوا۔ اس دوران فلسطینیوں کے گھروں، مویشیوں کے باڑوں اور دیگر املاک کو مسمار کرنے کی کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق 2023ء سے اب تک آباد کاروں نے مسافر یطا کے فوجی علاقہ قرار دیے گئے حصوں میں 13 نئی غیر قانونی چوکیاں قائم کی ہیں، جبکہ ان علاقوں سے باہر مزید 9 چوکیاں بھی بنائی گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر (OHCHR) نے 24 ستمبر کو جاری بیان میں خبردار کیا تھا کہ اسی ماہ علاقے کے تین دیہات تقریباً مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
اس سے قبل مئی 2025ء میں اسرائیلی فوج نے خلت الضبع میں مسماری کی اپنی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گاؤں کی تمام رہائش گاہیں تباہ کر دی تھیں۔ اس دوران گھروں کے علاوہ زرعی تنصیبات، پانی کی ٹینکیوں اور شمسی توانائی کے آلات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ نے ان کارروائیوں اور مقامی آبادی کی جبری بے دخلی کے سنگین انسانی نتائج سے خبردار کیا تھا۔
مسافر یطا ولیج کونسل کے سربراہ نضال یونس کے مطابق علاقے کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے 40 سے زائد خاندان اب ان قدیم غاروں میں واپس آ چکے ہیں جو خطے کی تاریخ اور ثقافت کا اہم حصہ ہیں۔
ان میں سے بعض غاروں کا تعلق کنعانی اور رومی ادوار سے ہے۔ صدیوں تک یہ غار مقامی آبادی کے لیے عارضی پناہ گاہوں کے طور پر استعمال ہوتے رہے۔ بعد میں جب لوگ پتھروں سے بنے مستقل گھروں میں منتقل ہوئے تو ان غاروں کو مویشیوں کے لیے استعمال کیا جانے لگا۔
نضال یونس کے مطابق اسرائیلی پابندیوں اور گھروں کی مسماری نے فلسطینیوں کو دوبارہ ان غاروں میں رہنے پر مجبور کر دیا ہے، جو ان کے معیارِ زندگی میں انتہائی درجے کی تنزلی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ غار علاقے کے لوگوں کے روایتی طرزِ زندگی کا حصہ تھے، لیکن آج انہیں انتہائی پسماندہ رہائش گاہیں سمجھا جاتا ہے، جہاں کسی معیاری گھر کی بنیادی سہولتیں بھی دستیاب نہیں۔ پانی اور بجلی کی فراہمی میں مشکلات، نکاسی آب کے نظام کی عدم موجودگی اور مرمت پر پابندیوں کے باعث غاروں کی عمارتیں بھی کمزور ہوتی جا رہی ہیں، جس سے وہاں رہنے والوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
نضال یونس کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی کو صرف گھروں کی مسماری اور املاک کی ضبطی کا سامنا نہیں بلکہ زندگی کے لیے ناگزیر وسیلہ، یعنی پانی، بھی ان سے چھینا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق علاقے میں پانی کی پائپ لائنیں تباہ کر دی گئی ہیں، پانی لے جانے والے ٹینکروں کے داخلے پر پابندیاں عائد ہیں اور بارش کا پانی جمع کرنے والے کنوؤں پر بھی قبضہ کر لیا گیا ہے۔ نتیجتاً مکینوں کے لیے روزانہ پانی حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ بن چکا ہے۔ مسافر یطا کے 12 دیہات پانی کے کسی ذخیرے یا باقاعدہ فراہمی سے مکمل طور پر محروم ہیں۔
اسرائیلی حکام نے بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے چھوٹے شمسی پینلز کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 13 گاڑیاں اور زرعی ٹریکٹر ضبط کیے گئے اور ان کی واپسی کے لیے بھاری رقوم طلب کی گئیں۔
نضال یونس کے مطابق یہ تمام کارروائیاں مسافر یطا کی فلسطینی شناخت اور آبادی کو ختم کرنے، علاقے کو اس کے لوگوں سے خالی کرنے اور مکینوں کو اپنے آبائی گھروں سے بے دخل کرنے کی وسیع تر کوشش کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود مقامی فلسطینی اپنے علاقے میں رہنے کے لیے متبادل راستے تلاش کر رہے ہیں تاکہ انہیں اپنی زمین اور دیہات چھوڑنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔









