پاکستان کے ایٹمی دھماکے ، چاغی ٹیسٹ ، بلوچستان

یوم تکبیر کا پیغام

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ڈاکٹر خولہ علوی :

گزشتہ صدی کے اواخر میں 28 مئی 1998ء کو اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بلوچستان میں ضلع چاغی کے کوہساروں پر نعرہ تکبیر کی گونج میں پانچ ایٹمی دھماکے کیے تھے۔ اور مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ الحمدللہ۔

تب عرب و عجم کے اسلامی ممالک نے ایسے خوشیاں اور جشن منایا تھا جیسے انہوں نے خود یہ دھماکے کیے ہوں کیونکہ
” مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں۔“ (الحدیث)
اور
” انما المومنون اخوۃ “ (سورۃ الحجرات: 10)
ترجمہ: ” بلاشبہ مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں۔“
اور

اخوت اس کو کہتے ہیں، چبھے کانٹا جو کابل میں
تو ہندوستان کا ہر پیر و جواں بےتاب ہو جائے

پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ڈاکٹر عبد القدیر خان اور ان کی ٹیم کے سر ہے۔ جنہوں نے ملک سے وفاداری اور حب الوطنی کا عملی سبق دیا۔ اور پاکستان کو اتنی بڑی کامیابی سے ہم کنار کیا۔ ثم الحمدللہ

یوم تکبیر پیغام ہے اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور کبریائی کا!
یہ ” اللہ اکبر“ کا پیغام ہے کہ ” اللہ سب سے بڑا ہے!“
اس کا پیغام ہے کہ ” اللہ اکبر“ کو صحیح طور پر ماننے والے ہی بڑے اور غالب ہیں اور غالب رہیں گے۔
وانتم الاعلون ان کنتم مؤمنین (سورۃ آل عمران:139)
ترجمہ: ” اور تم ہی غالب رہو گے اگر تم سچے مومن ہو۔“

اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے ہر طرح کے مسائل و مشکلات اور بیرونی دباؤ کو نظر انداز کرکے صرف اللہ تعالیٰ کے حکم اور پاکستان کے مفاد کی خاطر دھماکے کرنے کا جو دلیرانہ قدم اٹھایا تھا، وہ پاکستان کی عزت و احترام اور خودی کی خاطر تھا۔
یوم تکبیر کا پیغام یہ ہے کہ آج بھی پاکستان کو وہی خودی اور وقار درکار ہے!

یومِ تکبیر کا پیغام یہ بھی ہے کہ حکومت اور عوام دونوں کا فرض ہے کہ وہ ایٹمی پروگرام کی حفاظت اور ترقی و ترویج کے لیے ہر ممکن تعاون اور قربانی دینے کے لیے تیار رہیں کہ

تو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں

یومِ تکبیر توحید، ختم نبوّت، تحفظ ناموس رسالت، اسلامی شعائر اور دفاع ملک و ملت کے لیے اپنی صلاحیتیں اور کوششیں وقف کرنے کا پیغام ہے!

یہ یومِ دفاع ہے، یوم استحکام پاکستان ہے!
یہ یوم تجدید عہد ہے، تجدید ایمان ہے!
یہ یوم یکجہتی ہے، یوم سلامتی ہے!
یہ یوم فتح ہے، یوم نصرت ہے!
یہ یوم بقا ہے،یوم وفا ہے!

اللہ تعالیٰ پاکستان کو ایٹمی طاقت ہونے کے ناتے ملک و ملت کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے والا بنائے، اسے اسلام کا قلعہ، اور امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ کا نقیب، اور اتحاد امت کا علمبردار بنائے۔ آمین ثم آمین

شب گریزاں ہوگی آخر جلوۂ خورشید سے
یہ چمن معمور ہوگا نغمۂ توحید سے


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں