مولانا فضل الرحمٰن کَہ رہے ہیں: ’’انھوں (حکومت) نے ہمارا راستہ روکا ہے اور رستے بند کیے ہیں۔ہم پُرامن لوگ ہیں۔‘‘
ویسے ہمارے یہاں کنٹینر کون لگاتا ہے یا لگواتا ہے، حکومت۔ اگر کہیں کنٹینروں کی وجہ سے راستے بند ہیں تو انتظامیہ / حکومت ذمے دار ہے لیکن اگر کہیں جے یوآئی کے کارکنان نے کوئی شاہراہ از خود احتجاج کے طور پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کی ہے تو اس بندش کے وہ ذمے دار ہیں۔ دونوں عملوں میں فرق کریں۔ یہ بہت سادہ سا فارمولا ہے۔
ہاں ، ایک تیسرا امکان بھی ہے۔کہیں انتظامیہ، ہماری ’’پولیس شریف ‘‘نے ارباب ِاقتدار کی ہدایت پر کوئی شاہراہ بند کی، جے یوآئی کے کارکنان نے وہاں احتجاج شروع کردیا اور بظاہر یہ ماحول بن گیا کہ جے یوآئی کے کارکنان ہی راستہ روکے بیٹھے ہیں اور احتجاج کررہے ہیں۔
لیکن ہمارے’’فیک خبریے‘‘ تمام مدعا ہی جے یوآئی پر ڈال رہے ہیں اور ہمیں اطلاع دے رہے ہیں کہ ان کی وجہ سے عام شہریوں کو نقل وحرکت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ عام شہری لاہور سے سوشل میڈیا پر وڈیوز ڈال رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ کنٹینر نصب ہیں۔’’فیک خبریے‘‘ پروپیگنڈا ضرور کریں، مگر ذرا برسرزمین صورت حال بھی ملاحظہ فرمالیں، زمینی حقائق کی جانچ کریں اور ایسا بیانیہ ترتیب دینے کی کوشش نہ کریں جس سے لگے کہ آپ جناب سرکار’’پرچی رپورٹر‘‘ یا وٹس ایپ گروپ آپ کمپنیز سے متعلق ہیں۔ ان میں بعض تو بڑے کایاں ہیں اور پورے پورے دہاڑی باز ہیں لیکن بعض میر کی طرح سادہ ہیں، ایسے ہی شامل باجا ہوجاتے ہیں۔
ایک سوال یہ بھی ہے، حکومت کو آخر پُرامن ریلیوں، جلسے، جلوسوں کو روکنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟ ان سے اس کا کیا سیاسی نقصان ہوا جاتا ہے یا کہیں ساکھ داؤ پر لگی ہے؟ اگر حکومت حفظِ ماتقدم کے طور پر سخت انتظامی ہتھکنڈے بروئے کار لاتی ہے تو وہی ان کے مضمرات کی بھی ذمہ دار ہوگی۔ لگتا ہے کہ کچھ نادیدہ ہاتھ دوطرفہ کھیل کر ساری بازی کسی اور طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ وہ ملک میں ہلّا گلّا چاہتے تھے اور اس ’’سیاسی ہلکم‘‘کے لیے موقع نہیں بلکہ مواقع پیدا کررہے ہیں۔ اس سارےکھیل کو سمجھنے کی کوشش کیجیے۔ اس کی ایک دھندلی تصویر تو 2007 میں جنرل پرویز مشرف کے اقدامات کے خلاف ملک گیر وکلاء تحریک اور اس کے سنگین مضمرات میں دیکھی جاسکتی ہے۔ اس تحریک نے جنرل مشرف کو انتہائی کم زور کردیا اور پھر انھیں بے کسی کے عالم میں مستعفی ہونا پڑا تھا۔ اب کہ جے یوآئی کے کارکنان کو حکومت کی سخت گیری کے نتیجے میں قید وبند کی صعوبتیں جھیلنا پڑتی ہیں اور وہ تو شاید جھیل لیں گے ہی لیکن ذرا ٹھنڈے دل اور دماغ سے غور فرمائیے، اس تحریک سے اصلاً کم زور کون ہوگا؟ نقصان کس کو پہنچے گا؟
اب ذرا 2007 سے اٹھارہ، انیس سال اور پیچھے جائیے۔ 1988 کے بعد وطنِ عزیز میں جاری سیاسی کم جمہوری بندوبست کےچلن کے مطابق ہمارے وزیراعظم سائیں شہباز شریف صاحب کی حکومت کی طبعی مدت پورے ہونے میں چند ماہ ہی باقی ہیں اور لگتا یہ ہے کہ کوئی شیروانی پہننے کے لیے بہت عجلت میں ہے بلکہ اتاولا ہوا جاتا ہے اور اس سے زیادہ اتاولے ’’پب جی کھیل‘‘ کا حصہ پگڑی پکڑ ہمارے صحافی ہوئے جاتے ہیں۔
ایک اور پہلو پر بھی غور فرما لیجیے۔عزیزہم وطنو! ہونے کا علاقائی اور بین الاقوامی سیاست و حالات کے تناظر میں امکان کم ہے، لیکن ہو بھی سکتا ہے اور ہماری ’’رِیت، روایت‘‘ کے عین مطابق نہاں خانے سے کچھ بھی برآمد ہوسکتا ہے۔ یہ اپنا پیارا پاکستان ہے۔ یہاں معین قریشی صاحب ڈھونڈ نکالے جاسکتے ہیں تو کسی اور غیر معروف کے نام لاٹری کیوں نہ نکلے۔ شناختی کارڈ ہم اس کی آمد پر بنوا لیں گے۔
اربابِ اقتدار کو فقط یہ عرض کیے دیتے ہیں، وہ جو صاحب بھی ہوں، ان کے ابّا جان کی قبر پیشگی تلاش کر لیجیو۔ مبادا، میانی صاحب میں مدفون کسی ایسے نامعلوم مرحوم کی لاٹری لگ جائے جس کو اس کے اپنے بھی کب کے فراموش کرچکے ہوں۔
پس تحریر:
مسلم لیگ ن کی محبت میں اپنا شاندار عسکری کیرئیر داؤ پر لگانے والے سائیں میجر عامر صاحب فرماتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ بے تُکی اور بلا جواز چھیڑ چھاڑ کو بلندیوں پرپہنچانے اور ماحول بنانے میں ان دو تین وزراء کا ہاتھ ہے جن کے اسٹیبلشمنٹ میں خود اپنے نمبر کم رہ گئے ہیں اور انھیں چلتا کرنے کی تیاریاں ہیں۔ اب وہ اپنے نمبر بنانے اور اصل حکمرانوں کے ہاں ’’پاس‘‘ ہونے کے چکر میں ہیں۔ گویا وہ خود کو سُرخرو کروانے اور بوٹی کھانے کے لیے حکومت کی پوری گائے ہی ذبح کروانے کے چکر میں ہیں۔ میجر صاحب جہاں دیدہ شخصیت ہیں اور اقتدار کے ایوانوں کے اسرار و رموز ان سے بہتر کون جانتا ہے۔ ان کی بات کا عملی ثبوت یہ ہے اور اسی ان کی صائب رائے کا اندازہ کیجیے کہ مسلم لیگ ن کے کسی سیاسی وزیر، مشیر یا لیڈر نے اس ’’خودتراشیدہ ماحول اور مشق ‘‘کی دامے، درمے، سخنے کسی بھی طرح حمایت نہیں کی بلکہ محاذآرائی کی سیاست کی مخالفت کی ہے جبکہ ’’سیاسی طور پر بے جڑے‘‘ اور شہباز شریف حکومت کو جہیز میں ملنے والے وزیروں، مشیروں کی آنیاں جانیاں دیکھنے والی ہیں اور دیکھتے رہیے۔ شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری کوئی ان سے سیکھے۔کسی نے کیا سیکھنی ہے،حرافہ صحافی بھائی جو موجود ہیں۔









