ایک-مرد-اور-ایک-با-حجاب-خاتون-فیکٹری-میں-کام-کرتے-ہوئے

’موقع کارڈ‘، ملازمت کے خواہشمند افراد کا جرمنی میں جانا آسان

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

جرمن حکومت نے ملک کو درپیش ملازمین اور ہنر مند کاریگروں کی کمی پوری کرنے کے لیے یکم جون سے ’اپرچونیٹی کارڈ‘ یعنی موقع کارڈ کا اجرا شروع کر دیا ہے جس کے بعد اب غیر یورپی افراد کے لیے جرمنی میں قانونی طور پر کام کرنا قدرے آسان ہوسکتا ہے۔

جرمنی کو ایک طویل عرصے سے ملازمین کی کمی کا سامنا رہا ہے جس سے پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

اب جرمنی اپنی امیگریشن پالیسیوں میں تبدیلی لا رہا ہے جس کے باعث غیر یورپی افراد کے لیے جرمنی جانا پہلے سے آسان ہوجانے کی توقع ہے۔ اس تناظر میں ’چانسنکارٹ‘ یا موقع کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق وزیر داخلہ نینسی فیزر کا سنیچر کے روز کہنا تھا کہ ’ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ محنت کش اور ہنر مند افراد، جن کی ہماری معیشت کو برسوں سے ضرورت ہے، وہ ہمارے ملک آ سکیں۔‘

اس نئی سکیم کے تحت اہل افراد ایک سال کی مدت کے لیے جرمنی میں رہتے ہوئے ملازمت تلاش کر سکیں گے۔

ملازمت کی تلاش کے مقصد سے اپنے قیام کے دوران، موقع کارڈ کے حامل افراد پارٹ ٹائم ملازمت کرنے کے اہل ہوں گے اور ہفتے میں 20 گھنٹے تک کام کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ کسی نئی ملازمت کے حصول کے لیے وہ آزمائشی طور پر وہاں دو ہفتوں تک کام بھی کر سکیں گے۔

چانسنکارٹ (موقع کارڈ) کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق یہ ایک رہائشی اجازت نامہ ہے جس کے تحت غیر یورپی مزدوروں کو ملازمت کی تلاش کے لیے جرمنی آنے کی اجازت ہوگی۔

موقع کارڈ پوائنٹس پر مبنی ایک سسٹم ہے جو امریکہ میں رائج ’گرین کارڈ‘ کی طرح ہے جس کی مدد سے خصوصی مہارتیں رکھنے والے پروفیشنلز کی امریکہ آمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

پوائنٹس سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کا تعین کیا جاسکتا ہے کہ آیا آپ اپنی اہلیت، تعلیم اور حالات کی بنا پر موقع کارڈ کے لیے اہل ہیں یا نہیں۔

موقع کارڈ حاصل کرنے کے لیے آپ کو کم از کم چھ پوائنٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔

تاہم اگر آپ کسی ایسی پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل ہیں جو جرمنی میں تسلیم شدہ ہے، تو آپ کم از کم پوائنٹس حاصل کیے بغیر ہنر مند کارکن کے طور پر موقع کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

چاہے آپ ہنر مند شخص ہوں یا آپ پوائنٹس سسٹم کے تحت موقع کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند، آپ کو مندرجہ ذیل بنیادی شرائط پوری کرنا لازمی ہے:

موقع کارڈ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ نے اپنی تعلیمی ڈگری مکمل کی ہو یا کسی ایسے ہنر میں کم از کم دو سال کی تربیت حاصل کی ہو جو اس ملک کی طرف سے تسلیم شدہ ہوں۔

آپ کو جرمن زبان پر عبور ہونا چاہیے یا پھر انگریزی زبان پر کامن یورپی فریم ورک آف ریفرنس فار لینگوئجز (CEFR) کے تحت بی ٹو لیول کا عبور حاصل ہو۔

اس کے علاوہ درخواست گزار کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ ان کے پاس اتنے مالی وسائل ہیں کہ جب تک اُنھیں جرمنی میں ملازمت نہیں مل جاتی تب تک وہ اپنا خرچ اٹھا سکتے ہیں۔

اگر کوئی بھی شخص بنیادی شرائط پر پورا اترتا ہے تو موقع کارڈ حاصل کرنے کے لیے انھیں کم از کم چھ پوائنٹس حاصل کرنے ہوں گے:

تعلیمی قابلیت

اگر آپ اپنی حاصل کردہ تعلیمی قابلیت کو جرمنی کے معیار کے مطابق ثابت کرسکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں جزوی مساوات قائم کر پاتے ہیں تو آپ چار پوائنٹس حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

پیشہ ورانہ اہلیت

اگر آپ کسی ایسے پیشے میں قابلیت رکھتے ہیں جس کے ہنرمندوں کی جرمنی میں قلت ہے تو آپ کو اس کا ایک پوائنٹ ملے گا۔

یہ جاننے کے لیے کہ آیا آپ کا پیشہ ان شعبوں کی فہرست میں شامل ہے جن کے ہنرمندوں کی جرمنی میں مانگ ہے یہاں کلک کریں

پیشہ ورانہ تجربہ

اگر آپ نے پچھلے پانچ سالوں میں اپنی قابلیت کے مطابق کم از کم دو سال کا پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کیا ہے تو آپ دو پوائنٹس حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ اور اگر آپ کے پاس پچھلے سات سالوں میں کم از کم تین سال کا پیشہ ورانہ تجربہ ہے تو آپ کو تین پوائنٹس ملیں گے۔

زبان میں مہارت

اگر آپ کو جرمن زبان پر کامن یورپی فریم ورک آف ریفرنس فار لینگوئجز (CEFR) کے لیول A2 کی مہارت حاصل ہے تو اس کے لیے ایک پوائنٹ، B1 لیول کے لیے دو پوائنٹس اور B2 یا اس سے اوپر کے لیول کے لیے تین پوائنٹس ملیں گے۔

اس کے علاوہ ایک اضافی پوائنٹ بھی مل سکتا ہے اگر آپ کو انگریزی زبان پر C1 یا اس سے اوپر کی سطح کی مہارت حاصل ہے۔

عمر

اگر آپ کی عمر 35 سال سے کم ہے تو آپ کو دو پوائنٹ ملتے ہیں جبکہ 35 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو ایک پوائنٹ ملتا ہے۔

جرمنی سے آپ کا رشتہ

اگر آپ پچھلے پانچ سالوں میں کم از کم چھ ماہ جرمنی میں قانونی طور پر مقیم رہے ہیں تو تو اس کا آپ کو ایک پوائنٹ ملے گا۔ اس میں تعلیم، زبان کے حصول یا فائدہ مند روزگار کے لیے قیام شامل ہے۔ سیاحتی اور تفریحی مقاصد کے لیے کیا گیا دورہ اس میں شامل نہیں ہے۔

مشترکہ درخواست

اگر آپ اپنے شریک حیات کے ساتھ مل کر موقع کارڈ کے لیے درخواست دیتے ہیں، تو آپ دونوں میں سے ایک کو ایک اضافی پوائنٹ حاصل ہوسکتا ہے بشرطیکہ آپ دیگر تمام شرائط پر پورا اترتے ہوں۔

کاس کنسلٹنٹ فرم سے منسلک عدنان حسین نے جرمنی کے موقع کارڈ کے بارے میں بات کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’یہ کارڈ ان نوجوانوں کے لیے خاص طور پر ایک اچھا موقع ہے جو اس سے پہلے کسی نوکری کے لیے سپانسرشپ حاصل کرنے کا انتظار کرتے تھے یا وزٹ ویزا پر جا کر وہاں نوکری تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اب کینیڈا کی طرز پر آپ پوائنٹس سسٹم کے تحت جرمنی بغیر کسی سپانسرشپ کے جا سکتے ہیں اور وہاں جا کر نوکریاں تلاش کر سکتے ہیں۔‘

عدنان حسین کا کہنا ہے کہ ’عموماً یہاں سے جرمنی جانے کے خواہاں افراد کو جرمن سیکھنے کا مسئلہ ہوتا ہے جو اکثر لوگوں کے لیے ایک رکاوٹ بن جاتی ہے۔

’لیکن آج کل لوگ یہاں سے نکلنے کی اتنی کوشش کر رہے ہیں، پچھلے چھ ماہ سے رش لگا ہوا ہے اور لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں یہاں سے نکالو۔‘

’یہی وجہ ہے کہ جرمن سفارت خانہ بھی ویزا انٹرویو کے لیے لمبی تاریخیں دے رہا ہے۔‘

مصنف: اسماعیل شیخ، بشکریہ بی بی سی


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں