سینئیر انٹیلی جنس افسر بریگیڈیئر جنرل ضاحیہ حمدان الطاہر

ریپڈ سپورٹ فورسز کو بڑا دھچکا: سینئر انٹیلی جنس افسر باغی ہو کر سوڈانی فوج سے جا ملے

·

 سوڈان کی نیم فوجی تنظیم ‘ریپڈ سپورٹ فورسز’ (RSF) کی صفوں میں پھوٹ شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں وسطی دارفور کے سینئیر انٹیلی جنس افسر بریگیڈیئر جنرل ضاحیہ حمدان الطاہر نے تنظیم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سوڈانی فوج کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے آر ایس ایف کی قیادت پر ذاتی مفادات اور غیر ملکی ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے مقامی قبائل کو قربانی کا بکرا بنانے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

سوڈان کے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر کارکنوں کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں بریگیڈیئر جنرل ضاحیہ حمدان الطاہر نے اپنا تعارف ریاست وسطی دارفور میں آر ایس ایف انٹیلی جنس کے اسپیشل آپریشنز آفس کے سربراہ اور بھرتی کمیٹی کے رکن کے طور پر کرایا۔

جمعہ کے روز جاری اس بیان میں الطاہر نے کہا ’میں سوڈانی عوام کے سامنے ریپڈ سپورٹ فورسز سے اپنی مکمل علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔‘

انہوں نے ریاست کے خلاف بغاوت میں شریک ہونے اور اس خانہ جنگی کے نتیجے میں ہونے والی تباہی پر قوم سے معافی بھی مانگی، اور آر ایس ایف کے خلاف جاری عسکری مہم میں سوڈانی فوج اور اس کی اتحادی قوتوں کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

متحدہ عرب امارات : پین اسلام ازم سے اسپارٹن حقیقت پسندی تک،

تزویراتی کایا پلٹ کی داستان

پاکستان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ناراض کیوں؟
آر ایس ایف کے سربراہ محمد حمدان دقلو (جو ‘حمیدتی’ کے نام سے معروف ہیں) کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے الطاہر نے اس جنگ کے بھاری جانی نقصان پر کڑے سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنازع میں سوڈانی معاشروں نے اپنے بے شمار نوجوانوں کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے آر ایس ایف قیادت پر الزام عائد کیا کہ وہ محض دقلو خاندان کے ذاتی مفادات کے تحفظ اور بیرونی ایجنڈوں کو آگے بڑھانے کے لیے سوڈانی قبائل اور برادریوں کے افراد کو ایندھن کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

آر ایس ایف کی قیادت کی جانب سے اس اعلان پر تاحال کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تنظیم کے کئی سینئر کمانڈروں اور انٹیلی جنس حکام کی جانب سے علیحدگی کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

یاد رہے کہ سوڈان اپریل 2023 سے شدید خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، جس کا آغاز ریپڈ سپورٹ فورسز کو باقاعدہ فوج میں ضم کرنے کے معاملے پر پیدا ہونے والے اختلافات کے بعد ہوا تھا۔ اس ہولناک تصادم میں اب تک دسیوں ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، جس نے سوڈان کو دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک سے دوچار کر رکھا ہے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں