باحجاب مسلمان خاتون فون کال سنتے ہوئے

” لینے کے دینے۔۔۔۔۔۔ “

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

آصفہ عنبرین قاضی :

السلام علیکم ، کچھ دن پہلے آپ کا میسج آیا تھا، میرا انعام نکلا ہے۔

والیکم سلام ، جی آپ کا انعام نکلا ہے۔

کتنا ؟

جو میسج میں لکھا ہے۔

میسج میں تو 2 لاکھ چیک، تین تولے سونا اور لیپ ٹاپ لکھا ہے ۔

جی،جی وہی نکلا ہے ، مبارک ہو آپ اپنا اکاونٹ نمبر بتا دیجیے ۔

خیر مبارک ،آپ تین تولے سونا اور لیپ ٹاپ بھی اکاونٹ میں بھجوائیں گے؟

نہیں ، چیک آپ کے اکاونٹ میں آئے گا۔

پھر چیک رہنے دیجیے، وہ میرے میاں نے ہی کھا جانا ہے آپ لیپ ٹاپ اور سونا بھجوا دیں۔

بہن دو لاکھ بھی تو آپ کا ہی ہے، اپنا اکاونٹ یا ایزی پیسہ کا اکاونٹ بتائیں۔

وہ بہن کی طرف سے آپ سلامی رکھ لیں۔

اچھا اپنا واٹس ایپ نمبر دیں تاکہ لیپ ٹاپ بھجوا سکیں۔

کیوں ؟ آپ نے لیپ ٹاپ کی بس تصویر بھجوانی ہے۔

نہیں ، ہمیں معلوم ہو کہ یہ آپ کا ہی نمبر ہے اور رجسٹرڈ ہے تب ہی بھیجیں گے ۔

انعامی خوشخبری دیتے ہوئے تو میرا نمبر مل گیا تھا، اب کیوں شک ہے ؟ اچھا چھوڑیں نا، لیپ ٹاپ اور سونا کیسے ملے گا ؟

وہ ہم آپ کو اگلے میسج میں بتا دیں گے۔

نہیں ، مجھے تو آج ہی چاہیے ، میں نے پورے خاندان میں بتا دیا ہے۔ اور پرانا لیپ ٹاپ بھی پھینک دیا ہے ۔

دیکھیے وہ لمبا پروسیس ہے ، ہم آپ کو بعد میں کال کرتے ہیں۔

ہم ہر پروسیس سے گزرنے کو تیار ہیں لیکن اپنا انعام نہ چھوڑیں گے ۔

میری بہن اس کے لیے آپ کو 25 فیصد پہلے جمع کروانا ہوگا ۔

چلیں ٹھیک ہے ، آپ آدھا تولہ کاٹ لیں ، اڑھائی تولہ بہن کو بھجوا دیں ، اب خوش؟

آپ اپنا اکاونٹ نمبر تو بتائیے ۔

ہمارا اکاونٹ تو بوگس چیک دینے کی وجہ سے بلاک ہو چکا ، میاں کا لے لیجیے

اچھا ٹھیک ہے ،وہ کیا کرتے ہیں ؟

کوٹ لکھپت جیل میں ہیں

قید ہیں ؟

اللہ نہ کرے ۔۔ قید کرتے ہیں ، سپرینٹنڈنٹ جیل ہیں ۔

نہیں ان کا رہنے دیجیے۔

اچھا تو بھیا کا لے لیجیے نا ، ان کے دو ہیں

یہ کہاں ہوتے ہیں ؟

یہ پنڈی ہوتے ہیں ، ظفر سپاری کے گن مین ہیں۔

( کھانسی ) اوکے ۔۔۔اوکے آپ کیا کرتی ہیں؟

میں کچھ بھی نہیں کرتی ، جب جیل میں مندہ چل رہا ہوتا ہے تو کال ریکارڈ کرکے ان کو دیتی ہوں ، آپ نہ
گھبرائیں، آپ تو مجھے اصلی والے لگ رہے ہیں ۔

آپ پرینک کال کرتی ہیں ؟

نہیں میں فرینک کال کرتی ہوں ، ان کو جو پرینک میسج کرتے ہیں۔

اوکے، چلیں ہم آپ کو بعد میں کال کرتے ہیں ۔

ابھی کال ہی تو ہو رہی ، وہ میرا لیپ ٹاپ اور سونا ۔۔۔

جی وہ بتاتے ہیں آپ کو ۔۔

میرا واٹس ایپ تو لے لیجیے، میرا لیپ ٹاپ اور ۔۔۔

ٹُون ۔۔ ٹُوں ۔۔ ٹُوں ۔۔ ٹُوں ۔۔۔۔۔۔۔۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں