تزئین حسن، صحافی، تجزیہ نگار، مصنف

سوشل میڈیا کے امیر ترین لوگ کسی بھی وقت آپ سے رابطہ کرسکتے ہیں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

تزئین حسن۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ چند ماہ پہلے کی بات ہے، ایک نئے فیس بک کونٹیکٹ نے مجھے چیٹ میں میسیج بھیجا۔ اپنے بارے میں بتاتے ہوئے اس کا کہنا تھا کہ وہ کسی عرب ملک میں رہائش پذیر ہے، اس کے والد کا تعلق کسی عرب ملک سے ہے اور والدہ کا پاکستان کے شمالی علاقے سے۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ امریکا سے ایروناٹیکل انجینئرنگ میں فارغ التحصیل ہے۔ میں نے پروفائل چیک کی تو غیرمعمولی خوبصورت اور خوش لباس نوجوان کے پروفائل میں تعلیم نیوزی لینڈ کی لکھی تھی۔ مہنگے ہوٹلوں میں تصاویر موجود تھیں مگر فرینڈ لسٹ نظر نہیں آرہی تھی۔ مشترکہ دوستوں میں ایمن مصفی بہاولپور سے ہماری ایک دوست، جو چولستان میں واٹر پمپس انسٹال کررہی ہیں، وہ موجود تھیں۔ آج ان سے بات چیت کے بعد ہی یہ کالم تحریر کررہی ہوں۔

اس پس منظر کے کسی فرد نے پہلی بار رابطہ نہیں کیا، انٹرنیٹ پر کچھ لوگ ایسے دعوے کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کیا مقصد ہوتا ہے؟ اس پر ابھی آتے ہیں۔ میں نے چند سوال اس سے کیے اور مجھے محسوس ہوا کہ یہ فیک پروفائل ہے۔

ہوسکتا ہے ایسا نہ ہو لیکن تقریباً ایسے ہی بائیو ڈیٹا کا دعویٰ کرنے والے ایک نوجوان نے دو تین ہفتوں پہلے رابطہ کیا۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ ترکی کا شہری ہے۔ میرے استفسار پر کہ اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی کیسے اس کے پروفائل پر موجود ہیں، اس کا کہنا تھا کہ اس کے والد کا تعلق بلوچستان سے اور والدہ کا ترکی سے ہے۔

والد فارن سروس میں تھے۔ والدہ اور والد کی قطر میں ملاقات ہوئی۔ یہ خود قطر میں پیدا ہوا اور امریکا میں تعلیم حاصل کی اور قطر میں ہی ملازمت کرتا ہے۔ ’’فرام استنبول‘‘ پروفائل کی ہیڈ لائن میں موجود تھا لیکن اس کے بیان کے مطابق اس کی ساری زندگی قطر اور امریکا میں گزری تھی۔ ایسے ہی جو عمر وہ بتا رہا تھا وہ پروفائل میں موجود عمر سے میچ نہیں کر رہی تھی۔ میں نے پروفائل چیک کی تو اس کے کچھ اور دعوے بھی پروفائل سے میچ نہیں کر رہے تھے۔

اس جھوٹے کو گھر تک پہنچایا تو وہ صرف یہ ماننے پر راضی ہوا کہ تصویر اس نے پروفائل پر غلط لگا رکھی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ تصویر تو سب غلط لگاتے ہیں۔ جھوٹ کھل جانے پر بجائے شرمندگی پر وہ مجھ پر طنز کرنے لگا کہ آپ اتنی بڑی صحافی ہیں،

آپ کو اتنا ٹائم کیسے مل جاتا ہے کہ آپ لوگوں کے پروفائل چیک کریں اور ان کے بیانات کے تضادات کی نشاندہی کریں؟ مطلب قصور میرا تھا کہ میں نے اس کی باتوں پر یقین کرنے کے بجائے اس کے بیانات اور پروفائل کا تقابل کیوں کیا۔

میں اس بلاگ میں صرف یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنے بچوں اور بچیوں کو سمجھائیے کہ فیس بک پر کسی کو بھی اس تصدیق کے بغیر ایڈ نہ کریں کہ پروفائل فیک تو نہیں۔ ایسی پرکشش اور جاذب نظر پروفائل کو خصوصاً ذرا آنکھیں کھول کر دیکھیے جن کی ساری زندگی ملک سے باہر گزری ہے اور وہ امریکا یا کسی دوسرے ترقی یافتہ مغربی ملک میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کسی عرب ملک میں پرکشش ملازمت کر رہے ہیں؛

لیکن اس کے باوجود آپ کی فرینڈ لسٹ میں ایڈ ہونے اور آپ سے چیٹ کرنے کےلیے بھی مرے جارہے ہیں۔ ان کی پروفائل پر ذرا یہ چیک کیجیے کہ جس پس منظر کا یہ دعویٰ کرتے ہیں، کیا ان کی تصویروں پر جو لاتعداد تبصرے موجود ہیں، وہ اسی پس منظر کے لوگوں کے ہیں؟

یہ لوگ عام پاکستانی لڑکیوں کو اپنی خوش شکل اور خوشحال بیک گراؤنڈ سے کس طرح بیوقوف بناسکتے ہوں گے؟ تھوڑا سا غور کرنے سے یہ بات سمجھ میں آسکتی ہے۔ آج کل انٹرنیٹ پر تصاویر اور ویڈیوز کا حصول کتنا آسان ہے، یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

کسی خوبرو خوشحال لڑکے کےلیے انٹرنیٹ پر ایسی کہانیوں کے ذریعے کسی سے بھی کیا کیا کروا لینا ممکن ہے، یہ بات بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔

اور صرف لڑکیوں کو بیوقوف بنانے کا مسئلہ نہیں۔ کوئی دو سال قبل مجھے پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے بتایا کہ مراکش سے ایک لڑکی نے اس سے رابطہ کیا اور کوئی نازیبا ویڈیو بنا کر اب اس گروہ کے لوگ اس سے دو ہزار ڈالر مانگ رہے ہیں۔

یاد رکھیے کہ ایسے گروہ یا مافیا بہت پلاننگ کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ یہ مہینوں اور کبھی کبھی برسوں دوستیاں نباہتے ہیں۔ ان کے پاس سیکڑوں اکاؤنٹس ہوتے ہیں جو ایک دوسرے کی پوسٹس پر تبصرے دیتے ہیں۔ یہ لوگوں کی جھوٹی تصاویر بڑی تعداد میں لگاتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایسی اسلامی اور قومی پوسٹس بہت بڑی تعداد میں ڈالتے ہیں جن سے ان کے دین اور پاکستان سے خلوص و محبت کا اظہار ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ خوبصورت خواتین کی تصاویر بھی کبھی کبھار مختلف اینگلز سے موجود ہوتی ہیں جو پاکستانی، مسلمان بلکہ دنیا کی کوئی بھی شریف خاتون کبھی خود ڈالنا نہ چاہیں۔

سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی تعلیم آج کی اہم ضرورت ہے۔ اپنے بچوں اور بچیوں کو ابتدائی عمر سے ایسے لوگوں کے بارے میں تعلیم دیجیے۔ اسکولوں میں بھی ہمیں بچوں کو یہ شعور دینے کی کوشش کرنی چاہیے کہ انٹرنیٹ کا ذمے دارانہ استعمال کیسے ممکن ہے۔

خدارا سوشل میڈیا کو برا بھلا کہنا بند کیجیے، اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ سوشل میڈیا کی ذمے دارانہ تعلیم آج کی اہم ضرورت ہے۔ اسے اسکولوں میں رائج کرنے کےلیے مہم چلائیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تزئین حسن ہارورڈ یونیورسٹی امریکا میں صحافت کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ انکے مضامین پاکستان سمیت شمالی امریکا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے اخبارات و جرائد میں چھپتے رہے ہیں۔ تعلیم، بین الاقوامی سیاست، حقوق نسواں، میڈیا اور بہت سے دوسرے موضوعات پر مستقل لکھتی ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں