پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی میدان میں بڑی پیشرفت، یونیورسٹی آف کمالیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب کو عالمی اداروں نے دو بین الاقوامی اعزازات سے نواز دیا، جو نہ صرف عالمی سطح پر ان کی تحقیقاتی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ اس سے پاکستان کے علمی و تحقیقی تشخص کو بھی تقویت ملی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب کو اسٹینفورڈ ایلسیویئر (Stanford–Elsevier) کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل چوتھے سال (2023ء تا 2026ء) دنیا کے ممتاز 2 فیصد سائنس دانوں میں شامل کیا گیا ہے۔
مزید برآں Scholarly Index Top 1000 Scholars 2026 کی درجہ بندی میں ٹیکسٹائل میٹریلز اینڈ ایویلیوایشنز کے شعبے میں انہوں نے دنیا بھر میں دسویں اور پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
یہ دوہری عالمی پذیرائی ٹیکسٹائل میٹریلز کے شعبے میں ان کی مسلسل تحقیقی کاوشوں، جدت اور علمی مہارت کا اعتراف ہے۔
یہ کامیابی اس امر کی بھی عکاس ہے کہ پاکستانی محققین مخصوص سائنسی شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر علمی مباحث کو آگے بڑھانے اور تحقیق و ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوان محققین اور طلبہ کے لیے بھی حوصلہ افزا پیغام ہے کہ مسلسل محنت، تحقیقی جستجو اور جدت سے وابستگی کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کہا کہ یہ اعزاز محض میری ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی محققین میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔ ان کے مطابق، یہ اعزاز پوری قوم کا ہے، جو تحقیق، جدت اور علمی میدان میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔









