دو-باحجاب-مسلمان-خواتین-گفتگو-کرتے-ہوئے-چائے-کے-کپ-کے-ساتھ

خود کو پرفیکٹ ظاہر کرنے کابوجھ اٹھائے پھرنے والوں کے نام

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

وہ بہت ہی انہماک اور پرسکون لہجے میں مجھے بتا رہی تھیں کہ سلمٰی! جب میرے پاس خواتین اپنے مسائل لے کر آتی ہیں اور میں ان کو آرام سے سن کر جب حل بتاتی ہوں تو بہت دعائیں بھی دیتی ہیں کہ اللہ تعالٰی اپ کو ان مسائل سے بچائے رکھے لیکن ساتھ جب یہ کہتی ہیں’باجی! ویسے  تسی کڈے خوش نصیب ہو! تہانوں اینج دا کوئی مسئلہ نئیں‘ تو میں ان کے سامنے اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتی ہوں لیکن اندر ہی اندر ہنستی بھی ہوں کہ انھیں کیا پتہ! میری زندگی میں اس وقت کیا طوفان برپا ہے۔

یہ کہتے ہوئے ایک درد کی لہر ان کی آنکھوں میں اور چہرے کے بدلتے رنگ میں مجھے واضح دکھائی دی۔

کیا آپ نے کبھی انھیں بتایا نہیں کہ آپ بھی پریشان ہوتی ہیں؟

یہ میرا سوال تھا جو مجھے ان کے جملے سن کر بے چین کر گیا۔

’ناں جی۔۔۔۔توبہ کرو ۔۔میں تو کبھی بھی نہ بتاؤں‘ فوراً دونوں کندھے اچکاتے ہوئے خود کو سمیٹ کر فوراً بولیں۔

ویسے میں تو اب بتاتی ہوں، جہاں ضرورت ہو، فیلنگز شیئر کرتی ہوں اور جہاں coping skill بتانی ہوں تو اپنے مسئلہ کی مثال دیتی ہوں کہ مسئلہ کیا تھا اور کیسے حل کیا۔

اب وہ مجھے حیرت زدہ آنکھوں سے دیکھ رہی تھیں۔ اچھاااا۔۔۔ واقعی؟؟؟؟

کیا اپنی پرابلمز ایسے ہر ایرے غیرے کو سنا لینی چاہئیں؟ اگر ہم لوگ اپنی پرابلمز ان لوگوں کو بتائیں گے تو یہ ہمارے پاس اس امید سے آتے ہیں کہ ہم ان کو حل دیں گے تو کیا ہمارے مسائل سن کر یہ مزید پریشان نہیں ہوں گے؟

بالکل ہوں گے۔۔۔اور تبھی تو وہ میرے ساتھ connect ہو پائیں گے

لیکن ظاہر ہے اس کا مطلب یہ تو ہر گز نہیں کہ کوئی آپ کے پاس روتا ہوا،آیا اور آپ بھی رونے لگ جائیں۔ مسائل شئیر کرنے اور فیلنگز شئیر کرنے میں فرق ہوتا ہے لیکن یہ ظاہر کرنا کہ آپ ان دونوں سے ماوراء ہیں، یہ ایک انسان کو دوسرے انسان سے کنیکٹ نہیں کرتا اور اصلاح کےلیے پہلے کنکشن ضروری ہے۔

ان کا یہ احساس دلانا ضروری ہے کہ میں بھی اسی دنیا کی باسی ہوں مجھے بھی مسائل کا سامنا ہوتا ہے مجھے بھی درد ہوتا ہے اس لیے میں ان کادرد سمجھ سکتی ہوں۔ میرے بچے بھی مجھے تنگ کرتے ہیں۔ میں بھی self criticism, self doubt کا شکار ہوتی ہوں۔

ہم میاں بیوی کے درمیان بھی کشمکش چلتی رہتی ہے۔ اس دنیا میں رہتے ہوئے ایک انسان جس رولر کوسٹر سے گزرتا ہے ، میں بھی گزرتی ہوں چونکہ مجھے ان سب کا تجربہ ہے تبھی تو میں آپ کو سمجھ پاؤں گی۔

مجھے ان کے چہرے کے تاثرات سے یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ  خوراک  ان کے نظام انہضام کے حساب سے بہت heavy ہے ۔

کہ قرآن پڑھانے والوں ، دوسروں کا علاج کرنے والوں ، دوسروں کی اصلاح کرنے والوں اور کسی بھی پروفیشن سے تعلق رکھنے والوں کے مسائل یا پریشانیوں کے بارے میں کسی کو پتہ نہیں چلنا چاہیے۔ لوگ کیا سوچیں گے کہ  دوسروں کی مدد کرنے والے بھی محتاج؟؟ ان کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟


یہ موضوع بہت سے مختلف پہلوؤں پر مشتمل ہے،  مزید توجہ طلب ہے اس وقت بھی انھیں میں نے چند مثالیں آپ ﷺ کی زندگی کی سنائیں کہ مجھے اور آپ کو بھی تو  پتہ ہے کہ آپ ﷺ بھی پریشان ہوتے تھے ؟

ہمیں جب قرآن وحدیث اور سیرت سے یہ پتہ چلتا ہے تو کیا اس وجہ سے ہم ان کی تعلیمات کو چھوڑ دیتے ہیں کہ جو خود پریشان رہتے تھے وہ ہمیں کیاہم حل دیں گے؟؟ یا ہم نے خود کو مزید ان ﷺ سے قریب محسوس کیا کیونکہ وہ بھی ہماری طرح اللہ تعالٰی کی مخلوق ہی ہیں، بے شک وہ انسانیت کے اعلٰی درجے پر فائز ہیں مگر  تمام انسانوں کے بائیولاجیکل سسٹم تو ایک جیسے ہی ناں ۔

آج سورہ فرقان پڑھتے ہوئے یہ آیت دیکھ کر نہ صرف وہ ایک مینٹور ذہن میں آئیں بلکہ کئی چہرے ایسے دماغ میں گھومے جو ایسی ہی خدمات دے رہے ہیں مگر خود کو دوسروں کی نظروں میں پرفیکٹ ثابت کرنے یا ظاہر کرنے کابوجھ اٹھانے پھرتے ہیں۔ آج یہ تحریر ان کے نام!

اس وقت منکرین نےآپ ﷺ کی رسول اللہ کی پوزیشن پر جو اعتراضات کیے تھے ان میں سے ایک یہ بھی تھا کہ جس کی لائف ایکٹیوٹیز ہم انسانوں جیسی ہیں، وہ کیسے رسول ہو سکتا ہے؟

یہ آیت پڑھیے اور بتائیے آپ کس پہلو پر فوکس کر رہے ہیں؟

وَقَالُوا مَالِ هَٰذَا الرَّسُولِ يَأْكُلُ الطَّعَامَ وَيَمْشِي فِي الْأَسْوَاقِ ۙ لَوْلَا أُنزِلَ إِلَيْهِ مَلَكٌ فَيَكُونَ مَعَهُ نَذِيرًا ‎﴿٧﴾‏

کہتے ہیں ‘یہ کیسا رسول ہے جو کھانا کھاتا ہے اور بازاروں میں چلتا پھرتا ہے؟ کیوں نہ اس کے پاس کوئی فرشتہ بھیجا گیا جو اس کے ساتھ رہتا اور (نہ ماننے والوں کو) دھمکاتا؟


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “خود کو پرفیکٹ ظاہر کرنے کابوجھ اٹھائے پھرنے والوں کے نام”

  1. جاوید اصغر Avatar
    جاوید اصغر

    منفرد موضوع ۔۔۔۔ اچھا ٹریٹ کی گیا ہے

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے