ہینڈ سینیٹائزر

کرونا وائرس سے بچائو، ہینڈ سینیٹائزر گھر میں‌کیسے تیار کریں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ابن فاضل:
موجودہ صورتحال میں ہینڈ سینیٹائزر کی ضرورت اور اہمیت بہت بڑھ گئی ہے. تقریباً ہر چھوٹے بڑے سٹور پر اس کی عدم دستیابی کی اطلاعات ہیں. ایسے میں اگر تھوڑا بہت علم رکھنے والے دوست اپنے خاندان اور حلقہ احباب کیلئے خود بنانا چاہیں. تو ان کی راہنمائی کے لئے چند گذارشات پیش خدمت ہیں. بنیادی طور پر تین اجزاء ہوتے ہیں:

1: الکحل جس کا کام جراثیم کا خاتمہ ہے. اس کا تناسب کم از کم ساٹھ فیصد ہونا چاہیے. اس سے کم مقدار میں اثر پذیری مشکوک رہے گی. الکحل میں آئسوپروپائل الکحل IPA یا ایتھینول یا دونوں کا مجموعہ استعمال کیا جاسکتا ہے.

2:الکحل چونکہ بہت پتلا اور انتہائی وولاٹائیل یعنی جلد اڑنے والا اور جلد آگ پکڑنے والا کیمیائی مرکب ہے، اس لیے اسے اڑنے اور آگ سے بچانے کیلئے اس میں کم از کم ایک گاڑھا کرنے والا مرکب ڈالنا ہوتا ہے جو اسے جیل gel کی شکل دیدے.

یوں تو بہت مرکبات اس مقصد کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں مگر پاکستان میں کاربوپال بآسانی دستیاب ہے. اس کی مقدار حسب ضرورت ایک چوتھائی سے ایک فیصد تک رکھی جاتی ہے.

3:الکحل چونکہ چکنائی اور تیل وغیرہ کو جلد حل کرلیتا ہے اس لیے اس کے استعمال سے جلد بہت خشک ہوجاتی ہے. اس مسئلہ کے حل کیلئے اس میں جلد کو ملائم کرنے والے کیمیکل بھی ملانا ضروری ہے. اس مقصد کیلئے گلیسرین، پولی پراپلین گلائیکول یا آئی پی ایم میں سے کوئی ایک یا تینوں ملائے جاسکتے ہیں. اس کے علاوہ جلد کی مزید حفاظت یا خوبصورتی کیلئے کوارگم اور وٹامن ای وغیرہ بھی شامل کیے جاسکتے ہیں.

4: خوشبو اور رنگ حسبِ منشاء

سب سے پہلے تین سو ملی لیٹر پانی میں تین سے چار گرام کاربوپال ڈال کر ایک گھنٹے تک دو پروں والے مکسر سے کم چکروں پر مکس کریں. پھر الکحل اور دیگر اجزاء ملا کردس منٹ تک مکس کرلیں. سینیٹائزر تیار ہے.

اگر بہت شفاف نہیں چاہیے تو کاربوپال کی جگہ کارباکسی میتھائل سیلولوز یا زینتھین گم بھی استعمال کی جاسکتی ہے. اس سے تھوڑا سا کم شفاف بنے گا مگر افادیت میں ہرگز کوئی فرق نہیں.

مندرجہ بالا سب اشیاء لاہور میں شاہ عالم مارکیٹ اور کراچی میں غالباً جوڑیا بازار سے مل جاتی ہیں. بہت زیادہ طلب کی وجہ سے دکانداروں نے نرخ کئی گنا بڑھا دیے ہیں. مگر پھر بھی بہت عمدہ معیار کے ہینڈ سینیٹائزر کی قیمت چار سو روپے فی کلو تک پڑے گی. جبکہ بازار میں اسوقت سو ملی لیٹر والی بوتل تین سو کی فروخت ہورہی ہے.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

2 پر “کرونا وائرس سے بچائو، ہینڈ سینیٹائزر گھر میں‌کیسے تیار کریں؟” جوابات

  1. ھنادی Avatar
    ھنادی

    اس میں استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمت بھی بتائیں۔

  2. ہنادی Avatar
    ہنادی

    اس سے بھی آسان یہ ہے کہ ایک لٹر پانی میں ایک کھانے کا چمچ نمک ملا آکر جسم کے کھلے حصوں پر ملتے رہیں۔ اور خود خشک ہونے دیں تولیہ وغیرہ استعمال نہ کریں۔ اوسموسیس ۔ پانی خشک ہو جائے گا اور نمک سکن پر رہ جائے گا جو کہ جراثیم کش ہے۔