کتاب ’ اک کمرہ، ہو جو اپنا‘ کا ٹائٹل

اک کمرہ، ہو جو اپنا

·

مترجم: عرفان افضل

ناشر: نیشنل بُک فاؤنڈیشن

تانیثی فکر کی تاریخ میں چند ہی ایسی کتابیں ہیں جنہوں نے اپنے عہد سے آگے بڑھ کر آنے والی نسلوں کی فکری تشکیل پر گہرا اثر ڈالا ہو۔ ورجینیا وولف کا   A Room of One’s Ownانہی چند کلاسیکی متون میں شمار ہوتا ہے۔ 1929ء میں تحریر ہونے والا یہ طویل مضمون بظاہر اس سوال سے آغاز کرتا ہے کہ عورتیں عظیم ادب کیوں کم تخلیق کر سکیں؟ لیکن رفتہ رفتہ یہ سوال تخلیقی آزادی، معاشی خودمختاری، علم تک رسائی اور پدرشاہی سماج کے باہمی تعلقات کی ایک گہری تہہ میں اتر جاتا ہے۔

قریب ایک صدی گزرنے کے باوجود وولف کا بنیادی استدلال اپنی معنویت نہیں کھو رہا، کیونکہ وہ عورت کی تخلیقی محرومی کو محض انفرادی صلاحیت یا ذہانت کا مسئلہ نہیں سمجھتیں بلکہ اسے سماجی اور معاشی ڈھانچوں سے جوڑ کر دیکھتی ہیں۔

ایسے میں اس کلاسیکی متن کا اردو ترجمہ ’ایک کمرہ، ہو جو اپنا‘ خوش آئند اضافہ ہے۔

مترجم عرفان افضل نے نہ صرف وولف کے پیچیدہ مگر شفاف اسلوب کو بڑی حد تک برقرار رکھا ہے بلکہ اسے ایسی رواں اردو میں منتقل کیا ہے جو علمی ہونے کے باوجود ثقیل محسوس نہیں ہوتی۔

مترجم کا مختصر دیباچہ بھی ترجمے کے لیے ایک مناسب تمہید فراہم کرتا ہے۔ وہ اپنے ذاتی مطالعے کے تجربے سے آغاز کرتے ہوئے اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ وولف نے جن پدرشاہی رویوں پر ایک صدی پہلے تنقید کی تھی، ان کی بازگشت ہمارے معاشرے میں آج بھی پوری شدت کے ساتھ سنائی دیتی ہے۔

اس تناظر میں وہ ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2024 کا حوالہ بھی دیتے ہیں، جس میں پاکستان 146 ممالک میں 145ویں نمبر پر رہا، جو اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کو آج بھی مساوی مواقع، سماجی شمولیت اور فیصلہ سازی کے حوالے سے سنگین رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

یوں وولف کا یہ مضمون پاکستانی سماج کے لیے بھی براہِ راست معنویت اختیار کر لیتا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ دیباچہ اصل متن پر غالب نہیں آتا بلکہ قاری کو اس کی قرأت کے لیے ذہنی طور پر تیار کرتا ہے۔

وولف کی دلیل کی پائیداری اس بات میں ہے کہ وہ عورت کی محرومی کو محض قانونی یا سماجی مسئلہ نہیں سمجھتیں بلکہ اسے تخلیقی امکانات کے ضیاع سے جوڑتی ہیں۔ وہ بار بار اس حقیقت کی طرف توجہ دلاتی ہیں کہ عورت ہمیشہ مطالعے اور بحث کا موضوع تو رہی، مگر اسے خود اپنی آواز تشکیل دینے کا موقع کم ہی ملا۔ اسی تضاد کو وہ ایک نہایت چونکا دینے والے سوال میں سمیٹ دیتی ہیں:

’کیا آپ کو کچھ اندازہ ہے کہ ایک سال کے عرصے میں خواتین کے بارے میں کتنی کتابیں لکھی گئی ہیں؟… کیا آپ جانتی ہیں کہ آپ اس کائنات کا سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والا جانور ہیں؟‘

یہ سوال محض طنز نہیں بلکہ پورے مغربی علمی اور ادبی ورثے پر ایک بنیادی تنقید ہے۔ عورت کے بارے میں بے شمار بیانیے تشکیل دیے گئے، مگر عورت خود ان بیانیوں کی مصنف کم ہی بن سکی۔

اسی استدلال کو آگے بڑھاتے ہوئے وولف مردانہ اقتدار کی نفسیات کو ایک نہایت بلیغ استعارے میں بیان کرتی ہیں:

’گزشتہ کئی صدیوں سے خواتین ایسے آئینوں کا کام کرتی آ رہی ہیں جس میں مردوں کا قد دوگنا کر کے دکھانے کی طلسماتی اور فرحت بخش صلاحیت ہے۔‘

چند سطروں میں وولف یہ واضح کر دیتی ہیں کہ عورت کو صرف سماجی طور پر محکوم نہیں بنایا گیا بلکہ اسے مرد کی عظمت کے اظہار کا ذریعہ بھی بنا دیا گیا۔ یہی وہ فکری باریکی ہے جو A Room of One’s Own  کو محض حقوقِ نسواں کی تحریر نہیں رہنے دیتی بلکہ اسے طاقت، شناخت اور علم کی سیاست پر ایک غیر معمولی تبصرہ بنا دیتی ہے۔

اسی تناظر میں وولف عورت کی تاریخی حیثیت کے تضاد کو نہایت اختصار مگر شدت کے ساتھ بیان کرتی ہیں:

’تصوراتی طور پر وہ انتہائی اہم ہے، عملی طور پر وہ بالکل غیر اہم، شاعری کی حد تک وہ کتابوں کے شروع سے آخر تک پھیلی ہوئی ہے، تاریخ اُٹھا کر دیکھیں تو تقریباً غائب۔‘

شاعری میں محبوبہ، دیوی اور الہام کا سرچشمہ بننے والی عورت حقیقی زندگی میں تعلیم، جائیداد، فیصلہ سازی اور تخلیقی اظہار کے حق سے محروم رہی۔ وولف اسی تاریخی خاموشی کو ’شیکسپیئر کی بہن‘  کی علامتی مثال کے ذریعے سمجھاتی ہیں اور یہ باور کراتی ہیں کہ مسئلہ صلاحیت کی کمی نہیں بلکہ مواقع کی عدم دستیابی ہے۔

مضمون کا مرکزی نکتہ اس وقت پوری وضاحت کے ساتھ سامنے آتا ہے جب وولف لکھتی ہیں:

’فکری آزادی مادّی چیزوں کی دستیابی پر منحصر ہے۔ شاعری، فکری آزادی پر منحصر ہے… یہی وجہ ہے کہ میں نے پیسے اور ذاتی کمرے کی دستیابی پر اتنا زور دیا ہے۔‘

یہی وہ جملہ ہے جو پوری کتاب کا حاصل بھی ہے اور اس کی دیرپا اہمیت کی بنیاد بھی۔ وولف کے نزدیک ’کمرہ ‘ صرف چار دیواری نہیں بلکہ ایک ایسی نجی فضا کا استعارہ ہے جہاں معاشی انحصار، سماجی مداخلت اور ذہنی خوف سے آزاد ہو کر سوچا اور لکھا جا سکے۔ اسی لیے وہ مضمون کے اختتام پر امید ظاہر کرتی ہیں کہ اگر عورتوں کو معاشی آزادی، اپنا کمرہ اور ’جو ہم سوچیں، وہی لکھنے کی جرأت‘ میسر آ جائے تو وہ تخلیقی قوت، جو صدیوں سے دبائی جاتی رہی ہے، ایک نئی صورت میں جنم لے سکتی ہے۔

عرفان افضل کا ترجمہ ان تمام نکات کو نہایت سلیقے سے اردو میں منتقل کرتا ہے۔ انہوں نے لفظی وفاداری کے بجائے اسلوب، آہنگ اور مفہوم کی ترسیل کو ترجیح دی ہے، جس کے باعث وولف کی فکر اپنی پیچیدگی برقرار رکھتے ہوئے بھی اردو قاری کے لیے اجنبی محسوس نہیں ہوتی۔ ایک کمرہ ہو جو اپنا اس اعتبار سے محض ایک ادبی ترجمہ نہیں بلکہ اردو زبان میں ایک اہم فکری اضافہ ہے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں