ملزمہ سلمیٰ اور اس کا دوست نزاکت گجرات پولیس کے ساتھ

نوڈلز کھانے سے 20 سالہ لڑکی کی موت کا معمہ حل، سگی بہن اور اس کا ساتھی قتل کے الزام میں گرفتار

·

گجرات میں نوڈلز کھانے سے 20 سالہ لڑکی کی پراسرار موت کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مقتولہ کی 18 سالہ سگی چھوٹی بہن اور اس کے مبینہ ساتھی کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر نوڈلز میں زہریلی گولیاں ملانے کے بعد لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا اور واقعے کو حادثاتی موت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

واقعہ 17 نومبر کو ضلع گجرات کے علاقے برسا میں پیش آیا، جہاں 20 سالہ ثانیہ بی بی اور اس کی چھوٹی بہن سلمہ بی بی کی نوڈلز کھانے کے بعد طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ اہل خانہ دونوں بہنوں کو فوری طور پر عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ثانیہ بی بی کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ سلمہ بی بی کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

ابتدائی طور پر واقعے کو ناقص یا مضر صحت نوڈلز کھانے کا نتیجہ سمجھا گیا تھا، تاہم پولیس کی تحقیقات اور طبی و فرانزک شواہد سامنے آنے کے بعد معاملہ قتل کا نکلا۔

گجرات پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم کو تحقیقات کی ہدایت کی۔ مقتولہ کے جسم، خصوصاً گردن پر مشتبہ نشانات سامنے آنے کے بعد پولیس نے واقعے کی مزید چھان بین شروع کی اور پوسٹ مارٹم بھی کروایا۔

پولیس نے نوڈلز کے نمونے اور مقتولہ کے جسم سے حاصل کیے گئے طبی شواہد فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی نوڈلز کے نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ کی۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق نوڈلز کے نمونوں میں کسی مضر صحت مادے کی موجودگی ثابت نہیں ہوسکی، جبکہ پوسٹ مارٹم اور طبی شواہد سے زہر خورانی اور گلا دبانے کے شواہد سامنے آئے۔

پولیس تحقیقات کے مطابق سلمہ بی بی کے نزاکت علی نامی نوجوان کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے۔ نزاکت علی ان کے گھر دودھ فراہم کرنے کے لیے آتا تھا اور دونوں کے درمیان موبائل فون پر بھی رابطہ رہتا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ ثانیہ بی بی کو اپنی چھوٹی بہن کے ان تعلقات کا علم ہوگیا تھا۔ وہ متعدد مرتبہ سلمہ کو نوجوان سے تعلق ختم کرنے کا کہہ چکی تھی اور اسے خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے ایسا نہ کیا تو وہ والدین کو اس بارے میں آگاہ کردے گی۔

تحقیقات میں سامنے آنے والے الزام کے مطابق اسی خدشے کے باعث سلمہ بی بی نے نزاکت علی کے ساتھ مل کر اپنی بڑی بہن کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ دونوں نے مبینہ طور پر گندم کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہونے والی زہریلی گولیاں نوڈلز میں ملا دیں۔

پولیس کے مطابق ثانیہ بی بی نے ابتدا میں نوڈلز کا ایک لقمہ کھایا، لیکن ذائقہ خراب ہونے پر مزید کھانے سے انکار کردیا۔ بعدازاں ملزمان نے مبینہ طور پر اسے زبردستی زہریلے نوڈلز کھلائے اور اس کی حالت خراب ہونے پر گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کو حادثاتی موت ظاہر کرنے کے لیے سلمہ بی بی نے خود بھی تھوڑی مقدار میں نوڈلز کھائے تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔

مقتولہ کے والد رفاقت علی نے 25 نومبر کو پولیس کو درخواست دی، جس میں اپنی چھوٹی بیٹی سلمہ بی بی اور اس کے ساتھی نزاکت علی کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

پولیس نے والد کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف بھی کیا ہے اور ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ مبینہ تعلقات کو والدین سے چھپانا سامنے آئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں