پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے باہمی دفاعی معاہدے پر عملدرآمد اور خطے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تینوں ممالک کا اہم اجلاس 27 اور 28 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں شرکت کے لیے سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
دو پاکستانی ذرائع نے جمعرات کے روز خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ رواں ہفتے اسلام آباد میں اپنے باہمی دفاعی معاہدے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کرنے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعہ اور ہفتہ (27 اور 28 نومبر) کو ہونے والے اس اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحانہ جنگ کے تناظر میں پیدا ہونے والے شدید خدشات کے پیشِ نظر تینوں ممالک نے اگست کے مہینے میں مکہ مکرمہ میں ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت اب یہ اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس بلایا جا رہا ہے۔
دفاعی اور جغرافیائی اعتبار سے یہ اتحاد غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ترکیہ نیٹو اتحاد کی دوسری سب سے بڑی فوجی طاقت رکھتا ہے، سعودی عرب دنیا کے مقدس ترین اسلامی مقامات کا محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ تیل برآمد کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہے، جبکہ پاکستان عالمِ اسلام کی واحد ایٹمی طاقت ہے۔









