پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور فی تولہ سونا مزید 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہوگیا ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔
صرافہ مارکیٹ کے مطابق 4 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 636 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 30 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 24 ہزار 619 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 47 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 561 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجوہات
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ دنوں کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکہ میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور مرکزی بینک (فیڈرل ریزرو) کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔
اس سے قبل بدھ کے کاروباری سیشن کے دوران عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ستمبر 2025 کے بعد پہلی مرتبہ 3 ہزار 500 ڈالر فی اونس کی سطح سے نیچے آگئی تھی، تاہم بعد ازاں قیمتوں میں بحالی دیکھی گئی۔
امریکی بیورو آف اکنامک اینالیسس کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں فیڈرل ریزرو کے ترجیحی پیمانے، پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچرز (پی سی ای) پرائس انڈیکس میں سالانہ بنیادوں پر 3.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ستمبر میں یہ شرح 3.6 فیصد تھی۔
اسی طرح بنیادی پی سی ای افراط زر کی شرح بھی 3.1 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی، تاہم ماہانہ بنیادوں پر اس انڈیکس میں اضافے کی رفتار 0.5 فیصد سے کم ہو کر 0.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق سونا ایسا اثاثہ ہے جس پر سرمایہ کاروں کو سود یا منافع حاصل نہیں ہوتا، اس لیے شرح سود میں اضافے کے امکانات اس کی کشش کم کر دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی مہنگائی کے اعداد و شمار اور فیڈرل ریزرو کے آئندہ فیصلوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔








