مدثرمحمودسالار، کالم نگار

میری رام کہانی پڑھ کر مشورہ دیں کہ میں کیا کروں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

مدثر محمود سالاؔر۔۔۔۔۔
اکثر بات چیت میں ہم کہتے ہیں یار وقت کتنا جلدی گزر گیا۔ وقت کی رفتار تیز ہے ،وقت گزرنے کا تو پتا ہی نہیں چلا۔۔۔۔۔
وقت ہاتھ نہیں آتا۔۔ کیا حقیقت میں ایسا ہی ہے؟؟
بس یہ گتھی سلجھاتے سلجھاتے ہم نے بہت وقت گزار دیا مگر کوئی سرا ہاتھ نہیں آیا۔
چھوڑیں یہ سب دانشورانہ باتیں اور ہماری رام کہانی پڑھ کر کوئی مشورہ دیں کہ اب ہم کیا کریں۔

میرے عزیز قاری ! میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری عمر بڑھ رہی ہے ،تجربہ بڑھ رہا ہے مگر مجھے آگے بڑھنے سے زیادہ پیچھے مڑ کر دیکھنا پسند ہے۔ آسان لفظوں میں کہوں تو مجھے گزرا وقت یاد آتا ہے اور ہر منظر میری یادداشت پر ایسے منقوش ہے جیسے لمحہ پہلے کا منظر ہو۔

نیازی ایکسپریس کی بس لاہور سے نکلی میں باہر کے منظر میں گم ہوگیا۔ زوجہ نے پوچھا "کیا سوچ رہے ہو؟” میں نے کہا :”بس یاد آرہا ان سڑکوں پر دھول پھانکنا مجھ سے چھن گیا ہے”۔

میں ایم ٹریک (امریکہ)کی جدید آرام دہ ٹرین میں بیٹھا مجھے پنڈی سے میانوالی رات کی ٹرین میں سفر کرنا یاد آگیا۔

میں جتنا آگے بڑھنا چاہتا ہوں میرے پاؤں ماضی میں اور جکڑے جاتے ہیں۔ پہلی بار نیویارک سٹی داخل ہوتے وقت ٹریفک جام میں پھنسا تووہیں دماغ میں جھٹ سے وہ منظر آگیا جب موسی خیل والی پہاڑی میں گھنٹوں ٹریفک جام ہوتی تھی۔

میں رات کو نیویارک کی روشنیاں دیکھتا ہوں تو مکہ میں داخل ہوتے وقت کا منظر یاد آجاتا ہے۔
ارے! باقی باتیں ایک طرف آپ کو یہ پڑھ کر ضرور ہنسی آئے گی کہ جب میں پہلی بار بی ایم ڈبلیو پارکنگ سے نکال کر روڈ پر چڑھا تو مجھے وہ وقت یاد آگیا جب میں گدھا گاڑی کا ماہر ڈرائیور ہوتا تھا۔ پتا نہیں ایسی باتیں مجھے کیوں یاد آجاتی ہیں۔

گزشتہ موسم گرما میں ایک جھیل میں نہانے کی اجازت کا بورڈ دیکھ کر نہانے کے لیے جھیل میں اترا تو مجھے تھل کینال میں نہانا یاد آگیا۔

میں البنی شہر میں ایک پل کے نیچے مٹی کے ڈھیر دیکھ کر یک لحظہ اپنے گاؤں کی مٹی میں پہنچ گیا۔ میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں نے مٹی میں ہاتھ ڈال کر مٹھی بھر کر آہستہ آہستہ گراتے ہوئے کیا سوچا۔
میں ہر شے کا تقابل اپنے گاؤں یا شہر کی اشیاء سے کرنے لگ جاتا ہوں۔

عربی کے ایک شعر کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ
راستے میں سفر کے دوران کئی مقامات نوجوان کو بھاتے ہیں مگر اس کا دل وہیں اٹکا ہوتا ہے جہاں سے اس نے سفر شروع کیا تھا۔
میں بھی ٹیکنالوجی کے جدید دور میں بلیک اینڈ وائٹ کو یاد کرتا ہوں۔
میں آئی فون میں نوکیا گیارہ سو ڈھونڈتا ہوں۔ میں وقت کے ساتھ تھم گیا ہوں۔ کوئی اس کا حل بتادے خدارا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

2 پر “میری رام کہانی پڑھ کر مشورہ دیں کہ میں کیا کروں؟” جوابات

  1. محمد عدیل عاصم Avatar
    محمد عدیل عاصم

    ایسا لگتا ہے کہ آپ نے میرے سمیت ہزاروں لوگوں کے احساسات کی ترجمانی کی ہے! اگرچہ ایسے لوگ تعداد میں کم ہیں, لیکن پھر بھی ہزاروں میں ہیں!

    1. عنایت اللہ کامران Avatar
      عنایت اللہ کامران

      مدثر صاحب ماضی پیچھا نہیں چھوڑتا… شاید اسی لئے شاعر نے کہا تھا
      یاد ماضی عذاب ہے یارب
      چھین لے مجھ سے حافظہ میرا
      لیکن میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کا حافظہ قائم و دائم رکھے اور آپ ماضی سے جڑے رہیں.