بلیک ہول

بلیک ہول: نئی اردو کہانی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نصرت یوسف۔۔۔۔۔۔
وہ پیدا ہوئی تو باپ نے ساتویں دن عقیقہ کے گوشت کے ساتھ مٹھائی رج کے بانٹی، چپکے سے بیوی کو لفافہ تھمایا، جس کے اندر زمرد اور پنہ کی مالا تھی۔

ماں نے اپنے لہو اور جذبات سے بنی قدرتی غذا کے لیے اس کے کومل سے وجود کو اپنے سے لپٹالیا، وہ چاہتی تھی کہ ہر قطرے کے ساتھ زندگی کا سبق اس کو اس دنیا میں آتے ہی سنا دے… وہ چاہتی تھی وہ اس کو بتادے کہ وہ ایک عورت بنائی گئی ہے، ایسے معاشرے کی عورت جہاں خوش قسمتی سے وہ باپ کی شہزادی تو بن گئی ہے لیکن برسوں بعد جب وہ کسی شہزادی کو جنم دے گی تو اس کا ملکہ ہونا ضروری نہیں،

جیسے اس کی ماں کے ساتھ ہوا۔ گو وہ اپنے باپ کی شہزادی نہ تھیں لیکن باپ نے انہیں باندی جیسا بھی نہ رکھا ، اچھا کھلایا، پہنایا، پڑھایا لیکن جب جیون ساتھی دینے کا وقت آیا تو باپ کا شملہ، وہاں ٹہرا جہاں طلائی زیورات، جائیدادوں کی کثرت تلے عورت کا ہر جذبہ مارنا شان سمجھی جاتی تھی۔

اب تک وہ باندی نہ تھیں لیکن” قبول ہے "کہتے وہ خوب روئیں، اور کیوں نہ روتی‍ں، شملہ برداروں نے پر ایسے کترے تھے کہ شاید ہی کبھی وہ آکاش پر نگاہیں جما سکتیں۔ وہ اپنی ماں سے پوچھ بیٹھیں "ایسا کیوں کیا میرے ساتھ؟”

ماں، میاں کے ملبوسات اور خوشبویات کو ترتیب دیتے اس کی طلائی زیورات کی کھنکھناہٹ سنتے بولی، "ایسا کیا ظلم کیا، عورت تو بڑی لچکیلی رب نے بنائی ، راجہ کے گھر بھیجا ہے، رانی بنا کر رکھے گا”

زخمی مسکراہٹ اس کے لبوں پر آگئی … رب کا ذکر کر کے ماں نے اس کو مزید شکوہ زبان پر لانے سے روک دیا.. زبان پر نہ آیا تو قطرے زہر مانند بنتے ، اندر اندر ٹپکتے گۓ، وہ دکھانا چاہتی تھیں دل میں چھالے ہیں بالکل ایسے جیسے گرم تیل سے بن جاتے ہیں۔

وہ دکھانا چاہتی تھی کہ روح میں طعنہ اور خوف سے سوراخ بن گئے ہیں جو خوشی ٹکنے نہیں دیتے۔
دنیا کہتی راجہ کے ساتھ رانی ہے، کوئی نہیں جانا’ ر’ راجہ کا تھا اور "انی” اس کی تھی.
راجہ کے لیے زیادتی کرنا جائز ، رانی کے لیۓ برداشت کا قانون بنادیا…

” دو اور لڑکیاں باقی ہیں ان کی بھی بارات بلانی ہے ، اگر اس کے ہی شکوے سنتے رہے تو بقیہ بھی یہ ہی سیکھ کر منہ کو آئیں گی”
ماں ،باپ سے کہہ رہی تھی.. اس آواز کی گونج نے اس بیاہی میں بلیک ہول بنا دیا ۔

اور بلیک ہول ہر روشنی نگل جاتا ہے، اس میں بھی اب کوئی شرارہ نہ چمکتا … سیارے گردش کرتے ستارے آس پاس دمکتے، لیکن سب کو بلیک ہول کھینچ لیتا…
باقی کیا بچا؟
خوبصورت لبوں تلے منجمد مسکراہٹ اور انی سے بنے قوس اور دائرے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں