اصلحان خاتون ، ڈرامہ ارطغرل غازی ، شادی کے لباس

ارطغرل غازی : پی ٹی وی اپنے فرائض پورے کیوں نہیں کررہا ؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

شمائلہ ڈھلوں :

پاکستان اور دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والا ڈرامہ سیریل ’ ارطغرل غازی ‘ کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ہر کردار اپنی مثال آپ ہے۔ ارطغرل غازی کے کردار ادا کرنے والے اداکار انگین آلتان دوزیاتان نے اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے ’ ارطغرل غازی ‘ کے کردار کو مقبولیت کے بام عروج پر پہنچایا ہے۔

گزشتہ ایک سال سے پی ٹی وی پر دکھایا جانے والا ’ ارطغرل غازی ‘ اس وقت چوتھے سیزن میں داخل ہوچکا ہے جہاں ارطغرل غازی کا وفادار ساتھی دوغان شہید ہوچکا ، وہیں ارطغرل غازی کا وفادار ساتھی اور طبیب اسحاق بھی جام شہادت نوش کرچکا ہے۔

سازشوں کا جال پھیلتا جارہا ہے، صلیبیوں کے ساتھ مل کر سعادتین کوپیک اسلامی سلطنت کے قیام میں رخنہ اندازی میں مصروف عمل ہے۔ اصلحان خاتون کا سعادتین کوپیک سے شادی نہ کرنے کا فیصلہ سعادتین کوپیک کو نفرت اور انتقام کی آگ میں جلا رہا ہے، وہ ہر طرح سے اصلحان سےبدلہ لینا چاہتا ہے اور اس کے لیے سعادتین نے اصلحان کی خادمہ خاص اسما کی مدد حاصل کی ۔ اسما نے دلہا دلہن کے کمرہ خاص میں رکھے ہوئے شربت میں زہر ملا دیا ۔ ترگت اور اصلحان شربت پیتے ہیں ، جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوجاتی ہے۔
ترگت اور اصلحان کو ایسا زہر دیا گیا جس سے متاثرہ فرد کا سارا جسم میں مفلوج ہوجاتا ہے اور ایک ایک کرکے جسمانی اعضا ناکارہ ہونے لگتے ہیں۔

ارطغرل غازی اور اس کے ساتھی صلیبیوں کی ملکیت ’ کارا جیسار قلعہ ‘ پر حملہ کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے ہوتے ہیں، مگر عین اسی وقت جب وہ روانگی کے لئے گھوڑوں پر سوار ہوتے ہیں، ترگت اور اصلحان زندگی اور موت کی کشمکش میں پائے ملتے ہیں ۔ ڈرامہ اپنی ڈائریکشن ، اداکاروں کی اداکاری، مناظر کی عکس بندی غرضیکہ ہر لحاظ سے بہترین ہے۔

ترکی والوں نے یہ ڈرامہ اپنے حساب سے بنایا ہے، اس ڈرامے کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے حوالے سے چند اعتراضات ہیں جو پی ٹی وی پر اٹھانا ضروری ہیں ۔ پی ٹی وی کو ہمیشہ سے فیملی چینل کی حیثیت حاصل رہی ہے مگر ماڈرن ازم کے چکر میں پی ٹی وی اپنے ساتھ روایات کو روندنے میں مصروف ہے۔ ایسے مناظر جنھیں بے ہودہ کہا جاتا ہے بڑے آرام سے پی ٹی وی نشر کررہا ہے۔

نہ جانے پی ٹی وی کا سنسر بورڈ کہاں گیا ہوا ہے؟ اس کی قینچی کو زنگ لگ گیا ہے؟ اور اس کی دھار کاٹ دار نہیں رہی ؟ کہ بے ہودہ مناظر کو دھڑلے سے دکھایا جاتا ہے۔اس سلسلے میں پی ٹی وی کو اپنی موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بات پی ٹی وی کے ارباب اختیار بھی جانتے ہیں کہ ڈرامے کو ایک بڑی تعداد دیکھتی ہے جس میں ہر عمر اور فکر کے لوگ شامل ہیں، ایسے میں‌ایڈیٹنگ کے شعبے کو اپنے فرائض مکمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ ڈرامے کے دوران چینل بدلنے کی ضرورت محسوس نہ کریں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “ارطغرل غازی : پی ٹی وی اپنے فرائض پورے کیوں نہیں کررہا ؟”

  1. Tajammal Aziz Avatar
    Tajammal Aziz

    میں اس تحریر سے مکمل ا تفاق کرتا ہوں۔ آج کل کے دور میں معاشرے پر اثر انداز ہونے والے عوامل کی درستگی نہایت احسن قدم ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈرامہ مسلم ہسٹری اور ثقافت کی عکاسی بھرپور انداز میں کرتا ہے۔ لیکن قابل اعتراز عکس بندیو ں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا اسے مناظر کو سسنسر کر دیا جائےجن کی وجہ سے کم سن بچوں کی تربیت پر برا تاثر جا تا ہو۔