پاکستان میں نامناسب لباس اورحرکات والے تمام ڈرامے بند کرنے کا حکم

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) تمام ٹی وی چینلز کو متنازع اور غیر اخلاقی موضوعات پر مبنی ڈراموں کی نشریات کو فوری روکنے کی ہدایت کردی۔

پیمرا کے ہدایت نامے میں ٹی وی چینلز کی توجہ حالیہ دنوں میں پیش کیے جانے والے موضوعات اور ان کی عکس بندی کی طرف دلائی گئی ہے۔

پیمرا کے بیان میں کہا گیا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ ٹی وی ڈرامے بتدریج اپنا معیار کھوتے جا رہے ہیں اور سماجی اور روایتی طرزِ زندگی کے برعکس مواد نشر کر رہے ہیں، جس کے تحت متنازع و غیر اخلاقی معاملات و موضوعات پر ڈراموں کی عکس بندی معمول بن گیا ہے۔

بیان کے مطابق نامناسب لباس اور حرکات بھی آج کل کے ڈراموں کا خاصہ بن چکی ہیں، لہٰذا اس طرح کے ڈرامے ناظرین کے لیے ذہنی اذیت اور کوفت کا سبب بن رہے ہیں اور ناظرین کی جانب سے ڈراموں کے مواد، استعمال کی جانے والی زبان، مکالمے، جملوں اور عکس بندی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر لاتعداد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

ہدایت نامے میں پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو آگاہ کیا ہے کہ ایسے موضوعات کو ڈراموں میں پیش کریں جو کہ حقیقی پاکستانی معاشرے کی عکاسی کریں، اسلامی، سماجی اور معاشرتی اُصولوں کے ہم آہنگ ہوں، جبکہ بے راہ روی اور برائیوں کو بے جا طور پر اُجاگر کرنے سے گریز کیا جائے۔

پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ڈراموں کے ذریعے کردار سازی اور معاشرتی استحکام کو فروغ دیں اور موضوعات کے چناؤ اور ڈراموں کی عکس بندی میں حد درجہ احتیاط برتتے ہوئے اسلامی، سماجی، معاشرتی اور اخلاقی اقدار کو مدِنظر رکھا جائے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں