مارک زکربرگ ، بانی فیس بک

سمارٹ ورک اپنائیے، غیرمعمولی نتائج حاصل کیجئے

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

آصفہ عنبرین قاضی :

ہوا اس طرح فاش راز فرنگ
کہ حیرت میں ہے شیشہ باز فرنگ

مجھے نہیں معلوم کب میرا ( فیس بک ) اکائونٹ مستقل بند کر دیا جائے لیکن زندگی سے اتنا تو سیکھا ہے کہ کہاں ڈٹ جانا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ 17 ، 16 مئی کی تحریروں کے بعد آپ نے میرا بھرپور ساتھ دیا۔ جب تک وہ تحریریں فیس بک نے ریموو کیں تیرہ ہزار شئیر ہوچکے تھے۔

اب سوال یہ نہیں کہ فیس بک کو کتنا نقصان پہنچے گا ؟ سوال یہ بھی نہیں کہ ریٹنگ سے کتنا فرق پڑے گا ؟ سوال صرف یہ تھا کہ ہم متحد کتنے ہیں ؟

اس وقت فیس بک کے اچانک انحطاط کی گونج دنیا کے طول و عرض میں سنی جارہی ہے ، بظاہر اس سے کسی کا فائدہ یا نقصان نہ ہو لیکن دنیا پر ظاہر ہو چکا ہے کہ مسلمان ورچوئلی بھی متحد ہو جائیں تو ٹیکنالوجی کے بخیے ادھیڑ سکتے ہیں۔

یہ جو ہماری ہی آستیں کے سانپ طنز سے کہتے ہیں کہ ریٹنگ تو پھر بھی بن جائے گی ۔۔۔۔ تو عرض ہے کہ اس وقت جو دھاک اور خوف ہم نے دنیا پر بٹھایا ہے وہ کم ہونے میں شاید عرصہ لگے۔ ہم کشمیر کے معاملے میں دب گئے ، فرانس کے معاملے میں بے بس ہوئے ، قادیانیت کے معاملے پر کمیونٹی سٹینڈرز آڑے آئے ۔۔۔ لیکن اس بار ہم نے جدید طریقے سے اپنی طاقت منوائی بھارت ذہن میں کشمیر کے معاملے کو لے کر اس نئے طریقے سے خوف زدہ ہوا ہے، فرانس تک لہر گئی ہے، مسلم حکمرانوں کو امہ کی طاقت کا اندازہ ہوا ہے۔ یہ اندازہ ہوا کہ ہم سمارٹ ورک کرکے ان کے دماغ کی چولیں ہلا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے
ایک آئیڈیا ، جس نے فیس بک کو دھول چٹا دی

ہمیں بس ایک راہ مل گئی ہے، سرا ہاتھ آ گیا ہے ۔ اور آپ دیکھیے گا آنے والے وقت میں یہ کتنا بڑا ہتھیار ثابت ہوگا۔ بس اس زنجیر کو توڑنا نہیں ہے، میرا اکاونٹ بلاک بھی ہو گیا تو جہاں تک آپ کی پہنچ ہے ، پیغام پہنچائیے۔ کم ریٹینگ سے بھارتی عوام اب مقابلے میں آئے گی لیکن آپ نے ریٹنگ کنٹرول میں رکھنی ہے جب تک فیس بک مسلمانوں کے لیے اپنی پالیسی نرم نہیں کرتا۔ ہمیں اس سے بھی غرض نہیں کہ ریٹنگ گرنے سے سٹاک مارکیٹ میں کل فیس بک کو ستاسی کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچا ۔

ہمیں اپنی طاقت اور یکجہتی دکھانا تھی اور وہ سب کو نظر آ گئی۔ گوگل پلے سٹور کی پالیسی ہے کہ جس ایپلیکیشن کی ریٹنگ 1.5 ہو جاتی ہے اسے ہٹا دیا جاتا ہے ۔ ایک وقت آئے گا جب ہم میں سے کوئی ذہین ترین اور قابل مسلمان اپنا سرچ انجن اور سوشل میڈیا ایپ بنائے گا۔ اور انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں۔
آپ اس پوسٹ کو بطور سند سنبھا ل لییجے۔

میری تمام ” نیوٹرل “ مسلمانوں سے گزارش ہے کہ آپ اگر ساتھ نہیں دے سکتے تو منفی انداز بھی نہ اپنائیں۔ یقین کیجیے اس سے پہلے یہ اتحاد کبھی نظر نہ آیا تھا۔ پام کے پیڑوں والا دیس خون میں تو نہا گیا لیکن ہمیں جگا گیا ۔ اور ہم جاگتے رہیں گے ۔ ہو سکتا ہے سحر قریب ہو ! ڈیڑھ ارب مسلمان اب ابابیلوں کے منتظر نہیں یہ خود جھپٹنا سیکھیں گے۔

اٹھا ساقیا پردہ اس راز سے
لڑا دے ممولے کو شہباز سے


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں