جماعتِ اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں اسلم نے کہا ہے کہ اسلام کو سمجھنے کے لیے قرآن و حدیث سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے بھی اسلام کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کی وضاحت قرآن و حدیث ہی کی روشنی میں کی اور اسی بنیاد پر جماعتِ اسلامی کی صورت میں ایک بڑی تحریک برپا کی، جس کا مقصد پاکستان میں اسلامی نظامِ حیات کا نفاذ ہے۔
وہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں معروف صحافی الطاف حسن قریشی کی کتاب ’پیارے مولانا‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر میاں اسلم نے سینیئر صحافیوں، ادیبوں اور دانش وروں میں کتاب کی کاپیاں بھی تقسیم کیں۔
تقریب میں وزیراعظم پاکستان کے اسپیچ رائٹر ارشد محمود ملک، ممتاز ادیب، دانش ور اور شاعر جلیل عالی، نیشنل پریس کلب کے سابق صدر طارق چوہدری، رحمت العالمینؐ و خاتم النبیینﷺ اتھارٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق عادل، پی ایف یو جے دستور کے صدر نواز رضا، پاکستان ٹیلی وژن کے سابق ڈائریکٹر نیوز عبدالشکور طاہر سمیت بڑی تعداد میں سینیئر صحافی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی زندگی، دینی خدمات اور سیاسی جدوجہد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔










