Angelina Jolie and Gaza Child

اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ بحران پر دل دہلا دینے والا خط شیئر کر دیا

·

ہالی ووڈ اداکارہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن انجلینا جولی نے ایک بار پھر غزہ میں جاری انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ مبذول کرا دی ہے۔

اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک 26 سالہ خاتون کا جذباتی خط شیئر کیا، جس میں جنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کو بیان کیا گیا ہے۔

خط لکھنے والی خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے والد کو توپ خانے کے حملے میں کھو چکی ہیں اور اب اپنے مفلوج جڑواں بہن/بھائی اور دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ ایک خیمے میں زندگی گزار رہی ہیں۔

انجلینا جولی نے لکھا:
“انہوں نے مجھے بتایا کہ ان کی اور ان کے خاندان کی روزمرہ زندگی کیسی ہے۔ میں یہ شیئر کرنا چاہتی تھی، کیونکہ ان کی حقیقت اب بھی جاری ہے، چاہے دنیا کی توجہ کہیں اور کیوں نہ چلی جائے۔”

خط میں غزہ کی صورتحال کو انتہائی تکلیف دہ انداز میں بیان کیا گیا:

“پہلے ہمیں لگتا تھا کہ نقصان یا موت سب سے مشکل چیز ہے، لیکن اس جنگ میں ہم نے جانا کہ موت سے بھی بدتر کچھ ہے… وہ ہے زندہ رہنا مگر روح کے بغیر، ایسے بوجھ کے ساتھ جو تباہ شدہ شہروں کے ملبے جتنا بھاری ہو۔”

خط میں روزمرہ مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پانی حاصل کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، خوراک کے لیے خیراتی مراکز پر طویل قطاریں لگتی ہیں، تعلیمی نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے۔

اداکارہ پینیلوپ کروز بھی غزہ جنگ بندی کے حق میں کھڑی ہوگئیں

آسکر 2026 : تقریب میں فلسطین کے حق میں آواز بلند ہوگئی

’فلسطین ایکشن‘ کی حمایت پر برطانوی حکومت کی معروف ناول نگار سیلی رونی کو دھمکیاں

شروتی کمار بہت سے مسلمانوں سے کیوں اچھی ہیں؟

خط کے مطابق:

“بہت سے بچے اسکول کو بھول چکے ہیں، یہاں تک کہ قلم پکڑنا یا کاپی میں رنگ بھرنا بھی یاد نہیں رہا۔ ان کے خواب اب صرف ایک لیٹر پانی یا ایک پلیٹ کھانے تک محدود ہو گئے ہیں۔”

خاتون نے مزید بتایا کہ آگ اور زہریلی گیسوں سے صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ ہسپتال تباہ یا غیر فعال ہو چکے ہیں۔ ادویات کی شدید کمی ہے۔ بجلی اور کھانا پکانے کے ایندھن کی قلت ہے۔

تمام تر مشکلات کے باوجود خط کے آخر میں امید کا پیغام دیا گیا:

“غزہ کے لوگ اب بھی زندگی اور خوشی کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اب بھی ایک بہتر اور خوبصورت مستقبل کی امید رکھتے ہیں۔”

اداکارہ انجلینا جولی کی جانب سے یہ خط شیئر کیے جانے کے بعد ایک بار پھر غزہ میں جاری انسانی بحران عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں لاکھوں افراد بنیادی سہولیات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں