بحرین کے امریکی اڈے پر ایرانی حملہ

ایرانی حملوں میں امریکی اڈوں پر 200 اہلکار ہلاک یا زخمی، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

·

ایران کی ’سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے جوابی میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم 200 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم 200 فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل آج صبح امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ایران کے بڑے شہروں، جن میں دارالحکومت تہران بھی شامل ہے، کو نشانہ بنایا گیا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے مبینہ میزائل اور جوہری خطرات کے پیش نظر کی گئی۔

دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بڑے پیمانے پر جوابی آپریشن کا اعلان کیا۔ رپورٹس کے مطابق ایران نے میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے جبکہ اسرائیل کے شہر تل ابیب اور اس کے اطراف میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق بحرین، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

تاحال ان حملوں میں جانی و مالی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاسداران انقلاب کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی طاقتور کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلح افواج کی بھرپور اور طاقتور کارروائیاں پہلے سے زیادہ

قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

ایران نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس کے میزائل حملوں میں امریکی

افواج کا جدید A/N FPS-132 Block 5 ریڈار سسٹم تباہ کر دیا گیا، جو قطر میں نصب تھا۔

یہ جدید فیزڈ ارے (Phased-Array) ریڈار سسٹم طویل فاصلے تک نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی رینج تقریباً 5 ہزار کلومیٹر بتائی جاتی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد بیلسٹک میزائلوں کی بروقت نشاندہی کر کے امریکا اور اسرائیل کو پیشگی خبردار کرنا ہے۔

دوسری طرف امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ، یونائیٹڈ سٹیٹس سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا ہےکہ ایرانی حملوں میں 200 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹ کام کے ترجمان نے کہا کہ پاسداران انقلاب کا یہ دعویٰ ’غلط‘ ہے۔

ترجمان کے مطابق ایرانی بیان میں ایک امریکی بحری جہاز کو نقصان پہنچانے کا جو دعویٰ کیا گیا ہے، وہ بھی حقیقت پر مبنی نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جوابی حملوں میں امریکی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم امریکی حکام نے ان الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں