فیصلے دل کے ( اردو افسانوں کا مجموعہ )

فیصلے دل کے ( افسانے )

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نام : فیصلے دل کے ( افسانے )
مصنفہ : ڈاکٹر خولہ علوی
قیمت :500 روپے
ناشر : دارالحدیث الجامعہ الکمالیہ ، راجووال ، ضلع اوکاڑہ ( رابطہ نمبر : 03024900744)

فیصلے دل کے ، اردو افسانوں کا مجموعہ

زیرنظر کتاب مصنفہ کے چھبیس افسانوں کا مجموعہ ہے۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں ، تدریس و تربیت ان کا ہمہ وقت شعبہ ہے۔ داعیہ ہیں ، اس لئے انسان ان کا بنیادی موضوع ہے۔ اس تناظر میں مختلف معاشرتی و خاندانی مسائل ، گھریلو زندگی کی پریشانیاں ، خواتین کے معاملات ، ملک و ملت سے محبت ذیلی موضوعات ہیں ۔ اس اعتبار سے کہنے کی ضرورت نہیں کہ وہ اصلاحی ادب تخلیق کر رہی ہیں۔

دنیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جو اصلاحی ادب کو ادب ہی نہیں مانتے حالانکہ وہ خود جو تفریحی ادب تخلیق کرتے ہیں ، وہ بھی کسی نہ کسی مقصد کے حصول کی خاطر ہی ہوتا ہے ۔ وہ بھی کسی نہ کسی چیز کی اصلاح کرتے ہیں ۔ دیکھ لیجئے ایسے بڑے بڑے ادیبوں کا کام ، چاہے وہ روسی ہوں یا مغربی یا پھر برصغیر کے ” ترقی پسند “ ادیب ۔ وہ اپنے نظریات کی ترویج کرتے ہیں۔

اردو زبان میں اور بھی کئی کہانی کار ہیں جو اصلاحی کہانیاں لکھ رہے ہیں ، تاہم ڈاکٹر خولہ علوی کا انداز منفرد ہے۔ ان کے لکھے افسانے پڑھ کر دنیا کی مختلف زبانوں کے کلاسیکی ادب میں شامل افسانے یاد آتے ہیں۔ یہ افسانے مکالمے کے انداز میں لکھے گئے ہیں جو بہ آسانی اذہان و قلوب میں اترتے چلے جاتے ہیں۔

صرف بڑے ہی نہیں کم عمر ، کم پڑھے لکھے لوگ بھی یہ کہانیاں خوب سمجھ سکتے ہیں۔ آج کی مائیں اور بیٹیاں ان کہانیوں کو ضرور پڑھیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہر گھر کی لائبریری میں اس کتاب کا شامل ہونا ازحد ضروری ہے۔ ( تبصرہ نگار : عبید اللہ عابد )


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں