بٹ کوائن

شدید مندی کے بعد بٹ کوائن کی زبردست واپسی، آج قیمت کہاں جا پہنچی؟

·

ڈیجیٹل اثاثوں کی عالمی منڈی میں بدھ کے روز آنے والی شدید مندی کے بعد جمعرات کو شارٹ کورنگ کے باعث بٹ کوائن نے دوبارہ 60 ہزار ڈالر کی نفسیاتی حد عبور کر لی ہے، جبکہ کرپٹو مارکیٹ کی مجموعی مالیت بھی اضافے کے ساتھ 2.07 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ڈیجیٹل اثاثوں کی مارکیٹ میں گزشتہ روز دیکھی جانے والی شدید فروخت کے دباؤ کے بعد جمعرات کی صبح دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرتے ہوئے 60 ہزار ڈالر کی سطح سے اوپر قدم رکھ دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 60,579 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا اور اس کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 1.2 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس فوری بحالی کی بنیادی وجہ ’شارٹ کورنگ‘ ہے، جس کے تحت بدھ کی شدید گراوٹ کے بعد قیمتیں مزید گرنے کی توقع رکھنے والے تاجروں نے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے دوبارہ خریداری شروع کر دی۔

مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے دنیا کی دوسری بڑی کرپٹو کرنسی ایتھیریم میں بھی بہتری دیکھی گئی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی قدر 2.03 فیصد اضافے کے ساتھ 1,688 ڈالر پر آ گئی۔ اس مجموعی بحالی کے نتیجے میں عالمی کرپٹو مارکیٹ کے سرمائے میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2.07 کھرب ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اس تکنیکی بحالی کے باوجود مارکیٹ میں بنیادی طلب بدستور کمزور ہے، کیونکہ نومبر کے دوران امریکی اسپاٹ بٹ کوائن ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) سے سرمائے کے مسلسل اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں