ڈرامہ ”ارطغرل“

”ارطغرل“ نے عرب دنیا میں تہلکہ مچادیا، سعودی حکمران پریشان

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

مشہور ترک ڈرامہ سیریل ”دیریلش ارطغرل“( ارطغرل غازی) نے عرب دنیا میں مقبولیت کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکر سعودی عرب ، مصر اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں نے امسال فروری میں اس پر پابندی لگا دی۔ سعودی عرب کے دبئی میں موجود ”مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ سنٹر“ نے”ارطغرل “ ڈرامے کو اپنے ٹی وی نیٹ ورکس پر ممنوع قرار دے دیا۔ تاہم اس پابندی کا نتیجہ الٹ نکلا ،عرب دنیا میں ”دیریلش ارطغرل“ کی مقبولیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی اور عربوں نے اسے آن لائن دیکھنا شروع کردیا۔

مصر، تیونس اور متحدہ عرب امارات نے ”دیریلش ارطغرل“ کے مقابلے میں ایک ڈرامہ ”ممالک النار“ تیار کیا لیکن اسے کچھ خاص پذیرائی نہیں ملی ، اس ڈرامہ کا موضوع عثمانیوں اور مملوکوں کی مشرق وسطیٰ پر قبضہ کے لئے لڑائیاں تھیں۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات اور مصر میں ”دیریلش ارطغرل“ کے خلاف عرب قومیت کی بنیاد پر ایک زوردار مہم چلائی۔ تاہم عرب دنیا میں ”ارطغرل“ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے سامنے بند نہ باندھا جاسکا۔ اورعرب دنیا میں اس ڈرامے کو دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں نہیں کروڑوں تک پہنچ گئی۔

اس کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر پر مشتمل اتحاد ثلاثہ نےفتویٰ بازی کے ذریعے ”دیریلش ارطغرل“ کی مقبولیت کی راہ روکنے کی کوشش کی ۔ مصر کے فتوی دینے والے سب سے بڑے ادارے ”دارالافتاء“ نے ارطغرل کے خلاف فتویٰ دیا کہ یہ ڈرامہ کسی بھی صورت میں نہ دیکھا جائے۔ مذکورہ بالا فتویٰ میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کو بھی ہدف تنقید بنایاگیا اور کہاگیا کہ طیب ایردوان عثمانی خلافت کی بحالی اور عرب دنیا پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم عربوں نے اس فتویٰ کو دیکھنا بھی مناسب نہ سمجھا۔

” ارطغرل غازی“ نہ صرف ترکی، مشرق وسطیٰ ، جنوبی ایشیا سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں نہایت جوش و خروش سے دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ”ارطغرل غازی“ کی تعریف کی اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسے دیکھیں۔ انھوں نے پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ڈرامہ کی اردو زبان میں ڈبنگ کرکے اسے نشر کریں تاکہ پاکستانی قوم اسلامی تاریخ اور اس کی اقدار سے آگاہ ہو۔ چنانچہ اب ”ارطغرل“ یکم رمضان المبارک سے پاکستان ٹیلی ویژن ہوم پر دکھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ارطغرل غازی اب تک افغانستان،البانیہ، الجزائر، عرب دنیا، آذربائیجان، بنگلہ دیش، بوسنیا ہرزگوینا، برازیل، کینیڈا، چلی، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، پاکستان، جنوبی افریقہ، صومالیہ، شمالی قبرص، تیونس، برطانیہ، امریکا، ازبکستان اور وینزویلا میں بہت مقبول ہوا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں