عائشہ اکرم

تمھاری خیر خواہ

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سمیرا غزل

میں تم کو طعنے نہیں دوں گی۔
نہ طنز کروں گی۔
نہ ہی برا بھلا کہوں گی ۔ میں تمھاری جنت یا دوزخ کا فیصلہ بھی نہیں کروں گی کہ یہ میری اوقات نہیں کہ خدا کے بندوں کا حساب کتاب کروں۔

مجھے تو تم سے شدید ہمدردی ہے ۔ ترس بھی آیا کہ تم کس قدر مشکوک ہوگئی ہو جب کہ تم خود کو قوم کی بیٹی کہہ کر متعارف کرواتی رہیں،مگر کوئی نہیں تھا جو تمھاری بات پر کان دھرتا۔ کاش تم خود اس کی وجہ جان سکو۔

مجھے تمھیں یہ بتانا ہے کہ اس ملک میں نہ جانے کتنی ہی لڑکیاں اپنا آپ مٹا کر گھر بناتی ہیں ۔ جب تک سورج ان کے سر پر نہ آجائے اپنا راز افشا نہیں ہونے دیتیں ۔ اپنی چھوٹی بڑی تکالیف کو اپنی ماں ، بہن اور ماں جایوں سے چھپاتی ہیں کہ آیا کوئی طیش میں آجائے اور معاملہ بگڑ جائے ۔ کتنی ہی پڑھی لکھی اور بظاہر بااعتماد لڑکیاں ہیں جو اپنی روح پر زخم کھاتی ہیں ۔ پھر بھی متاثرہ نہیں بننا چاہتیں ، بلکہ وہ اپنی اقدار اور خاندان کی عزت کا علم تھامے ایڑی چوٹی کا زور لگادیتی ہیں کہ بات بنی رہے ۔ ان کی عزت کا محور دیکھو ذرا !!! اور تمھارا دامن کس چوراہے پر خود اپنے ہی ہاتھوں تار تار ہوا اسے پہچانو ۔ اپنے آپ سے خود ہمدردی کرو ۔ اپنی عزت خود کرو یہ معاشرہ تمھاری عزت کرے گا۔

اس معاشرے میں کتنی ہی بیٹیاں ہیں جو والدین کا بازو بنتی ہیں ۔ کتنی ہی بیٹیاں ہیں جو زیادہ کچھ نہ بھی کر سکیں باپ بھائیوں پر بوجھ نہیں بنتیں،جو اپنے شوہروں کی بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

مگر پھر بھی کبھی کبھی ان بیٹیوں کے ساتھ بھی کچھ غلط ہوجاتا ہے ۔ اور اب یہ شعور سب کو آنے لگا ہے کہ بے وجہ خود کو دائو پر نہیں لگانا چاہیے ۔ مگر پھر بھی گھر والوں کی سپورٹ ہوتے ہوئے بھی ایک عزت دار اور باوقار لڑکی تن من دھن کی بازی لگا کر دراصل اپنا آپ بچاتی ہے۔

کیا یہ کوئی عام لڑکیاں ہوتی ہیں ؟ نہیں یہ بہت ذہین باصلاحیت لڑکیاں ہوتی ہیں . آخر یہ کیا سوچ کر خود کو تج دیتی ہیں؟ذرا اپنے آپ سے فرصت ملے تو سوچنا۔

مجھے تو نہیں پتا کہ اصل حقیقت کیا ہے ؟کیا پلان تھا ؟ اتفاقی تھا یا تم شامل تھیں؟مجھے ان سب باتوں سے مطلب نہیں ہے مگر بس اتنا کہنا ہے کہ خدارا ان پر رحم کرو جو متاثرہ ہو کر بھی متاثرہ نہیں بنتیں بلکہ حالات کا مقابلہ کر کے راہیں ہموار کرتی ہیں ۔ اور کچھ جو پھر بھی ناکام ہوجاتی ہیں ان کےلیے تم سے بس اتنی گزارش ہے اور تم سمیت اس طرح کے شوق رکھنے والی تمام لڑکیوں سے میری گزارش ہے کہ خود پر بھی رحم کرو اور دوسروں پر بھی شوق اور مجبوریوں کو خلط ملط مت ہونے دو ۔ اپنے دین کی یوں تضحیک نہ کرو ، اپنے دیس کی یوں بدنامی کا باعث مت بنو ۔ لازمی نہیں ہے کہ چار میں پانچواں ہاتھ تم بھی بن جائو۔

تمھارے والدین جو ابھی تک نظر نہیں آئے تھے ۔ اب تمھاری والدہ کو سامنے لایا گیا ہے نہ جانے یہ سچائی ہے یا یہ بھی جھوٹ ہے کہ جو کچھ انھوں نے کہا ۔ مجھے معاملات کی تہہ تک نہیں جانا مگر اتنا احساس دلانا چاہتی ہوں کہ اگر ان سے جھوٹ کہلوایا گیا ہے تو تمھاری عزت کی خاطر انھوں نے کہہ بھی دیا ہو شاید کہ بہرحال اولاد ہو مگر وہ اندر سے مر گئی ہوں گی چاہو تو فاتحہ پڑھ لو ۔ چاہو تو غلطی سدھار لو اور یہ دیکھ لو کہ اگر تم استعمال ہوئی ہو تو تب بھی نقصان تمھارا ہوا ، اور اگر کی گئی ہو تو تب بھی تمھارا۔

دیکھو رب کو جتنے بھی راستے جاتے ہیں موت سے پہلے سب کھلے رہتے ہیں ۔ تمھارے راستے میں کوئی بند گلی نہیں ہے ۔ وہ ارحم الراحمین ہے ۔ نہایت معاف کرنے والا ہے ۔ پلٹ آنے والوں کو بہت چاہتا ہے ۔ ہم سب ہی گناہ گار ہیں ۔ ہم سب ہی خطا کار ہیں وہ سب کے انتظار میں بیٹھا ہے۔

عائشہ عارف ہو یا حدیقہ یا فی الحال تمھارا کردار عورت کا یہ کردار کبھی عظیم نہیں ہوتا ، تم چاہو تو کردار بدل سکتی ہو اور دکھا سکتی ہو کہ عورت واقعی کتنی بڑی طاقت ہے اور کیا کچھ بدل سکتی ہے۔

تمھارا نام بھی عائشہ ہے۔بس تم سے ایک گزارش ہے کہ سیرت عائشہ رضی اللہ عنہا پڑھو ۔ اور غور کرو کہ تمھارا نام عائشہ کس مان سے اور کیوں رکھا گیا۔تم نہ قید ہو نہ مظلوم ۔

اصل بات یہ ہے کہ خود کو خود ترسی کی قید سے رہائی دو اور اپنا اصل مقام پہچانو تاکہ سستی شہرت کے لیے تم یا اس قوم کی کوئی بیٹی یوں سر عام نیلام نہ ہو نہ خوشی سے نہ جبرا۔
برا بھلا معاف کرنا۔

تمھاری خیر خواہ


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں