غزہ میں بارشوں کا پانی خیموں میں داخل

موسمِ سرما کی بارشیں: غزہ کے لاکھوں متاثرین دوبارہ ہجرت پر مجبور

·

غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کے لیے موسمِ سرما ایک نئی آزمائش بن کر سامنے آیا ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب نے خیموں میں قائم عارضی پناہ گاہوں کو بھی غیر محفوظ بنا دیا ہے، جہاں ہزاروں خاندانوں کا سامان تباہ ہو چکا ہے اور سیکڑوں خاندان ایک بار پھر نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ خستہ حال عمارتیں، تباہ شدہ نکاسی آب کا نظام اور امدادی سامان کی شدید قلت نے انسانی بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔

نومبر کے اوائل میں وسطی غزہ کے علاقے الزوایدہ میں ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران سیلابی پانی جابر الکسیح کے خیمے میں داخل ہو گیا، جس سے ان کے خاندان کے گدے بھیگ گئے اور کھانے پینے کا تمام سامان خراب ہو گیا۔

شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ سے نقل مکانی کرکے الزوایدہ پہنچنے والے الکسیح نے الجزیرہ کو بتایا کہ گزشتہ موسمِ سرما میں بھی ان کا کیمپ تین سے چار مرتبہ سیلاب کی زد میں آیا تھا، جس کے بعد ان کے کئی پڑوسی یہ علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطہ امورِ انسانی (اوچا) کے مطابق غزہ کی مجموعی آبادی کا تقریباً 65 فیصد، یعنی 13 لاکھ 60 ہزار فلسطینی، اس وقت خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 6 نومبر کی شام شروع ہونے والے طوفان نے صرف 12 گھنٹوں میں تقریباً 70 ہزار خیموں کو زیرِ آب کر دیا۔ اقوامِ متحدہ کے ابتدائی اندازوں کے مطابق اس طوفان سے تقریباً 2 لاکھ 26 ہزار افراد متاثر ہوئے، جبکہ 5 ہزار سے زائد خاندانوں کو سر چھپانے کے لیے کوئی جگہ میسر نہ رہی اور انہیں کھلے آسمان تلے رات گزارنا پڑی۔ اس دوران تقریباً 600 خاندان دوبارہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔

بارشوں اور سیلاب نے کئی قیمتی جانیں بھی لے لیں۔ 8 نومبر کو دیر البلح کے جنوب میں واقع ایک پناہ گزین کیمپ میں خیموں کے قریب ریت کا پشتا گرنے سے بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ اوچا کے مطابق طوفان کے دوران ایک شیر خوار بچہ ڈوب کر جان سے گیا، جبکہ 13 نومبر کو نو ماہ کا ایک بچہ شدید سردی کے باعث جسمانی درجہ حرارت خطرناک حد تک گرنے (ہائپوتھرمیا) سے دم توڑ گیا۔

غزہ کی پٹی کی بلدیاتی کونسلوں کی یونین نے خبردار کیا ہے کہ رواں موسمِ سرما میں تقریباً ایک ہزار کیمپوں اور دیگر عارضی پناہ گاہوں کو سیلاب کا خطرہ لاحق ہے۔ بلدیاتی حکام کے مطابق 2 لاکھ بوسیدہ خیموں کو فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ 2 ہزار سے زائد تباہ شدہ عمارتیں کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہیں۔

اکتوبر 2023 میں اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد غزہ مسلسل تباہی اور بے دخلی کا سامنا کر رہا ہے اور اب جنگ کے بعد اپنے چوتھے موسمِ سرما میں داخل ہو رہا ہے۔ امدادی سامان کی ترسیل پر پابندیوں، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے اور محفوظ پناہ گاہوں کی عدم دستیابی نے بے گھر فلسطینیوں کو بارشوں، سیلاب اور شدید سردی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق اسرائیلی پابندیوں کے باعث فلسطینیوں کی غزہ کے بڑے حصوں تک رسائی محدود ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں انہیں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے بہت کم مواقع میسر ہیں۔

17 نومبر کو عالمی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم) اور عالمی ادارہ خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے بتایا کہ غزہ کی آبادی کو علاقے کے 40 فیصد سے بھی کم حصے تک محدود کر دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ تقریباً 1700 پناہ گاہوں میں سے نصف سے زیادہ ایسے نشیبی علاقوں میں قائم ہیں جہاں بارش کے دوران سیلاب آنے کا شدید خطرہ موجود ہے۔

دوسری جانب فلسطینیوں کو ایک نئی ممکنہ فوجی کارروائی اور مزید بے دخلی کے خدشات کا بھی سامنا ہے۔ جمعرات کو اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی کہ اگر حماس نے ہتھیار نہ ڈالے تو نئی فوجی کارروائی شروع کی جا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں 10 لاکھ فلسطینیوں کو جنوب کی جانب دھکیلنا پڑے گا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے غزہ کے باقی ماندہ 30 فیصد علاقے پر حماس کے کنٹرول کو محض ایک سراب قرار دیا، تاہم اس بیان میں فوری طور پر انخلا کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔

غزہ میں تباہ شدہ مکانات بھی اب پناہ لینے کے قابل نہیں رہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیٹلائٹ تجزیے کے مطابق جون کے وسط تک غزہ کی تقریباً 82 فیصد عمارتیں تباہ یا جزوی طور پر متاثر ہو چکی تھیں۔

نصیرات میں نومبر کے پہلے طوفان کے دوران اسرائیلی حملے سے متاثرہ ایک رہائشی عمارت کی چھت سے ملبہ گرنے لگا تو ناصر الحاج اپنے بچوں کو لے کر پڑوسی کے گھر منتقل ہو گئے۔ انہوں نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر وہ کہاں جائیں، کرائے بہت زیادہ ہیں اور خیمے بھی محفوظ نہیں رہے۔

غزہ میں سیلاب کے خطرات کی ایک بڑی وجہ اسرائیلی جنگ کے دوران بارش کے پانی کی نکاسی کے نالوں اور سیوریج کے نظام کی تباہی ہے۔ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے قائم بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہو چکا ہے، جس کے باعث معمول سے زیادہ بارش بھی بڑے پیمانے پر سیلاب کا سبب بن رہی ہے۔

بلدیاتی ترجمان حسنی مہنا کے مطابق پہلے طوفان کے وقت غزہ شہر کے آٹھ پمپنگ اسٹیشن اور بارش کا پانی جمع کرنے والے تین بڑے تالاب ناکارہ ہو چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام دستیاب نظام بھی فعال ہوتا تو وہ بارش کے پانی کے مجموعی حجم کے پانچویں حصے سے زیادہ کو سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

اوچا کی رپورٹ کے مطابق طوفان کے دوران غزہ شہر کے پانی ذخیرہ کرنے والے بڑے تالابوں میں سے ایک، شیخ رضوان جھیل میں پانی کی سطح تقریباً ڈیڑھ میٹر تک بلند ہو گئی۔ اقوامِ متحدہ نے جمعرات کو بتایا کہ اس علاقے کا پمپنگ اسٹیشن اپنی اصل صلاحیت کے 40 فیصد سے بھی کم استعداد پر کام کر رہا ہے۔

وسطی غزہ کی بلدیاتی کونسلوں کو خدشہ ہے کہ وادیِ غزہ میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے المغراقہ اور الزہرا کے علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔

سیلابی صورتحال سے نمٹنے والے ہنگامی ادارے بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ غزہ کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق 7 نومبر کو اسے امداد اور بچاؤ کے لیے 2166 فون کالز موصول ہوئیں، تاہم وسائل کی کمی کے باعث امدادی ٹیمیں صرف 218 مقامات تک پہنچ سکیں، جبکہ دیگر متاثرین کو فون پر ہی رہنمائی فراہم کی گئی۔

بارشوں کے نتیجے میں سیوریج کا پانی پناہ گاہوں اور رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق نومبر کے اوائل میں آنے والے طوفان کے دوران امدادی کارکنوں نے سکشن ٹرکوں کی مدد سے 58 پناہ گاہوں سے گندا اور سیوریج ملا پانی نکالا۔

غزہ شہر کے پیشنٹس فرینڈز بینوولینٹ سوسائٹی اسپتال کے تہہ خانے میں بھی پانی بھر گیا، جہاں بچوں کا وارڈ، فارمیسی اور شعبہ ریڈیولوجی قائم تھا۔ دیگر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث مریضوں اور طبی عملے کو علاج گاہوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب خیموں میں گنجائش سے زیادہ افراد کی رہائش اور صاف پانی کی عدم دستیابی نے متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔

غزہ شہر کے رنتیسی چلڈرن اسپتال کے ماہرِ امراضِ اطفال شریف مطر کے مطابق گنجان آباد خیموں میں رہنے والے خاندانوں کے پاس بنیادی صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لیے بھی مناسب مقدار میں پانی دستیاب نہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یکم اکتوبر سے 23 نومبر کے درمیان غزہ میں گردن توڑ بخار کے 692 مشتبہ کیسز ریکارڈ کیے، جن میں زیادہ تر ایک سال سے کم عمر بچے شامل ہیں۔

غزہ کی وزارتِ صحت نے اکتوبر میں اس بیماری کے 272 کیسز سامنے آنے کے بعد 24 نومبر کو وبا پھیلنے کا انتباہ جاری کیا۔ عام حالات میں غزہ میں گردن توڑ بخار کے ماہانہ کیسز کی تعداد 30 سے 50 کے درمیان رہتی ہے، تاہم حالیہ اعدادوشمار میں نمایاں اضافے نے طبی حکام کی تشویش بڑھا دی ہے۔

غزہ میں بے گھر افراد کے لیے سب سے بڑا مسئلہ مناسب پناہ گاہوں اور سرمائی ضروریات کے سامان کی عدم دستیابی ہے۔ امدادی تنظیموں کے مطابق لاکھوں ڈالر مالیت کے خیمے اور دیگر سامان سرحد کے باہر موجود ہونے کے باوجود اسرائیلی پابندیوں کے باعث متاثرین تک نہیں پہنچ پا رہے۔

13 نومبر کو اقوامِ متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ٹیم نے بتایا کہ امدادی تنظیموں اور مختلف حکومتوں کی جانب سے خریدے گئے ڈیڑھ لاکھ سے زائد خیمے غزہ سے باہر رکے ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر مصر کے علاقے العریش میں موجود ہیں۔

یورپی کمیشن نے بدھ کو بتایا کہ یہ خیمے تاحال ٹرکوں پر لدے غزہ میں داخلے کے منتظر ہیں، کیونکہ اسرائیلی حکام نے نہ تو خیموں اور نہ ہی انہیں نصب کرنے کے لیے درکار آلات کی ترسیل کی اجازت دی ہے۔

مصر سے غزہ بھیجے جانے والے امدادی سامان کو براہِ راست رفح کے راستے داخل کرنے کے بجائے معائنے کے لیے کرم ابو سالم کراسنگ کی طرف منتقل کیا جاتا ہے، جسے اسرائیل میں کیرم شالوم کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی حکام پناہ گاہوں کی تعمیر اور مرمت میں استعمال ہونے والے بعض سامان کو دوہرے استعمال کی اشیا قرار دیتے ہیں، یعنی ایسا سامان جسے جنگی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس درجہ بندی کے باعث امدادی سامان کی ترسیل مزید محدود ہو جاتی ہے۔

دوسری جانب امدادی سامان کی نگرانی کرنے والے اسرائیلی فوجی ادارے کوگیٹ نے پیر کو دعویٰ کیا کہ اس کے سرمائی امدادی پروگرام کے تحت تقریباً ایک لاکھ خیمے غزہ پہنچائے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 67 ہزار سے زائد خیموں اور دیگر سرمائی سامان کی ترسیل کی منظوری دی گئی ہے۔

تاہم ناروے کی امدادی تنظیم نارویجن ریفیوجی کونسل (این آر سی) نے بدھ کو بتایا کہ غزہ کے اندر امدادی اداروں کے پاس اس وقت 6500 سے بھی کم خیمے موجود ہیں۔

امدادی سامان کی شدید قلت نے مقامی منڈیوں میں قیمتیں بھی کئی گنا بڑھا دی ہیں۔ این آر سی کے مطابق غزہ میں چھ افراد پر مشتمل ایک خاندان کے لیے موسمِ سرما کی بنیادی ضروریات پوری کرنے پر 6 ہزار ڈالر سے زیادہ خرچ ہو سکتے ہیں، جبکہ یہی سامان بیرونِ ملک سے خرید کر غزہ لانے کی لاگت تقریباً 700 ڈالر بنتی ہے۔

امدادی اداروں کے مطابق موسمِ سرما میں متاثرہ خاندانوں کو کم از کم ضروری پناہ گاہیں فراہم کرنے کے لیے 28 کروڑ 30 لاکھ ڈالر درکار ہیں، تاہم عطیہ دہندگان اب تک اس رقم کا صرف 35 فیصد فراہم کر سکے ہیں۔

سرحد پار کرکے غزہ پہنچنے والے امدادی سامان کی تقسیم بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ انہیں امداد کب اور کہاں سے ملے گی۔

خان یونس کے قریب المواصی کے علاقے میں مقیم فادی وافی نے بدھ کو فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کو بتایا کہ گزشتہ طوفان سے متاثرہ افراد کی فہرست میں ان کا نام بھی شامل کیا گیا تھا، لیکن انہیں اب تک کوئی امدادی سامان نہیں ملا۔ ان کے پانچ افراد پر مشتمل خاندان کے پاس صرف دو گدے اور دو کمبل ہیں۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے منگل کو خبردار کیا کہ آئندہ چند روز میں ایک اور طوفان آنے کا خدشہ ہے، جس سے پہلے امدادی اداروں اور بلدیاتی حکام نے سیلاب کے خطرات کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

امدادی کارکنوں نے نکاسی آب کے نالوں کی صفائی، خیموں کو مضبوط بنانے اور سیلابی رکاوٹیں کھڑی کرنے کا کام کیا ہے، تاہم اوچا نے 20 نومبر کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار 356 مقامات میں سے صرف 162 پر ہی حفاظتی اقدامات مکمل کیے جا سکے ہیں۔

عالمی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے پیر کو بتایا کہ اسرائیلی حکام نے تقریباً 1200 خاندانوں کے لیے نسبتاً مضبوط ہنگامی پناہ گاہیں تعمیر کرنے کی غرض سے لکڑی کے تقریباً 70 ہزار ٹکڑوں اور 1200 سے زائد آلات کی کٹس غزہ میں داخل کرنے کی منظوری دی ہے۔

اسرائیلی ادارے کوگیٹ کے مطابق پانی نکالنے والے پمپوں اور جنریٹروں کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شیخ عجلین اور شیخ رضوان کے سیوریج پلانٹس کی جزوی مرمت کی اجازت دینے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ سامان غزہ پہنچ چکا ہے یا نہیں۔

کوگیٹ کا مؤقف ہے کہ تعمیرِ نو میں استعمال ہونے والا سامان حماس کے مکمل طور پر غیر مسلح ہونے کے بعد ہی غزہ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ دوسری جانب غزہ کی بلدیاتی کونسلیں پانی نکالنے والے پمپوں، متبادل بجلی فراہم کرنے والے جنریٹروں اور ایندھن کی فوری فراہمی کا مطالبہ کر رہی ہیں تاکہ مزید بارشوں کی صورت میں ممکنہ تباہی کو کم کیا جا سکے۔

غزہ میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کے لیے یہ صورتحال محض ایک موسمی مسئلہ نہیں بلکہ زندگی اور موت کا سوال بن چکی ہے۔

امِ ہانی حمودہ کا خاندان اب تک تقریباً 15 مرتبہ نقل مکانی کر چکا ہے۔ الزوایدہ میں بارش کے باعث ان کا خیمہ زیرِ آب آنے کے بعد انہوں نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خیموں کے بجائے انہیں رہائش کے لیے عارضی کنٹینر فراہم کیے جائیں، کیونکہ ایک سادہ سا رہائشی کنٹینر بھی موجودہ خیموں کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ ہو سکتا ہے۔

غزہ کے لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کے لیے اب سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ اگر ایک اور طوفان آیا تو وہ اپنے بچوں اور خاندانوں کو لے کر کہاں جائیں گے، جب ان کے پاس نہ محفوظ گھر ہیں، نہ مناسب خیمے اور نہ ہی کسی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کوئی راستہ۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں