13 reasons why

13 Reasons Why ۔۔۔۔ یہ ڈرامہ سیریل دیکھنا کیوں ضروری ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فِلا فطین

یہ سیریز سردیوں میں دیکھنی شروع کی تھی اور بس پہلا سیزن ہی دیکھ سکی تھی. جب ختم کیا تو ری ویو لکھنے کا دل چاہا لیکن یوں لگ رہا تھا کہ الفاظ سارے ختم ہو گئے ہیں. اس لیے چاہنے کے باوجود نہیں لکھ پائی.

یہ ایک ہائی سکول کی طالبہ ، حنہ کی کہانی ہے جو خودکشی کر لیتی ہے. خودکشی سے پہلے وہ تیرہ ٹیپس میں ریکارڈنگ کرتی ہے جو اس کی خودکشی کی وجوہات پر مبنی ہوتی ہے. ہر ریکارڈنگ ایک شخص کے بارے میں ہے. اور اس طرح سے تیرہ لوگ اس کی خودکشی کا باعث بنتے ہیں.

یہ سیزن بھی تیرہ قسطوں پر مشتمل ہے. ہر قسط میں ایک نئے فرد کی کہانی اور حنہ کے ساتھ اس کے معاملات کو فلمایا گیا ہے. یوں یہ سیزن تقریباً ماضی اور حال کا ایک مرکب ہے.

ان وجوہات میں جب ہم دیکھتے ہیں تو کئی جگہوں پر اپنا آپ مجرم محسوس ہوتا ہے. کہیں حنہ کو bully کرنے میں اپنا آپ دکھتا ہے. کہیں مطلبی اور بے حس دوستوں میں اپنی ذات نظر آتی ہے. اور کہیں بے توجہی اور لاتعلقی سے ایک خودکشی پر آمادہ مریض کو سنتے ہوئے سکول انتظامیہ میں اپنی جھلک نظر آتی ہے.

ہم لوگ دوسروں کے ساتھ غلط کرتے ہوئے خود کو ڈھیروں مارجن دیتے ہیں کہ ہم تو کبھی کسی کے ساتھ غلط کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے. اور اس کے باوجود کچھ لوگوں پر زندگی ایسی تنگ کر دیتے ہیں کہ انہیں زندگی سے فرار کے علاوہ کوئی راستہ نہیں سوجھتا.

مجھے لگتا ہے یہ سیریز ہم لوگوں کو دیکھنی چاہیے.

طلبہ و طالبات کو، تاکہ وہ جان سکیں کہ ان کا بولا گیا ایک ایک لفظ اور ایک معمولی سا عمل بھی کسی کی زندگی کیسے برباد کر سکتا ہے.

والدین کو، تاکہ وہ اپنے بچے کی صورتحال سمجھ سکیں. مستقل سکول میں رابطہ رکھ کر اپنے بچوں کی ذہنی صحت کی رپورٹ لیتے رہیں اور انہیں بعد میں نہ پچھتانا پڑے.

اساتذہ کو، تاکہ وہ bullying کے نِت نئے ایجاد ہونے والے طریقوں کو سمجھ سکیں. اور سٹوڈنٹس میں اس کی روک تھام کے لئے کچھ کر سکیں.

ایک بات بس یہ کہ سیزنز میں ہالی ووڈ اپنا کلچر بڑے خالص فارم میں دکھا دیتا ہے. اس لئے اگر پہلی دفعہ کچھ دیکھنا ہے، یا ہالی وڈ دیکھنے کی عادت نہیں تو اس سے آغاز مت کریں.. چند ایک مزید موویز دیکھنے کے بعد پھر اسے دیکھیں.

نیٹ فلیکس پر مل جائے گی. ٹورنٹ پر بھی ڈاؤنلوڈ ہو جائے گی.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں