جویریہ خان :
پاکستان ٹیلی ویژن ہوم پر ” ارطغرل غازی “ کا دوسرا سیزن اردو ڈبنگ کے ساتھ چل رہاہے۔ کائی قبیلہ کے سردار سلیمان شاہ کے انتقال کے ساتھ ہی پہلا سیزن ختم ہوا تھا۔ سیلمان شاہ کی اہلیہ حائما خاتون بھی اپنے بیٹوں کےساتھ ڈرامہ میں چھائی رہیں۔
حائما خاتون جنھوں نے ارطغرل کی والدہ کا کردار ادا کیا، کا اصل نام خولیا دارجان ہے۔ وہ 69 برس کی ہے۔ وہ ترکی کے شہر ازمیر کی ہیں۔ یاد رہے کہ ” ارطغرل غازی“ کے کئی مرکزی کرداروں کا تعلق ازمیر ہی سے ہے ۔
خولیا دار جان نے ہائی سکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پڑھنا چھوڑ دیا۔ وہ 53 برس سے اداکاری کے میدان میں ہیں۔ اب تک 65 فلموں اور 15 ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ ایک تاریخی ڈرامہ میں آپ کو پہلی بار کام کرنے کا موقع ملا، اپنے کردار کے بارے میں آپ نے کیسے معلومات حاصل کیں؟
کہنے لگیں: ” ہم سب نے حائما خاتون کا نام سن رکھا تھا کہ وہ کیا تھیں ، تاہم ہمیں ان کے کردار کے بارے میں بہت زیادہ معلومات نہ تھیں۔ “
” چنانچہ میں نے ان کے بارے میں بہت زیادہ مطالعہ کیا، مجھے معلوم ہوا کہ ان کی بعض خصوصیات میرے اندر بھی موجود ہیں مثلاً وہ متحمل مزاج تھیں، اپنے بچوں سے بہت محبت کرتی تھیں، انصاف پسند تھیں، قربانی دینے کا جذبہ رکھتی تھیں۔ بس! یہی ان کی شخصیت کا مجموعہ تھا۔ “
خولیا دارجان سے پوچھا گیا کہ آپ کو ماضی کی انڈسٹری سے موجودہ انڈسٹری میں کچھ فرق محسوس ہوتاہے؟ کہنے لگیں کہ
” آج کے اداکار اپنے کام سے بہت مخلص ہیں۔ میں ان سے سیکھتی ہوں، میں بھی زیادہ سے زیادہ مخلص بننے کی کوشش کرتی ہوں۔ “
گہرے برائون رنگ کے بالوں والی خولیادارجان کی مجموعی دولت تقریباً دس لاکھ ڈالر ہیں۔ ان کے والد عثمان دارجان تھے اور والدہ نبیل دارجان۔ والدین کی اکلوتی بیٹی نے ایک اداکارتانجو کوریل کے ساتھ شادی کی تھی جو 1975 سے 2005 تک قائم رہی لیکن پھر طلاق پر منتج ہوئی۔ ان سے ان کی دوبیٹیاں ’زینب‘ اور ’برگزر‘ ہیں۔
خولیا دارجان کے کردار اور ان کی اداکاری کو بڑے تعداد میں لوگوں نے پسند کیا حتیٰ کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے جڑے لوگوں نے بھی۔
اداکارہ عائشہ خان بھی شہرہ آفاق ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سحر میں مبتلا ہیں، عائشہ خان نے سیریز میں ’حائمہ خاتون‘ کے کردار کو اپنا پسندیدہ کردار قرار دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں مسلمان سپہ سالار ’ارطغرل‘ کی والدہ کا جاندار کردار ادا کرنے والی ’حائمہ خاتون‘ کی تصویر شیئر کی اور اس کردار کی جانب اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔
عائشہ خان نے بتایا کہ اس سیریز میں اسلامی روایات و اقدار اور تاریخ کی اس حیرت انگیز نمائندگی نے ہم دونوں یعنی انھیں اور ان کے شوہر کو اپنے سحر میں مبتلا کردیا ہے۔
انہوں نے سیریز میں اپنے پسندیدہ کردار کے حوالے سے بتایا کہ ’حائمہ خاتون‘ کا کردار اُن کا سب سے پسندیدہ کردار ہے۔ قیادت ، ثابت قدمی، محبت اور وفاداری کا جو مظاہرہ اس خاتون نے مشکل سے مشکل حالات میں بھی کیا ہے یہ بلاشبہ ناقابلِ فراموش ہے۔ عائشہ خان نے لکھا کہ جاندار کرادر ادا کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا خوب استعمال کرنے والی یہ خاتون ایک زبردست اداکارہ ہیں۔
ایک تبصرہ برائے “” ارطغرل غازی “ کی حائمہ خاتون اصل میں کون ہیں؟”
میں نے بطور ماں حائمہ کے کردار سے بہت کچھ سیکھا ھے۔ شی از دی بیسٹ۔