شہر زاد عالم ، ظروف ساز

شہر زاد عالم : معروف ظروف ساز (potter) بھی چلی گئیں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

محمود الحسن

معروف ظروف ساز (potter) شہر زاد عالم بھی چلی گئیں ۔ نہایت مہذب اور منکسرالمزاج خاتون تھیں ۔ شائستہ آدمی کی کہیں یہ تعریف پڑھی تھی کہ وہ اپنے منہ میاں مٹھو کبھی نہیں بنتا، شائستگی کے اس معیار پر شہرزاد عالم بھی پورا اترتی تھیں ۔ انھیں علم تھا کہ’ ثنائے خود بخود گفتن نزیبد ‘1999 میں ایک شقی القلب نےان کے شوہر اور ممتاز مصور ظہور الاخلاق اور ان کی بیٹی جہاں آرا کو قتل کردیا تو ان کی دنیا اجڑ گئی ۔ اس درد کا درماں نہیں تھا لیکن اس باہمت خاتون نے رفتہ رفتہ خود کو سنبھالا کہ زندگی تو کاٹنی ہی پڑتی ہے۔

معروف ادیب اور نقاد آصف فرخی کے بقول ’’شہر زاد نے بڑی مشکل سے اپنے آپ کو سنبھال لیا ہے ورنہ ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو اس سانحے کے بعد بکھر کر رہ جاتا ۔ یہ تو خیر ان کا انفرادی مسئلہ ہے لیکن عشق اور فن کے ان دو پیکروں کا یہ انجام ، ہمارے معاشرے کے اجتماعی چہرے کا بھیانک اور مکروہ رخ سامنے لاتا ہے ۔‘‘۔۔۔

شہر زاد عالم ، ظروف ساز

دس سال پہلے روزنامہ ” ایکسپریس ” کے لیے میں نے ان کا جو انٹرویو کیا اس میں سے وہ حصہ نقل کررہا ہوں جس میں انھوں نے مٹی کے بارے میں گفتگو کی تھی :

میرے لیے مٹی صرف مٹی نہیں ہے بلکہ ایک عمل بھی ہے ۔ کچھ عرصہ مٹی سے کام کریں تو وہ آپ کو سمجھنے لگتی ہے ، بولنے لگتی ہے ۔ مٹی نے مجھے صبر، دوستی، وفا ، سچائی ، کسی کا خیال رکھنا ، الغرض بہت کچھ سکھایا ۔ ایک تو ہم دین سے سیکھتے ہیں ۔ دوسرے ہم والدین اور اردگرد کے ماحول سے سیکھتے ہیں ۔ مٹی سے کام کے لیے مٹی ہونا پڑتا ہے ۔ مٹی استاد بھی ہے، کیوں کہ یہ بھی آپ کا امتحان لیتی رہتی ہے۔مثلاً،آپ نے کتنی مٹی مَلی ہے ، اس سے چیز کتنی خوب صورت بنی ہے ۔ اسے کیسے پکایا گیا ہے ۔ رنگ کون سا استعمال کرنا ہے ۔

شہر زاد عالم ، ظروف ساز

احمد جاوید صاحب کی اس بات پر کہ مٹی کائنات کی ماں ہے ، میرا ایمان ہے ۔ ہم اپنے کام کے لیے مٹی اٹھاتے ہیں تو اس میں کثافتیں ہوتی ہیں ، مٹی کو خشک کرتے ہیں ، پھر پانی میں ڈال کر اسے چھانتے ہیں ۔ چھن جاتی ہے تو اب وہ تیاری کے پہلے قدم کے طور پرآپ کے پاس موجود ہے ۔ چھاننے کے لیے تو وہ آپ کے پاس مائع شکل میں ہوتی ہے ۔ پھر اسے سخت کیا جاتاہے ، اور دھوپ میں اسے کریکس پڑنے لگتے ہیں تو اس کو جما کر گیند جیسی گول شکل دی جاتی ہے ۔

تازی مٹی اس لیے استعمال نہیں کرتے کہ اس میں لچک اور ملائمت نہیں ہوتی ، جس کی وجہ سے وہ زیادہ دیر ٹھہرنہیں سکتی ۔ مٹی جتنی زیادہ پرانی ہوگی ، اتنی ہی ہمارے لیے سونا بن جاتی ہے ۔ ظروف بنانے کے لیے مٹی کا اچھا چھنا ہونا ضروری ہے ۔ دوسرے مٹی مَلنے کے بعد کتنی دیر بیٹھی رہی ہے، خشک صورت میں نہیں بلکہ گیلی صورت میں ۔

شہر زاد عالم ، ظروف ساز

چھنائی اور ملنے کے بعد مرحلہ آتا ہے اسے چاک پر گھمانے کا ۔ اس کے بعد ہم اسے شکل دے کر بنانا شروع کر دیتے ہیں ۔ یہ ظروف سازی میں ضروری چیزیں ہیں ۔ مجھے ظروف کی نیچے سے گول ساخت پسند ہے ، بعض لوگ نیچے سے چوڑی ساخت رکھتے ہیں۔

شہر زاد عالم ، ظروف ساز

ظروف سازی کے کام میں آگ ، پانی ، مٹی اور ہوا، بنیادی عنصر ہوتے ہیں ۔ انسان کے لیے بھی چاروں ناگزیر ہیں ۔ مٹی سے ہم بنتے ہیں، مٹی سے ظروف بنتاہے ۔ پانی ہمارے لیے ضروری ہے ، ظروف سازی کا کام اس کے بغیر نہیں ہوسکتا ۔ آگ ہمارے لیے بھی ضروری ہے اور اس کام کے لیے بھی ۔

ظروف آگ میں پکتا ہے ۔ اس کو بھٹی میں ڈال کربند کردیتے ہیں ۔ اب صرف ظروف ہی اندر نہیں ہوتا، آپ بھی اندر ہوتے ہیں ۔ جب تک وہ باہر نہیں آجاتا، آپ کی جان پھنسی رہتی ہے ۔ کبھی آپ سوچتے ہیں ، اب یہ درجہ حرارت ہوگیا ہوگا ۔ اب لال ہوگئے ہوں گے ۔ اب ان کی مٹی پگھل رہی ہوگی ۔ بھٹی میں جتنی دیر وہ رہے گا ، ایک عجب بیقراری سی رہے گی ۔ کبھی یہ سوچ کے آگ زیادہ ہونے سے کہیں ٹوٹ نہ جائیں اورکبھی یہ کہ زیادہ دیر نہ ہوجائے ۔

مطلوبہ حرارت کے بغیر ظروف درست طور پر تیار نہیں ہوتا ، اس لیے آگ بند کرنے کے سلسلے میں ٹائمنگ کا بڑا حساب رکھنا پڑتا ہے۔ ہوا کے بغیرظروف سوکھ نہیں سکتا ۔ ہوا زیادہ لگ جائے تو پھر اسے گیلا کرنا پڑتا ہے ۔ مٹی سے کام کرنے والے سبھی موسم سے بہت زیادہ جڑے ہوتے ہیں ۔ بادل آجائیں تو ہم پریشان ہو جاتے ہیں، اور ہمیں فوراً اپنی چیزوں کی پڑ جاتی ہے ۔

نمی کا موسم کام کے لیے ٹھیک نہیں ۔ میری کوشش ہوتی ہے ، ستمبر، اکتوبراور نومبر میں نمونے کی بنت اور صورت گری ختم ہوجائے۔دسمبر اور جنوری میں جب ٹھنڈ ہوجاتی ہے تو فائرنگ کرتی ہوں ۔ ہمارے کام میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ بھٹی جس میں آپ ظروف کو پکارہے ہیں، وہ بیٹھ جاتی ہے، اور سارے کئے کرائے پر پانی پھر جاتاہے مگر یہ سب کام کا حصہ ہے اور اسے قبول کرتے ہی بنتی ہے۔

ظروف سازی

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں