مدثر محمود سالاؔر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصر میں ہر چند سال بعد عربی زبان کی لغت میں اضافے اور ترمیم کے لیے عربی لغت نویسوں کا اجتماع ہوتا ہے۔ اسی طرح آکسفورڈ انگلش ڈکشنری بھی تقریباً ہر سال ہی اپنی لغت میں نئے الفاظ کا اضافہ کرتی ہے۔ نئے پاکستان میں بھی اردو ڈکشنری میں گزشتہ چند سالوں میں کئی نئے الفاظ کا اضافہ ہوا ہے بالخصوص گزشتہ ایک سال میں بہت تیزی سے ذخیرہ الفاظ بڑھا ہے۔
آئیں چند نئے الفاظ کے معانی و مفاہیم پر تھوڑی روشنی ڈالتے ہیں۔
تبدیلی: اس کا مطلب ہے پرانی پیپل پالٹی کے لوٹوں کو نئی پی ٹی آئی میں بدل دینا۔
پانامہ: یہ ملک کا نام تھا مگر اب یہ متقی اور حاجی لوگوں کو زچ کرنے کے لیے بولا جاتا ہے۔ جب کسی حاجی صاحب کو کہا جائے کہ آپ کا نام پانامہ میں تھا تو حاجی صاحب کو بہت برا لگتا ہے۔
یوتھی: یہ انگلش کا لفظ تھا مگر اسے اب اردو میں ان نوجوانوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جن کے والدین ان کی پیدائش پر شرمندہ ہیں۔
پٹواری: یہ لفظ ایسے افراد کے لیے استعمال ہوتا ہے جنہیں بیک وقت سوجوتے اور سو پیاز کھانے کی عادت ہو۔
شیروانی: یہ لباس عموماً شادی کے موقع پر دلہا پہنتا ہے مگر کوئی دلہا تیسری بار شادی کرکے شیروانی پہن لے تو اس کو وزیر اعظم بنادیا جاتا ہے اس لیے لفظ شیروانی اب برکت اور تقدس سے منسوب ہوگیا ہے۔
صالحین: یہ ایسے افراد کے لیے استعمال ہوتا ہے جو پانچ سال اپنی جماعت کے لیے ووٹ مانگتے رہتے ہیں اور انتخابات سے ایک ماہ پہلے ان پر انکشاف ہوتا ہے کہ ان کی جماعت کا نکاح ہوگیا ہے اور اب وہ دلہا بھائی کے لیے ووٹ مانگیں گے۔
سلائی مشین: یہ ایک ایسی جادوئی مشین ہے جس پر کپڑے سینے سے بندہ کروڑوں کے فلیٹس چند سال میں خرید سکتا ہے۔
چمڑہ : یہ ایک مخصوص چمڑہ ہوتا ہے اور اس چمڑے کا کاروبار ایسی خواتین کرتی ہیں جن کے شوہر اپنی ساری تنخواہ صدقہ کردیتے ہیں۔ نیز ان کے شوہروں کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ ان کی بیویاں چمڑے کا کاروبار کرکے اربوں روپے کمالیتی ہیں۔
ڈیم فنڈ: یہ فنڈ عوام کو الو بنانے کے لیے عوام سے ہی اکٹھا کیا جاتا ہے۔ عوام کو پتا بھی نہیں چلتا اور مداری ان کی جیب سے سب کچھ نکال کر ریٹائر ہوجاتا ہے۔
میٹرو بس: یہ بس پہلے لاہور میں ذلیل ہوتی تھی اب پشاور میں بدنام ہے۔
اوئے : یہ لفظ عموماً آکسفورڈ سے تعلیم یافتہ کرکٹر حضرات استعمال کرتے ہیں۔ عوام الستیاناس کو یہ لفظ استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔
بوٹ پالشیہ: یہ ایسا شخص ہوتا ہے جو خود کو بادشاہ بھی سمجھتا ہے اور اسے یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ اس کی ریاست چلا کون رہا ہے۔
یہ صرف چند الفاظ کا نمونہ پیش کیا ہے اس کے علاوہ بھی کئی نئے الفاظ آہستہ آہستہ اردو لغت میں شامل ہورہے ہیں جیسے خفتان، بانوے کا ورلڈ کپ، نیا پاکستان، نوکریوں کا سیلاب، درختوں کا سونامی
وغیرہ وغیرہ
یہ الفاظ زبان اور ادب کی ترویج کے لیے استعمال کیے گئے ہیں ،ان کا سیاست یا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
2 پر “نئے الفاظ جو نئے پاکستان کی اردو لغت میں شامل ہوئے” جوابات
Mein dam fun wali bat say ittefaq nae karta baqi bhot umda tehreer hai masha Allah
شکریہ حذیفہ صاحب