مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی

عرفان صدیقی گئے ہی کہاں ہیں!

·


10 نومبر2025ء وہ تاریخ ہے جب عرفان صدیقی صاحب دنیا فانی سے کوچ فرما کر بارگاہ خداوندی میں پیش ہوئے تھے۔ ایک سال یوں گزر گیا جیسے محض ایک لمحہ۔ اس دوران اُن کی یاد اُن سے محبت رکھنے والوں کو ہر روز ستاتی ہے۔ اس دَرد پیہم کاعلاج آنسو بہا کر، کسی نے قلم سے تو کسی نے محفل میں واقعہ یا رُوداد کے بیان سے ڈھونڈا اور جبار مرزا صاحب جیسے وفاشعار نے ہر صبح اُن کی مرقد پر حاضری لگا کر۔ لیکن یہ سب یادیں ایک بار پھر پوری شدت سے ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب ’میں اور عرفان بھائی‘ کی اشاعت سے تازہ ہوگئی ہیں۔

جہلم میں منعقدہ تقریب رونمائی میں محترم پرویز رشید، ڈاکٹر خورشید ندیم، محترمہ نجیبہ عارف، گگن شاہد نے عرفان صاحب پر اپنی محبتوں کے پھول برسائے تو پنجاب یونیورسٹی میں محترم مجیب الرحمن شامی، سہیل وڑائچ صاحب، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر اور دیگر محترم شخصیات نے اُن کی یادوں کو اپنے اپنے منفرد انداز میں بیان فرمایا۔ عرفان صاحب کے بچپن سے لے کر ایچ الیون قبرستان کا مکین بننے تک کے واقعات ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یوں بیان کیے ہیں کہ کتاب ایک زندہ وجود بن گئی ہے۔ ایک بھائی سے محبت کی پُراثر داستان جسے ایک ماہر لکھاری نے عینی شاہد کے طورپر قلم بند کیا ہے۔

یہ کتاب ایک عامل کی طرح مجھے9 اور 10 نومبر کی درمیانی شب کے اُس پہر میں لے گئی جب سینئر صحافی اور بڑے بھائی عامر الیاس رانا نے فون پر پوچھا: ’عرفان صاحب اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں؟ ‘

میں نے خود کو اُنہیں کھو دینے کے احساس سے سنبھالتے ہوئے متذبذب انداز میں جواب دیا کہ میرے پاس ابھی ایسی اطلاع نہیں۔ چند لمحے گزرے کہ عرفان صاحب کے بڑے صاحبزادے عمران صاحب نے فون پر اطلاع دی ’ارشد بھائی، ابو اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں۔‘

اگست 2025ءمیں عرفان صاحب پانچ روزہ غیر ملکی دورے سے ایک شام پہلے نامور طبیب ڈاکٹر ریاض صاحب کے راولپنڈی میں واقع کلینک گئے جو اُن سے پیر اور والد ایسی عقیدت رکھتے تھے۔ کمر اور دائیں شانے میں تکلیف کی شکایت پر ڈاکٹر صاحب نے ادویات تجویز کیں اور کچھ وٹامنز لینے کیلیے بھی اصرار کیا ۔واپسی پر میں نے عرض کی کہ سَر !یہ دورہ نہ کریں، آپ پہلے بھی کراچی تشریف لے گئے تھے تو طبیعت خراب ہوگئی تھی۔

اُستاد گرامی نے پدرانہ شفقت کے ساتھ میری طرف دیکھا اور مسکراتے ہوئے کہا کہ ’یار! میں نے اُن سب لوگوں سے وعدہ کیا ہوا ہے، بیماری تو انسان کے ساتھ ساتھ ہی رہتی ہے لیکن وعدہ پورا کرنا بھی ضروری ہے۔‘ میرے لیے یہ محض ایک جملہ نہیں تھا بلکہ زندگی کی حقیقت اور اس کے ساتھ سفر کرنے سے متعلق ایک نصیحت بھی تھی۔

ارشد ملک، مضمون نگار

وزیراعظم نواز شریف کے مشیر بن کر بھی عرفان صدیقی صاحب اُستاد کے نظم وضبط پر سختی سے قائم رہے۔ سرکاری وقت سے بھی پہلے دفتر تشریف لے آتے، کوئی پروٹوکول نہ افراتفری، کوئی جاہ وجلال نہ ہٹو بچو کی آوازیں، نہ ہی کوئی اور خر خشہ1992 ء سے لیکر وفات تک، کبھی ایک موقع ایسا نہیں دیکھا کہ اُستاد گرامی کے قدموں کی رفتار میں اُتار چڑھاؤ آیا ہو، عجلت جیسے اُن کے وجود کو چھو کر ہی نہیں گزری تھی، اُن کا مزاج گہرے سمندر کی طرح تھا، قلم، سوچ اور قدموں کی رفتار جیسے خدا کے نظام کی طرح اپنی طے شدہ روش پر قائم تھی۔ آواز عمومی سطح سے اونچی ہوئی نہ کبھی مزاج بپھری ہوئی لہروں میں بدلا۔ ایسا محسوس ہوتا کہ عرفان صاحب کے اندر بھی اللہ تعالیٰ نے کوئی گھڑی لگا رکھی ہے جس کے مطابق وہ اپنا ہر کام انجام دیتے ہیں۔

عرفان صاحب صبح سے رات تک علم وادب کے اداروں کی اصلاح، فن اور فن کار، قلم اور اہل قلم کے فروغ اور بہبود، اُردو کو قومی زبان کی عزت اور کھویا ہوا مقام دوبارہ دلانے، خطاطی کے اسلامی فن کی نشاہ ثانیہ، سرکاری نظام کو انگریزی زبان کے بجائے اُردو کا جامہ پہنانے، انگریزی کی طرح اردو لغت کو ڈیجیٹل بنانے سمیت اَن گنت کاموں میں مصروف ہوگئے۔ یہ اُن ہی کی دَرد مندی اور سوچ تھی کہ دہائیوں بعد پہلی بار بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کی تزئین وآرائش کا کام شروع ہوا، سات دہائیوں بعد مزار قائد میں نصب خستہ حال قیمتی فانوس تبدیل ہوا۔ عرفان صدیقی صاحب کے رابطہ کرنے اور قیمت ادا کرنے کی پیشکش کے باوجود دوست ملک چین کی حکومت نے مفت نیا فانوس فراہم کیا اور کہا کہ بانی پاکستان کے مزار کے لیے چین کی حکومت اور عوام کی طرف سے یہ تحفہ دینا ہمارے لیے ایک اعزاز ہے۔ اسی طرح مزار قائد پر نقاشی والا پتھر ایرانی ہے جس کی تبدیلی کے لیے بھی عرفان صدیقی صاحب کی ایران کی حکومت سے بات چیت ہوئی تھی لیکن بعدازاں حکومت کی تبدیلی کی وجہ سے اُنہیں یہ کام مکمل کرنے کی مہلت نہ مل سکی۔ اِس دوران اہل علم، خطاطی، مذہبی سیاحت سمیت کئی شعبوں میں عالمی کانفرنسز، نمائشیں اور تقاریب منعقد ہوئیں۔ کتب میلوں نے پورے پاکستان میں ایسی دھوم مچائی کہ خود اہل قلم اور لکھاری بھی یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے کہ اسلام آباد اور پاکستان کی سڑکوں، راستوں اور چوراہوں پر پہلی بار اہل قلم کی تصاویر دیکھ کر شہریوں کو ہی نہیں خود انہیں بھی بڑی حیرت ہوئی۔ قلم، اپنے کام سے لگن اور احساس ذمہ داری کا یہ عالم تھا کہ رحلت سے قبل جب وہ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج تھے، مختلف مشینوں میں گھرے، تاروں میں لپٹے اور آکسیجن ماسک پہنے بستر پر دراز تھے، اُٹھنے اور بات کرنے میں دقت تھی لیکن پھر بھی ہفتہ وار کالم لکھا اور فون پر مجھ سے سُنا۔ اُن کی وہ آخری آواز میرے ذہن میں محفوظ ہے۔ اُن کو بھلا دینا ممکن نہیں لیکن ایسے میں سیاست کے درویش سینیٹر پرویز رشید صاحب کے ایک جملے نے میرے دِل کو اُسی طرح اپنی آغوش میں لے لیا جیسے اپنی پیاری چیز کھو جانے پر روتا ہوا بچہ ماں کی گود میں پناہ لے لیتا ہے۔

پرویز رشید صاحب نے سچ کہا کہ عرفان صاحب گئے ہی کہاں ہیں۔ اُن کی یادیں، اُن کی تحریریں ، اُن کی محبت کی خوشبو اور اُن کی اُجلی سوچ کی صورت میں وہ ہم میں زندہ ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ مکہ مدینہ اور سرور انبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عشق و محبت کا قیمتی توشہ اپنے ہاتھوں میں تھامے، وہ جب اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش ہوئے ہوں گے تو عنایات ربانی سے اُن کی زندگی بھر کی تکان اُتر گئی ہوگی اور وہ بارگاہ رسالت مآبؐ میں، اپنی لکھی ہوئی نعتوں کے نذرانوں کے ساتھ حضرت علامہ اقبال کی وہ رباعی بھی اپنے پُر اثر لحن میں سنارہے ہوں گے:

توغنی از ہر دو عالم من فقیر

رُوز محشر عذر ہائے من پذیر

گر حسابم را تو بینی ناگزیر

اَز نگاہِ مصطفیٰ پنہاں بگیر

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں